کراچی کے علاقے کورنگی میں واقع اراکان آباد کی گلیوں میں بچوں کی کرکٹ جاری ہے، بازار میں خریداروں کا رش ہے، ایک ہوٹل پر بزرگ بیٹھے گفتگو کر رہے ہیں اور آبادی میں روزمرہ زندگی معمول کے مطابق گزر رہی ہے۔
اسی آبادی کے ایک مدرسے میں بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ بظاہر یہ ایک عام دن ہے، لیکن یہاں آباد کئی خاندانوں کی تاریخ ہزاروں کلومیٹر دور میانمار کے علاقے اراکان سے جڑی ہوئی ہے۔
یہ روہنگیا مسلمان ہیں، جن کے آباؤ اجداد کئی دہائیاں قبل میانمار میں تشدد اور مظالم کے باعث اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے اور بعد میں کراچی میں آباد ہو گئے۔ کراچی میں جہاں روہنگیا خاندان آباد ہیں اس علاقے کو بھی اراکان آباد کا نام دیا گیا ہے۔
19 نومبر 2026 کو عالمی عدالت انصاف نے گیمبیا کی جانب سے میانمار کے خلاف دائر مقدمے میں فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ 2017 کی فوجی کارروائیوں کے دوران میانمار نے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی۔
عدالتی فیصلے کے بعد روہنگیا کمیونٹی میں انصاف کے حصول اور اپنے آبائی علاقوں میں محفوظ واپسی کی امید ایک بار پھر پیدا ہوئی ہے۔
پاکستان میں روہنگیا کمیونٹی کی مجموعی آبادی کے مستند سرکاری اعدادوشمار دستیاب نہیں۔ تاہم طبی امدادی تنظیم ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز (ایم ایس ایف) کی 2024 کی رپورٹ ’بی ہائنڈ دی وائر‘ کے مطابق پاکستان میں روہنگیا مسلمانوں کی تعداد کا تخمینہ تقریباً چار لاکھ لگایا گیا ہے۔
تاہم یہ تعداد سرکاری مردم شماری کے اعدادوشمار پر مبنی نہیں ہے۔
شناخت ظاہر کرنے سے گریز
اراکان آباد کے ایک مدرسے میں بچوں کو تعلیم دینے والے احمد (فرضی نام) بھی ان افراد میں شامل ہیں جو اپنی شناخت ظاہر کرنے سے گریز کرتے ہیں۔
انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ روہنگیا کمیونٹی کے بعض افراد کو خدشہ ہے کہ اپنی شناخت ظاہر کرنے کی صورت میں ان کے شناختی کارڈ بلاک ہوسکتے ہیں اور انہیں قانونی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
احمد نے بتایا کہ ان کے دادا میانمار سے ہجرت کر کے پاکستان آئے تھے اور وہ اپنے بزرگوں سے وہاں پیش آنے والے واقعات کے بارے میں سنتے آئے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’دادا بتایا کرتے تھے کہ ان کی آنکھوں کے سامنے لوگوں کو قتل کیا گیا، گھروں کو آگ لگائی گئی اور کئی خاندان اپنی جان بچانے کے لیے اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔‘
احمد کے مطابق، ان کے بزرگوں نے انہیں صرف مظالم کی کہانیاں ہی نہیں سنائیں بلکہ اراکان کی خوبصورتی، وہاں کے درختوں اور قدرتی ماحول کے بارے میں بھی بتایا ہے۔
’میں نے اپنے آبائی علاقے کو کبھی نہیں دیکھا، لیکن بزرگوں کی باتوں سے اس سرزمین کے بارے میں ایک تصور ضرور قائم کیا ہے۔ اگر اراکان میں امن قائم ہو جائے اور وہاں واپسی محفوظ ہو تو میں اپنے آباؤ اجداد کا گاؤں دیکھنے ضرور جانا چاہوں گا۔‘
چوتھی نسل جو آبائی وطن کو کہانیوں کے ذریعے جانتی ہے
کراچی کے علاقے اراکان کے برابر میں علی شاہ گوٹھ میں رہنے والے محمد ساجد عثمانی اپنی کمیونٹی کے لیے سماجی کارکن کے طور پر کام کرتے ہیں۔
وہ اپنے دفتر میں کتابوں کا مطالعہ کر رہے تھے۔ اسی دوران ان کی کمیونٹی کے رہنما نور حسین کے ساتھ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے اور روہنگیا مسلمانوں کے مستقبل پر گفتگو بھی جاری تھی۔
ساجد عثمانی پاکستان میں پیدا ہوئے اور ان کے خاندان کی اب چوتھی نسل یہاں آباد ہے۔
ان کے مطابق ان کے آباؤ اجداد کئی دہائیاں قبل پہلے مشرقی پاکستان آئے تھے اور بعد میں کراچی منتقل ہو گئے۔
ساجد عثمانی نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی نسل نے اراکان کبھی نہیں دیکھا، البتہ اپنے بزرگوں سے وہاں کی خوبصورتی اور ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کی کہانیاں ضرور سنی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ روہنگیا مسلمانوں کے لیے امید کی ایک کرن ہے، تاہم اصل سوال یہ ہے کہ اس فیصلے پر کس حد تک عمل درآمد ہوتا ہے اور بے گھر خاندانوں کو اپنے آبائی علاقوں میں کب محفوظ اور باعزت طریقے سے واپس آباد ہونے کا موقع ملتا ہے۔‘
ساجد عثمانی کے بقول، کراچی میں آباد بعض روہنگیا خاندان اپنی شناخت ظاہر کرنے سے اس لیے بھی گریز کرتے ہیں کہ انہیں مستقبل میں ممکنہ قانونی مشکلات کا خدشہ رہتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’شناختی دستاویزات نہ ہونے کی وجہ سے بعض خاندانوں کو روزگار، علاج اور بچوں کی تعلیم کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اگر اراکان میں امن قائم ہو جائے تو نئی نسل بھی اپنے آبائی وطن جانا اور وہاں رہ جانے والے رشتہ داروں سے ملنا چاہے گی۔‘
شناخت اور بنیادی حقوق کا مطالبہ
روہنگیا کمیونٹی کے رہنما نور احمد آرکانی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں روہنگیا مسلمانوں کی آمد کئی دہائیاں قبل شروع ہوئی تھی اور اب ان کی بڑی تعداد کراچی میں آباد ہے۔
ان کے مطابق، صدر ایوب خان کے دور حکومت میں 1962 کے بعد روہنگیا خاندانوں کی پاکستان آمد کا سلسلہ شروع ہوا۔
نور احمد آرکانی نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بعض خاندانوں کے پاس اپنی سابقہ رہائش اور خاندانی پس منظر سے متعلق پرانے دستاویزی ریکارڈ موجود ہیں، لیکن اس کے باوجود انہیں شناختی دستاویزات کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’حکومت پاکستان کو چاہیے کہ پرانا دستاویزی ریکارڈ رکھنے والے روہنگیا خاندانوں کے معاملات کو دیکھا جائے اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’شناختی کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کے لیے روزگار، تعلیم، علاج اور سفر سمیت روزمرہ زندگی کے کئی معاملات مشکل ہو جاتے ہیں۔‘
نور احمد آرکانی نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے لیے مستقل امن کے قیام کی کوششیں کی جائیں تاکہ وہ اپنے آبائی علاقوں میں محفوظ اور باعزت زندگی گزار سکیں۔
اراکان آباد کی گلیوں میں کھیلتے بچوں نے شاید اپنے آباؤ اجداد کا آبائی وطن کبھی نہ دیکھا ہو، لیکن ان کے خاندانوں کی یادوں میں آج بھی وہ سرزمین زندہ ہے جس کے بارے میں وہ نسل در نسل کہانیاں سنتے آئے ہیں۔
عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ ان خاندانوں کے لیے انصاف کی امید ضرور لے کر آیا ہے، تاہم ان کے لیے یہ امید صرف ماضی کے مظالم کا اعتراف نہیں بلکہ ایک ایسے مستقبل سے بھی جڑی ہے جہاں انہیں اپنی شناخت کے ساتھ تحفظ، تعلیم اور روزگار کے مواقع میسر ہوں اور اگر حالات سازگار ہوں تو وہ اپنے آبائی وطن کو اپنی آنکھوں سے دیکھ سکیں۔