بابر اعظم نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے منتظر

ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ میں 7 سے 14 اکتوبر تک کھیلی جانے والی سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان سمیت میزبان نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

بابر اعظم انگوٹھے کی انجری کے باعث قومی کرکٹ ٹیم کے آخری دورہ نیوزی لینڈ میں کوئی بھی میچ نہیں کھیل سکے تھے، لہٰذا وہ دو مضبوط ٹیموں کے خلاف ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ میں سیریز کھیلنے کے منتظر ہیں(فائل فوٹو: اے ایف پی)

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ میں کھیلی جانے والی سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کرے گی۔

ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ میں 7 سے 14 اکتوبر تک کھیلی جانے والی سہ فریقی سیریز میں پاکستان سمیت میزبان نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود پاکستان سہ فریقی سیریز میں اپنا پہلا میچ 7 اکتوبر کو بنگلہ دیش  کے خلاف کھیلے گا۔ سہ فریقی سیریز میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 8 اکتوبر کو پہلی مرتبہ مدمقابل آئیں گی۔

سیریز کا فائنل 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا، جس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم 11 اکتوبر کو دوبارہ نیوزی لینڈ اور 13 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف میدان میں اترے گی۔

سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز مکمل کرنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا روانہ ہوجائے گی، جہاں کھیلے جانے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 23 اکتوبر کو میلبرن میں بھارت کے خلاف کھیلے گا۔

میگا ایونٹ میں پاکستان اپنے اگلے دو میچز 27 اور 30 اکتوبر کو پرتھ میں کوالیفائنگ ٹیموں کے خلاف کھیلے گا۔ قومی کرکٹ ٹیم 3 نومبر کو سڈنی میں جنوبی افریقہ اور 6 نومبر کو ایڈیلیڈ میں بنگلہ دیش کے خلاف مدمقابل آئے گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ میں شیڈول سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کرنے پر بہت مسرور ہیں کیونکہ یہ سیریز آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے میگا ایونٹ کے لیے پاکستان کی تیاریوں کو حتمی شکل دے گی۔

بابر اعظم نے کہا کہ وہ ہاتھ کے انگوٹھے کی انجری کے باعث قومی کرکٹ ٹیم کے آخری دورہ نیوزی لینڈ میں کوئی بھی میچ نہیں کھیل سکے تھے، لہٰذا وہ دو مضبوط ٹیموں کے خلاف ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ میں سیریز کھیلنے کے منتظر ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کھیلنے کے بعد 4 اکتوبر کو کرائسٹ چرچ روانہ ہوگی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین سات ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز 2 اکتوبر کو مکمل ہوگی۔ اس سے قبل، پاکستان کرکٹ ٹیم اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں شرکت کرے گی۔

سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلا جانے والا ٹورنامنٹ 27 اگست سے 11 ستمبر تک جاری رہے گا۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کا شیڈول:

7 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش بمقام ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ، بوقت دوپہر 12 بجے پاکستان ٹائم

8 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ بمقام ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ، بوقت دوپہر 12 بجے پاکستان ٹائم

9 اکتوبر: نیوزی لینڈ بمقابلہ بنگلہ دیش بمقام ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ، بوقت صبح 8 بجے پاکستان ٹائم

11 اکتوبر: نیوزی لینڈ بمقابلہ پاکستان بمقام ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ، بوقت صبح 8 بجے پاکستان ٹائم

12 اکتوبر: نیوزی لینڈ بمقابلہ بنگلہ دیش بمقام ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ، بوقت صبح 8 بجے پاکستان ٹائم

13 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش بمقام ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ، بوقت صبح 8 بجے پاکستان ٹائم

14 اکتوبر: فائنل بمقام ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ بوقت صبح 8 بجے پاکستان ٹائم

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ