نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ہرجانہ ادا کر دیا

ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف طے شدہ میچز کے علاوہ اضافی پانچ ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ایک روزہ میچ کھیلنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

16  ستمبر 2021 کو راولپنڈی میں موجود نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم اور پاکستانی کپتان بابر اعظم (اے ایف پی فائل)

نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے گذشتہ سال ستمبر میں اچانک پاکستان کا دورہ یکطرفہ طور پر ختم کرکے واپس جانے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے مالی نقصان پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو ہرجانہ ادا کر دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے یہ ہرجانہ ڈالرز میں ادا کیا ہے۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ ادا کی جانے والی رقم کتنی ہے۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم گذشتہ سال ستمبر میں پاکستان کے دورہ پر آئی تھی جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جانی تھی۔

تاہم جمعہ 17 ستمبر کو پہلے ایک روزہ میچ کے آغاز سے چند لمحے قبل ہی نیوزی لینڈ کی ٹیم نے راولپنڈی سٹیڈیم آنے سے انکار کر دیا اور دورہ منسوخ کرتے ہوئے واپس چلی گئی تھی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ اس نے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر سیریز منسوخ کی تھی۔

اس سب کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا تھا کہ وہ نیوزی لینڈ سے ہرجانے کا مطالبہ کریں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ’اب نیوزی لینڈ سے آئی سی سی میں بات ہوگی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف طے شدہ میچز کے علاوہ اضافی پانچ ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ایک روزہ میچ کھیلنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے سیریز شروع ہونے سے چند لمحے قبل ہی پاکستان چھوڑ کر جانے پر اسے پاکستان اور کئی دیگر ممالک کی جانب سے بڑے پیمانے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان منسوخ ہونے والی سیریز 18 سال بعد کھیلی جانے والی تھی۔

دوسری جانب رواں سال نیوزی لینڈ، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سہ ملکی سیریز کھیلے جانے کا بھی امکان ہے لیکن تاحال پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ