ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ جنگ 15ویں روز بھی جاری ہے۔ امریکہ نے اسے ’آپریشن ایپک فیوری‘ جبکہ ایران نے جوابی کارروائی کو ’وعدہ صادق 4‘ کا نام دیا ہے۔ تازہ ترین اپ ڈیٹس
15ویں دن کے احوال کے لیے یہاں کلک کریں
رات 10 بجے: ایران میں اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں درجنوں افراد گرفتار
ایرانی حکام نے ملک کے مختلف حصوں میں اسرائیل کو حساس معلومات فراہم کرنے کے الزام میں درجنوں افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ گرفتاریاں ایک ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب اسرائیل اور امریکہ کے لڑاکا طیارے ایران میں نئے اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، شمال مغربی ایران میں 20 افراد کو فوجی اور سکیورٹی تنصیبات کی لوکیشن اسرائیل کو بھیجنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اسی طرح شمال مشرقی ایران میں بھی 10 افراد کو حساس مقامات اور معاشی ڈھانچے کی معلومات جمع کرنے کے شبہ میں حراست میں لیا گیا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کے انٹیلیجنس ونگ کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور امریکہ حملوں کے ساتھ ساتھ اپنے ایجنٹوں کے ذریعے ملک میں ہنگامہ آرائی کی کوشش کر رہے ہیں۔
روئٹرز ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل اب زمینی مخبروں کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر سکیورٹی چوکیوں کو نشانہ بنا رہا ہے، جو کہ جنگ کا ایک نیا مرحلہ ہے۔ یاد رہے کہ ایرانی حکام نے حالیہ احتجاجی لہر کا ذمہ دار بھی اسرائیل اور امریکہ کو ٹھہرایا تھا۔
رات 7:30 بجے: بین الاقوامی توانائی ایجنسی کا ہنگامی ذخائر سے 40 کروڑ بیرل تیل جاری کرنے کا اعلان
بین الاقوامی توانائی ایجنسی (IEA) نے ایران کے ساتھ جاری جنگ کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے اپنے ہنگامی ذخائر سے 40 کروڑ بیرل سے زائد تیل مارکیٹ میں لانے کا تفصیلی منصوبہ جاری کر دیا ہے۔
اتوار کو جاری کردہ بیان کے مطابق، ایشیا اور بحر اوقیانوس کے ممالک کے ذخائر فوری طور پر دستیاب ہوں گے، جبکہ یورپ اور امریکہ سے تیل مارچ کے آخر تک فراہم کر دیا جائے گا۔
اس منصوبے کے تحت 27 کروڑ بیرل سے زائد تیل حکومتی ذخائر سے، جبکہ بقیہ صنعتی اور دیگر ذرائع سے حاصل کیا جائے گا۔ ایجنسی نے واضح کیا کہ اس ریلیز کا 72 فیصد خام تیل پر مشتمل ہوگا۔
یہ اقدام 28 فروری سے جاری جنگ کے باعث آبنائے ہرمز سے عالمی سپلائی میں ہونے والے تعطل اور ایران کی جانب سے تیل کی قیمتیں 200 ڈالر تک پہنچنے کی دھمکی کے بعد اٹھایا گیا ہے۔ 1974 میں اپنے قیام کے بعد سے یہ ایجنسی کی جانب سے تیل کے ذخائر مارکیٹ میں لانے کا چھٹا بڑا مربوط عمل ہے۔
شام 5 بجے: اسرائیل میں ایرانی میزائل کا ٹکڑا امریکی قونصل کی رہائشی عمارت سے جا ٹکرایا
اے ایف پی کے مطابق اتوار کو ایک ایرانی میزائل کا ٹکڑا اسرائیل میں موجود امریکی قونصل کی زیرِ استعمال ایک رہائشی عمارت پر گرا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق فی الوقت ان رپورٹس میں واقعے کی مزید تفصیلات، نقصان یا کسی کے زخمی ہونے کے بارے میں فوری طور پر آگاہ نہیں کیا گیا ہے۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب خطے میں ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملے کے درمیان کشیدگی اپنے عروج پر ہے اور دونوں جانب سے فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
سہ پہر 4 بج کر 15 منٹ: ایران میں بڑے پیمانے پر نقل مکانی
اقوام متحدہ کی تنظیم انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے مطابق ایران کے مختلف شہروں میں حملوں کے باعث ہزاروں افراد نقل مکانی کر رہے ہیں۔ ادارے کے مطابق تقریباً 32 ہزار افراد افغانستان اور چار ہزار کے قریب پاکستان منتقل ہو چکے ہیں۔
سہ پہر 4 بج کر 10 منٹ: جنگ کے آغاز سے اب تک درجنوں حملے ناکام بنائے: بحرین
اے پی کے مطابق بحرین نے کہا ہے کہ جنگ کے آغاز سے اب تک اس کے فضائی دفاعی نظام نے 125 میزائل اور 211 ڈرون تباہ کیے ہیں۔ بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کا ہیڈکوارٹر بھی موجود ہے۔
سہ پہر 4 بجے: خلیجی ممالک میں نئے حملے، ایران کی اماراتی بندرگاہیں خالی کرنے کی وارننگ
مشرقِ وسطیٰ میں ایران پر امریکہ اور اسرائیل جنگ کے دوران خلیجی ممالک میں اتوار کو نئے حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ ایران نے متحدہ عرب امارات کی تین بڑی بندرگاہیں خالی کرنے کی وارننگ بھی دی ہے۔
خبررساں ادارے اے پی کے مطابق ایرانی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکہ نے ایران کے اہم تیل برآمدی مرکز جزیرہ خارگ پر حملوں کے لیے متحدہ عرب امارات کی بندرگاہوں اور تنصیبات کو استعمال کیا، تاہم اس حوالے سے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ اتحادی ممالک آبنائے ہرمز کی حفاظت کے لیے اپنے جنگی جہاز تعینات کریں گے۔
دن 2 بج کر 25 منٹ: ’مشرق وسطیٰ کی جنگ کو کم کرنا ’انتہائی ضروری‘
برطانوی وزیرِ برائے توانائی سکیورٹی ایڈ ملی بینڈ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی صورت حال کو پرسکون کرنا نہایت ضروری ہے، خاص طور پر اس پس منظر میں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دیگر ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والی عالمی تیل سپلائی کے تحفظ میں مدد کریں۔
ملی بینڈ نے بی بی سی سے گفتگو میں کہا ’اب منصوبہ یہ ہونا چاہیے کہ تنازع کو کم کیا جائے۔‘ اے ایف پی
دن 12 بج کر 15 منٹ: سعودی عرب اور بحرین میں فارمولا ون ریسں منسوخ
روئٹرز کے مطابق فارمولا ون نے ہفتے کو اعلان کیا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث بحرین اور سعودی عرب کی گرانڈ پری اپریل میں منعقد نہیں ہوں گی۔
یہ اعلان پہلے سے متوقع تھا اور لبرٹی میڈیا کی ملکیت رکھنے والی سپورٹ، اس کی گورننگ باڈی ایف آئی اے، اور مقامی منتظمین کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ اگلے ماہ کیلنڈر میں ان ریسوں کی جگہ کوئی دوسری ریس شامل نہیں کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق لاجسٹکس اور موسمی حالات کی وجہ سے امکان کم ہے کہ یہ ریسیں سال کے بعد کے حصے میں دوبارہ شیڈول کی جائیں۔
اگرچہ بیان میں اس امکان کو واضح طور پر رد نہیں کیا گیا۔ اس کے نتیجے میں اس سال کا کیلنڈر 24 کی بجائے 22 ریسوں کا رہ جائے گا۔
فارمولا ون کے چیف ایگزیکٹیو سٹیفانو ڈومینیکالی نے کہا ’اگرچہ یہ ایک مشکل فیصلہ تھا لیکن مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے اس مرحلے پر یہی درست فیصلہ ہے۔‘
11 بج کر 40 منٹ: ایرانی جزیرے خارگ پر ’تفریح کے لیے حملے کریں گے‘: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی جزیرے خارگ پر واقع تیل برآمدی مرکز پر مزید حملوں کی دھمکی دی ہے جب کہ جب کہ تہران نے اپنے ردعمل کو مزید سخت کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
روئٹرز کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ امریکی حملوں نے جزیرے کے بڑے حصے کو ’مکمل طور پر تباہ کر دیا‘ ہے اور مزید حملوں کی بھی دھمکی دی۔ انہوں نے ہفتہ کو این بی سی نیوز کو انٹرویو میں کہا کہ ’ہم شاید صرف تفریح کے لیے اس پر چند بار اور بھی حملہ کریں۔‘
ٹرمپ کے اس بیان نے صورت حال کو مزید سنگین بنا دیا ہے کیوں کہ وہ اس سے پہلے کہتے رہے ہیں کہ امریکا خارگ میں صرف فوجی مقامات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ تین ذرائع نے بتایا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے مشرق وسطیٰ کے اتحادیوں کی مذاکرات شروع کرانے کی کوششوں کو مسترد کر دیا ہے۔
خارگ میں ایران کی تیل کی تنصیبات واقع ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ تہران جنگ ختم کرنے کے لیے معاہدے پر آمادہ دکھائی دیتا ہے، لیکن ’شرائط ابھی زیادہ اچھی نہیں ہیں۔‘
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران اپنی توانائی تنصیبات پر ہونے والے کسی بھی حملے کا جواب دے گا۔
ایران کے پاسداران انقلاب نے اتوار کو کہا کہ انہوں نے اسرائیل اور خطے میں امریکہ کے تین فوجی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں، اور ان حملوں کو ایران کے صنعتی علاقوں میں مارے گئے کارکنوں کے بدلے کی پہلی کارروائی قرار دیا۔
صبح 11 بج کر 25 منٹ: 10 ڈرونز تباہ کر دیے: سعودی وزارت دفاع
سعودی عرب کی وزارت دفاع نے کہا کہ اس کے نظاموں نے دارالحکومت ریاض اور ملک کے مشرقی علاقے کی فضا میں 10 ڈرون روک کر تباہ کر دیے۔
ایران کا الزام کہ ’دشمن‘ پڑوسی ممالک پر حملے کر کے الزام تہران پر ڈال رہا ہے
ایران کی مشترکہ فوجی کمان نے اتوار کو ایک بیان میں الزام لگایا کہ ’دشمن‘ ایرانی ڈرونز کی نقلیں استعمال کر کے پڑوسی ممالک پر حملے کر رہا ہے تاکہ اس کا الزام تہران پر ڈالا جا سکے۔
صبح 11 بج کر 15 منٹ: یو اے ای میں نیا میزائل حملہ
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق متحدہ عرب امارات نے اتوار صبح نئے میزائل حملے کی اطلاع دی ہے۔
حکام نے شہریوں کو محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی ہدایت کی۔ بحرین میں حملے سے پہلے سائرن بجائے گئے۔
دوسری جانب اسرائیلی حملوں نے لبنان میں انسانی بحران کو مزید سنگین بنا دیا ہے، جہاں تقریباً 800 افراد جان سے جا اور ساڑھے آٹھ لاکھ سے زیادہ سے بے گھر ہو چکے ہیں
صبح 10 بج کر 45 منٹ: بن یامین نتن یاہو کو ’ڈھونڈ کر ماریں گے‘: پاسداران انقلاب
اے ایف پی کے مطابق ایران کے پاسداران انقلاب نے اتوار کو کہا ہے کہ وہ اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو کو ’ڈھونڈ کر مار دیں گے۔‘
پاسداران نے اپنی ویب سائٹ سپاہ نیوز پر لکھا، ’اگر بچوں کے یہ قاتل مجرم اب بھی زندہ ہیں تو ہم ان کا پیچھا کرتے رہیں گے اور اپنی پوری طاقت سے انہیں قتل کر دیں گے۔‘
صبح 7 بج کر 15 منٹ: دوسرے ملک آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے میں مدد کریں: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کو دیگر ممالک پر زور دیا کہ وہ بحری جہازوں کی اہم گزرگاہ آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے میں مدد کریں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو بند کرنے اور خلیج کی توانائی تنصیبات پر حملوں کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں 40 فیصد اضافہ ہو گیا ہے۔
اس سے قبل یہ عزم ظاہر کرنے کے بعد کہ امریکی بحریہ ’بہت جلد‘ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے آئل ٹینکروں کی حفاظت شروع کر دے گی، ٹرمپ نے ہفتہ کو مزید کمک طلب کی ہے۔
امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا ’بہت سے ملک امریکہ کے ساتھ مل کر جنگی جہاز بھیجیں گے تاکہ آبنائے کو کھلا اور محفوظ رکھا جا سکے۔‘
ان کا کہنا تھا امید ہے کہ چین، فرانس، جاپان، جنوبی کوریا اور برطانیہ بھی ان میں شامل ہوں گے۔
بعد میں انہوں نے کہا کہ اگرچہ امریکہ نے ایران کو ’شکست‘ دے دی ہے لیکن جو ملک تیل کے لیے اس آبنائے پر انحصار کرتے ہیں، ’انہیں اس گزرگاہ کا خیال رکھنا ہو گا اور ہم مدد کریں گے۔‘
صبح 7 بج کر 15 منٹ: امریکہ آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے لیے مدد کی بھیک مانگ رہا ہے: ایران
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکہ اب آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے میں مدد کے لیے دوسروں، یہاں تک کہ چین سے بھیک مانگ رہا ہے۔
Touted US security umbrella has proven to be full of holes and inviting rather than deterring trouble. US is now begging others, even China, to help it make Hormuz safe.
Iran calls on brotherly neighbors to expel foreign aggressors, especially as their only concern is Israel.
— Seyed Abbas Araghchi (@araghchi) March 14, 2026
اپنی ایکس پوسٹ میں ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ کی مشہور سکیورٹی چھتری چھلنی ثابت ہوئی ہے اور یہ مصیبت کو روکنے کی بجائے اسے دعوت دے رہی ہے۔
انہوں نے پڑوسی ملکوں پر زور دیا وہ غیر ملکی جارحیت پسندوں کو نکال باہر کریں، خاص طور پر اس لیے کہ ان کی واحد فکر اسرائیل ہے۔
صبح 7 بجے: حج پروازوں میں تاخیر یا معطلی کی خبریں مسترد
پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے ان خبروں کو مسترد کر دیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورت حال کے باعث حج پروازوں کا شیڈول معطل ہو سکتا ہے۔
وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے ایک بیان میں واضح کیا کہ حج 2026 کے انتظامات طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری ہیں اور حج پروازوں کی معطلی یا تاخیر کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
بیان کے مطابق حج پروازوں کے شیڈول کا اعلان عید الفطر کے بعد کیا جائے گا۔