بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں غصے کے اظہار پر آئی سی سی کی سلمان آغا کو سزا

آئی سی سی کے مطابق سلمان علی آغا نے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کی، جو بین الاقوامی میچ میں کرکٹ کے سازوسامان، لباس، گراؤنڈ آلات یا فکسچر کے غیر مناسب استعمال سے متعلق ہے۔

13 مارچ 2026 کو ڈھاکہ میں کھیلے گئے میچ میں سلمان علی آغا آؤٹ ہونے کے بعد بنگلہ دیش کے کپتان مہدی حسن میراز سے بات کر رہے ہیں (اے ایف پی)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ہفتے کو پاکستانی بلے باز سلمان علی آغا کو بنگلہ دیش کے خلاف گذشتہ روز کھیلے گئے ون ڈے میچ میں رن آؤٹ ہونے کے بعد کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کی سزا دی ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ واقعہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں ڈھاکہ میں پیش آیا، جس میں سلمان آغا کو کھیل کے دوران کرکٹ کے سامان کے غیر مناسب استعمال کے الزامات کے تحت سزا دی گئی۔

شیر بنگلا کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان مہدی حسن میراز نے سلمان علی آغا کو نان سٹرائیکر اینڈ پر اس وقت رن آؤٹ کیا جب وہ انہیں بال اٹھا کر دینے کی کوشش کر رہے تھے۔

اس واقعے کو سوشل میڈیا صارفین اور سابق کرکٹرز نے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے کھیل کی روح کے منافی عمل قرار دیا تھا۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Independent Urdu (@indyurdu)

آئی سی سی کے مطابق سلمان علی آغا نے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کی، جو بین الاقوامی میچ میں کرکٹ کے سازوسامان، لباس، گراؤنڈ آلات یا فکسچر کے غیر مناسب استعمال سے متعلق ہے۔

واقعہ پاکستان کی اننگز کے 39ویں اوور میں پیش آیا، جب سلمان آغا نے رن آؤٹ ہونے کے بعد اپنے دستانے اور ہیلمٹ زمین پر پھینک دیے، جسے غیر مناسب اور غیر پیشہ ورانہ حرکت قرار دیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آئی سی سی کے مطابق سلمان آغا نے اپنی غلطی تسلیم کی اور میچ ریفری کی تجویز کردہ سزا قبول کر لی، جس کے نتیجے میں ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ شامل کیا گیا۔

یہ 24 ماہ کے دوران ضوابط کی ان کی پہلی خلاف ورزی تھی، اس لیے اس پر رسمی سماعت کی ضرورت نہیں پڑی۔

اس واقعے میں آن فیلڈ امپائرز ایڈریان ہولڈ سٹاک اور تنویر احمد، تھرڈ امپائر کمار دھرم سینا اور فورٹھ امپائر ماسودور رحمن مکول نے چارج لگایا۔

آئی سی سی کے قوانین کے مطابق لیول 1 کی خلاف ورزی پر زیادہ سے زیادہ میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ یا ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس عائد کیے جا سکتے ہیں۔

پاکستان نے اس میچ میں ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت بنگلہ دیش کو 128 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز برابر کی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن تیسرا میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ