ظواہری ڈرون حملے کا سہولت کار ملک بھی برابر کا شریک: طالبان

امریکہ نے 31 جولائی کو القاعدہ سربراہ ایمن الظواہری کی ہلاکت کا سبب بننے والے ڈرون حملے کے مقام کے حوالے سے ابھی تک کچھ نہیں بتایا، تاہم اس کا شک پاکستان اور وسطی ایشیا کے ممالک پر کیا جاتا ہے۔

قندھار میں جمعرات کو منعقد ہونے والے طالبان کے اجتماع کا ایک منظر(تصویر: باختر نیوز ایجنسی)

افغان طالبان نے کسی ملک کا نام لیے بغیر کہا ہے کہ جس پڑوسی ملک نے 31 جولائی کو کابل میں (القاعدہ سربراہ ڈاکٹر ایمن الظواہری پر) حملے کے لیے امریکی ڈرون طیارے کو اپنی فضا (ایئر سپیس) استعمال کرنے کی اجازت دی، وہ بھی اس جرم میں برابر کا شریک ہے۔

طالبان کے متعدد ارکان اور اس گروپ کی حمایت کرنے والے علما نے جمعرات کو قندھار میں ’ملک کے عمومی مسائل‘ پر تبادلہ خیال کے لیے ایک اجتماع منعقد کیا۔

اس اجلاس میں ایک قرارداد پیش کی گئی، جس میں کسی ملک کا نام لیے بغیر امریکی ڈرون طیارے کو اپنی فضا استعمال کرنے کی اجازت دینے والے ’پڑوسی ملک‘ کو ’اس جرم میں برابر کا شریک‘ قرار دیا۔

 طالبان کے زیر کنٹرول میڈیا باختر نیوز ایجنسی نے اس اجلاس میں شرکا کی تعداد تقریباً تین ہزار بتائی اور رپورٹ کیا کہ اس میں طالبان کابینہ کے ارکان، علما، تاجر، سول کارکن اور بعض سابق افغان حکومتی ملازمین موجود تھے۔

قرار داد میں ہمسایہ ملک کے اس عمل کو ’ہمسائیگی اور اسلامیت کے خلاف‘ قرار دیتے ہوئے کہا گیا: ’اس ملک کے حکمرانوں کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ افغانستان پر سودے بازی اور افغانستان کے دشمنوں کو افغانستان کے خلاف اپنی زمین اور فضا استعمال کرنے کی اجازت دینے کے نتائج ان کے حق میں برے ہوں گے۔‘

امریکہ نے ڈرون سے کیے گئے اس حملے کے مقام کے بارے میں اب تک کچھ نہیں بتایا ہے، تاہم شک پاکستان اور وسطی ایشیا کے ممالک پر کیا جاتا ہے۔ طالبان نے بھی کھل کر کسی ملک کا نام نہیں لیا ہے۔ 

ایک دوسری قرارداد میں شرکا نے امریکہ کی جانب سے 31 جولائی کو کابل کے گنجان آباد علاقے میں کیے جانے والے ڈرون حملے کی شدید مذمت کی اور کہا: ’ہم اس حملے کو دوحہ معاہدے اور عالمی قوانین کی واضح خلاف ورزی، افغانستان کے سرحدی حدود کی پامالی اور اور ایک دہشت گردانہ عمل سمجھتے ہیں۔‘

طالبان نے اس کانفرنس کے اصل مقاصد کی وضاحت نہیں کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس اجلاس میں کی جانے والی تقاریر میں عمومی طور پر عام مسائل پر بات کی گئی۔ زیادہ تر مقررین نے طالبان کی امارت کو دنیا سے تسلیم کروانا چاہا اور طالبان کی ایک سال کی کارکردگی کو سراہا۔

اس ملاقات میں طالبان کے وزیر برائے خیر و ممانعت شیخ محمد خالد حنفی نے کہا کہ طالبان کی امارت کے جواز کی بنیاد علما اور قبائلی رہنماؤں کی حمایت ہے، جو کہ حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا: ’قانونیت کا کیا مطلب ہے؟ کابل میں ہزاروں علما، قبائلی رہنما، بااثر افراد اور تاجروں نے امیر المومنین کی بیعت اور حمایت کا اعلان کیا۔‘

حنفی نے مزید کہا کہ افغانستان پر طالبان کی حکمرانی کے ساتھ ہی انتظامی بدعنوانی کا خاتمہ ہوا اور سلامتی قائم ہوگئی۔ ان کا اصرار تھا کہ معیشت اور دیگر معاملات بھی بہتر ہو رہے ہیں۔

قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا کہ امارت اسلامیہ افغانستان کی دنیا بھر میں ’بہتر‘ انداز میں نمائندگی کی گئی ہے۔

بقول متقی: ’کوئی افغانوں کا امتحان نہ لے۔ افغان کے ان غریب اور قابل فخر لوگوں کو خوشی سے رہنے دو۔‘

وزیر متقی نے کہا کہ امارت اسلامیہ افغانستان تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتی ہے لیکن ہم یہ امید نہیں کر سکتے کہ 20 سال کی جنگ کے بعد کچھ ممالک کے ساتھ تعلقات جلد معمول پر آجائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان عالمی طاقتوں کے درمیان تنازع نہیں بنے گا اور افغانستان کی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔

اس اجلاس میں کئی دیگر شرکا نے بھی سکیورٹی کے شعبے میں طالبان کی کارکردگی کو سراہا اور اسے ملکی اور غیرملکی تاجروں کی سرمایہ کاری میں اضافے کی بنیاد قرار دیا۔

پہلے بتایا گیا تھا کہ اس ملاقات میں طالبان کے سربراہ ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ بھی خطاب کرنے والے ہیں، تاہم جمعرات کی دوپہر تک ان کی موجودگی کی کوئی خبر نہیں تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ملا محمد عمر کے زمانے کی روایت کے مطابق طالبان کے رہنما قندھار میں اس گروپ کے اصل گڑھ میں رہتے ہیں۔ کئی سیاسی ماہرین کے مطابق قندھار طالبان کا سیاسی دارالحکومت ہے اور تمام اہم فیصلے وہیں ہوتے ہیں۔

طالبان اور اس گروپ کے حامیوں کی گذشتہ ایک سال میں یہ دوسری بڑی ملاقات ہے۔ اس گروپ کا پچھلا اجلاس جون 2022 کے آخر میں کابل میں تقریباً چار ہزار افراد کی شرکت کے ساتھ منعقد ہوا تھا۔ اس اجلاس کے شرکا نے ایک قرارداد میں طالبان رہنما سے اپنی بیعت کا اعلان کیا اور دنیا کی حکومتوں سے طالبان کی امارت کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

عورتوں کے حقوق

خواتین کے حقوق پر بھی بات ہوئی اور اس بابت طالبان کے امیر کے 28 جمادی الثانی 1443 کو جاری کردہ فرمان کے نفاذ اور اس پر عمل در آمد کا حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے۔

اس فرمان میں خواتین کو میراث میں شریعت کے مقرر کردہ حصوں کے مطابق تقسیم، حق مہر عورت کا ذاتی حق ہے جو اسے پوری طرح حوالے کیا جانا چاہیے جو وہ اپنی مرضی سے خرچ کرسکے، عورت مرد کی طرح ایک انسان ہے، کسی کو بھی اجازت نہیں کہ اسے بھائی یا کسی اور رشتہ دار کی دشمنی کے بدلے میں دے دے، عاقلہ بالغہ بیوہ خاتون کو اپنی جان و مال کا پورا اختیار حاصل ہے۔ بیوگی کے بعد دیور یا اور کوئی سسرالی رشتہ دار اس کی رضامندی کے بغیر اس سے نکاح نہیں کرسکتا، عورت ایک آزاد انسان ہے سسرال کی ملکیت نہیں اور نہ ہی کوئی بالغ غیر شادی شدہ لڑکی کا نکاح اس کی رضامندی کے بغیر کرویا جاسکتا ہے۔

تاہم اس میں تعلیم کے حق بارے میں کوئی ذکر نہیں ہے۔

اگرچہ قندھار میں ہونے والی اس ملاقات سے کوئی واضح پیغام سننے کو نہیں ملا، تاہم طالبان میڈیا کی رپورٹس سے لگتا ہے کہ یہ ملاقات افغانستان پر طالبان کی حکومت کے ایک سال مکمل ہونے کی یاد میں زیادہ منعقد کی گئی تھی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا