انڈیا سے شکست پر دل ابھی تک دکھی ہے: افتخار احمد

اتوار کو انڈیا کے خلاف اہم میچ میں عمدہ بلےبازی کرنے والے افتخار احمد نے کہا کہ دل دکھی ہونے کے باوجود ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔

افتحار احمد نے انڈیا کے خلاف مشکل حالات میں اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا (اے ایف پی)

پاکستان کے آل راؤنڈر کرکٹر افتخار احمد نے اعتراف کیا ہے کہ ان کی ٹیم انڈیا سے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں شکست کے بعد ’دل شکستہ‘ تھی اور وہ اب تک اس ہار سے دکھی ہیں۔

انڈیا نے اپنے سٹار بلے باز وراٹ کوہلی کے ناقابل شکست 82 رنز کی بدولت اتوار کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں 90 ہزار سے زیادہ شائقین کے سامنے انتہائی سنسنی خیز اور کانٹے دار مقابلے کی آخری گیند پر اپنے روایتی حریف پاکستان کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔

اس میچ میں پاکستان کی جانب سے 51 رنز بنانے والے مڈل آرڈر بلے باز افتخار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا: ’اتنا بڑا میچ ہارنے کے بعد دکھ قائم ہے۔ ہمارا دل ٹوٹ گیا تھا۔‘

افتخار نے کہا کہ دل دکھی ہونے کے باوجود ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔

انہوں نے انڈیا سے شکست کے بعد ٹیم کو سنبھالنے پر کپتان بابر اعظم کی تعریف بھی کی۔ میچ کے بعد بابر اعظم کی ٹیم سے خطاب والی ویڈیو وائرل ہو گئی تھی۔

بابر نے کہا تھا: ’ہمیں اپنی غلطیوں سے سیکھنا ہو گا۔ ہمیں گرنا نہیں ہے۔ ٹورنامنٹ ابھی شروع ہوا ہے۔ ہم ایک ٹیم کے طور پر ہارے ہیں اور ایک ٹیم کے طور پر جیتیں گے۔‘

افتخار نے کہا کہ جس طرح بابر اعظم اور انتظامیہ نے کھلاڑیوں کی حمایت کی وہ اس سے انہیں بہتر محسوس ہوا۔

ان کے بقول: ’بابر اور کوچز نے ہمیں بتایا کہ یہ ہمارا آخری میچ نہیں ہے، ہر ایک نے کوشش کی۔ ہمارے حوصلے بلند ہیں۔‘

پاکستان جمعرات کو پرتھ میں زمبابوے کے خلاف اپنا دوسرا میچ کھیلے گا جس کے پاس مزید غلطی کی گنجائش باقی نہیں رہی کیوں کہ ایک مزید شکست پاکستان کا اس میگا ایونٹ میں سفر ختم کر سکتی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس فارمیٹ میں تیسرے نمبر پر موجود پاکستان 11 ویں نمبر کی ٹیم زمبابوے کو شکست دینے کی بھرپور کوشش کرے گا اور اسے اپنا اعتماد کے لیے بھی فتح درکار ہے۔

32  سالہ افتخار نے کہا کہ زمبابوے ایک اچھی بین الاقوامی ٹیم ہے اور ہمیں ان کے خلاف کسی بھی دوسری ٹیم کی طرح بہتر کھیلنا ہو گا۔

ان کے مطابق: ’اچھا کھیلنا اور اعتماد برقرار رکھنا ضروری ہے۔ کھلاڑی پرفارم کرنے کے منتظر ہیں۔‘

افتخار نے کہا کہ آسٹریلوی پچیں تیز اور باؤنسی ہیں اور ہم نے اس کے لیے تیاری کر رکھی ہے۔

انہوں نے کہا: ’حارث ہمارے اہم سٹرائیک بولر ہیں اور ہم توقع کرتے ہیں کہ وہ یہاں بہتر بولنگ کریں گے اور پاکستان کو جیت دلائیں گے۔‘

پاکستان کے تیز گیند باز حارث رؤف نے میلبرن میں انڈیا کے خلاف شروع میں اچھی بولنگ کی لیکن ان کے 19ویں اوور میں کوہلی کے ہاتھوں دو چھکوں سے میچ کا پانسہ پلٹ گیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ