ورلڈ کپ ٹی 20 میں انڈیا کی پاکستان کے خلاف آٹھویں فتح

سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تاہم اس موقعے پر انڈین کپتان نے ایک بار پھر اپنے پاکستانی ہم منصب سے روایتی مصافحے سے گریز کیا۔

15 فروری 2026 کو کولمبو کے آر پریماداسا سٹیڈیم میں 2026 آئی سی سی مینز ٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں انڈیا اور پاکستان کے درمیان میچ کا ایک منظر (اے ایف پی)

ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سلسلے میں اتوار کو کولمبو میں ہونے والے میچ میں انڈیا نے پاکستان کو 61 رنز سے شکست دے دی۔

یہ انڈیا کی ورلڈ کپ میں روایتی حریف کے خلاف آٹھویں جیت تھی۔ میچ میں انڈیا کے 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا ٹاپ آرڈر ایک بار پھر ناکام ثابت ہوا۔

پاکستان کی پہلی وکٹ پہلے ہی اوور میں اس وقت گری جب ہاردک پانڈیا نے اوپنر صاحبزادہ فرحان کو آؤٹ کر دیا، اگلے ہی اوور میں صائم ایوب بھی جسپریت بمرا کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے چلتے بنے۔

اس کے بعد میچ بچانے کی ذمہ داری کپتان سلمان آغا اور بابر اعظم کے کندھوں پر آئی تو دونوں سینیئر بلے باز بالترتیب چار اور پانچ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد مڈل آڈر میں عثمان خان نے پاکستانی اننگز کو کچھ سنبھالا دیا لیکن وہ بھی اپنی باری کو زیادہ دیر نہیں قائم نہیں رکھ سکے اور 44 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ان کے بعد شاداب خان اور محمد نواز نے بالترتیب 14 اور چار رنز پر اپنی وکٹیں گنوا دیں۔

انڈیا کی جانب سے جسپریت بمرا، اکسر پٹیل، ورن چکر ورتی اور ہاردک پانڈیا نے دو دو جب کہ تلک ورما، کلدیب یادو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل میچ کے پہلے ہی اوور میں اوپنر ابھیشیک شرما چار گیندوں پر کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہو گئے تاہم ایشان کشن نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور انڈیا کے سکور کو آگے بڑھایا۔

ایشان کشن 40 گیندوں میں 77 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہیں صائم ایوب نے بولڈ کیا۔

صائم ایوب نے تلک ورما کو 25 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا اور اگلی ہی گیند پر ہاردک پانڈیا بھی صفر پر صائم ایوب کا شکار بنے۔

کپتان سوریا کمار 32 رنز بنا کر عثمان طارق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے تین جبکہ شاہین آفریدی، عثمان طارق اور سلمان آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تاہم اس موقعے پر انڈین کپتان نے ایک بار پھر اپنے ہم منصب سے روایتی مصافحے سے گریز کیا۔

ٹاس کے بعد سلمان آغا نے کہا کہ ان کی ٹیم کسی تبدیلی کے بغیر میدان میں اترے گی جب کہ انڈین کپتان نے دو تبدیوں کا اعلان کیا۔

سوریا کمار یادو نے کہا کہ کلدیپ یادو کو محمد ارشدیپ سنگھ کی جگہ اور ابھیشیک شرما کو سنجو سیمسن کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

عالمی کرکٹ کا سب سے بڑا اور منافع بخش ٹکراؤ دیکھنے کے لیے کولمبو کے 35 ہزار کی گنجائش والے آر پریماداسا سٹیڈیم میں ہاؤس فل ہے۔

میچ سے قبل ہنگامہ خیز دو ہفتوں کے اثرات ابھی تک محسوس کیے جا رہے ہیں کیوں کہ پاکستان نے انڈیا کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا، جو بعدازاں واپس لے لیا گیا۔

دو طرفہ کرکٹ پاکستان اور انڈیا کے کشیدہ تعلقات کی نذر ہو چکی ہے، اس لیے جب بھی یہ روایتی حریف غیر جانبدار مقامات پر ہونے والے ملٹی ٹیم ایونٹس میں مدمقابل آتے ہیں تو جذبات عروج پر ہوتے ہیں۔

انڈیا کے ایک اور پڑوسی ملک بنگلہ دیش کے ساتھ کشیدہ تعلقات نے ورلڈ کپ کے ارد گرد کے سیاسی ماحول کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے۔

جب بنگلہ دیش نے سکیورٹی خدشات کی بنا پر انڈیا کا دورہ کرنے سے انکار کر دیا اور 20 ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں اس کی جگہ سکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا گیا، تو خطے کی سیاسی بساط ہی پلٹ گئی۔

پاکستان نے بنگلہ دیش کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے گروپ اے میں انڈیا کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا، جس سے کھیل، تجارت اور جیو پولیٹکس کے سنگم پر کھڑا یہ منافع بخش میچ خطرے میں پڑ گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اشتہارات کی مد میں کروڑوں ڈالرز کے نقصان کے خدشے کے پیش نظر براڈکاسٹرز میں کھلبلی مچ گئی۔ گورننگ باڈی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پس پردہ ہنگامی بات چیت کی اور بالآخر ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے مقابلے کو بچانے کے لیے ایک سمجھوتہ کروایا۔

تاہم، اگر صرف کرکٹ کی کارکردگی کی بات کی جائے تو یہ رقابت یک طرفہ رہی ہے۔

دفاعی چیمپیئن انڈیا کا ٹورنامنٹ کی تاریخ میں پاکستان کے خلاف ریکارڈ 1-7 ہے اور اس نے متحدہ عرب امارات میں ہونے والے گذشتہ ایشیا کپ میں بھی اپنی اس برتری کو ثابت کیا تھا۔

انڈیا نے اس ایک ایونٹ میں پاکستان کو تین بار شکست دی، جس میں ایک ہنگامہ خیز فائنل بھی شامل تھا جو اشتعال انگیز اشاروں اور مصافحہ کرنے سے انکار جیسے واقعات کی وجہ سے خراب ہوا۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ