اداکارہ ماہرہ خان نے دو روز قبل سینیئر اداکار فردوس جمال کی جانب سے اپنی عمر پر نکتہ چینی کا بالآخر جواب دے دیا ہے۔
انسٹاگرام پر ایک پیغام میں انہوں نے ٹائپ کرنے کی بجائے ہاتھ سے لکھی ہوئی تحریر ٹویٹ کی ہے جس میں انہوں نے فلسفیانہ انداز اپناتے ہوئے لکھا ہے کہ ’ہم خود زمانہ حال ہیں۔ جو ہم کرتے ہیں اور جیسا کرتے ہیں، وہی ہمارا مستقبل ہے۔‘
فردوس جمال نے ایک ٹیلی ویژن پروگرام میں ماہرہ خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا تھا کہ ’نہ تو وہ اداکارہ اچھی ہیں اور نہ ہی ان کی عمر ایسی ہے کہ وہ ہیروئن کا کردار ادا کر سکیں۔‘
انہوں نے ماہرہ کو مشورہ دیا تھا کہ وہ ماں کے کردار ادا کیا کریں۔
اس بات پر سوشل میڈیا پر ایک بحث شروع ہوگئی تھی اور اکثر فنکاروں نے فردوس جمال کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
ماہرہ نے اپنی تحریر میں اپنے اُن مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے ان کی حمایت کی۔
انہوں نے مزید لکھا: ’میں اپنے سینیئر فنکاروں کی شکرگزار ہوں کہ انہوں نے مجھے اور دوسروں کو راستہ دکھایا۔ میں فخر سے کہہ سکتی ہوں کہ میں نے اپنے سفر میں وہی کیا جسے میں صحیح سمجھتی تھی اور کبھی دوسروں کے اپنے بارے میں خیالات سے متاثر نہیں ہوئی۔ اور میں یہ سفر ایسے ہی جاری رکھوں گی۔‘