72 سال میں میٹرک: ’انکل آپ اس عمر میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں‘

عبدالحفیظ میر کہتے ہیں کہ امتحانات کی تیاری میں ان کی بیٹی اور بہو ان کی مدد کرتی ہیں۔

’علم کے حصول اور محبت کرنے کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں ہوتی۔‘ ایسا ہم اکثر فلموں، ڈراموں یا عام زندگی میں اکثر سنتے رہتے ہیں، مگر راولپنڈی کے ایک 72 سالہ شخص نے ایسا ہی کچھ کر کے اس بات کو سچ ثابت کر دیا ہے۔

راولپنڈی کے عبدالحفیظ میر نے اپنی عمر کے اس حصے میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے میٹرک کا امتحان دینے کا نہ صرف فیصلہ کیا بلکہ انہوں نے داخلہ لے کر پہلے سمسٹر کا امتحان بھی دے دیا ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ امتحانات کی تیاری میں ان کی بیٹی اور بہو ان کی مدد کرتی ہیں۔

عبدالحفیظ میر نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا: ’میرے والد صاحب واہ فیکٹری میں کام کرتے تھے تو ابتدائی تعلیم میں نے وہاں سے حاصل کی۔ والد کے ریٹائرڈ ہونے کے بعد چار بہنوں اور تین بھائیوں کو پالنا تھا تو اسی وجہ سے مجبوراً مجھے پڑھائی چھوڑنا پڑی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید بتایا: ’مجھے تعلیم حاصل کرنے کا شوق تھا، اس لیے ایک دن اپنے بیٹے کامران میر سے اپنی تعلیم حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کی، جس کے بعد بیٹے نے میری خواہش کو پورا کرنے کے لیے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں داخلہ دلوا دیا۔‘

عبدالحفیظ کے مطابق: ’ہر انسان کو تعلیم حاصل کرنی چاہیے کیونکہ پڑھائی کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں۔ پڑھائی سے انسان کو حق و باطل سمجھ آ جاتا ہے، جس کی وجہ سے انسان دین اور قرآن کو بھی سمجھ سکتا ہے۔‘

72 سالہ عبدالحفیظ اپنے اسائنمنٹس خود بناتے ہیں۔ ان کی ایک پوتی بھی ہیں جو اپنے دادا کو کتابوں کے ساتھ دیکھ کر خوش ہوتی ہیں اور ان کے ساتھ بیٹھ کر پڑھائی بھی کرتی ہیں۔

پہلے سمسٹر کے امتحان کے بارے میں انہوں نے بتایا: ’جب میں امتحانی ہال میں پیپر دینے کے لیے جاتا ہوں تو میٹرک کے دیگر طلبہ و طالبات مجھے دیکھ کر حیران اور خوش ہو جاتے ہیں۔ وہ مجھے دیکھ کر کہتے ہیں کہ انکل آپ اس عمر میں بھی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ ان کا ایک بیٹا بیرون ملک ملازمت کرتا ہے، جس نے ایم بی اے کیا ہوا ہے جب کہ دوسرا بیٹا علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ آئی ٹی میں ہے، جس نے آئی ٹی میں ہی پی ایچ ڈی کر رکھی ہے اور ان کی بیٹی ایک نجی سکول میں پرنسپل ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کیمپس