پاکستان، برطانیہ، نائجیریا، برازیل اورجنوبی کوریا کے پانچ سکولوں کو طلبہ کی ذہنی و جسمانی بہتری میں معاونت، بنیادی سہولتوں سے محروم برادریوں کی مدد اور سیکھنے میں پیچیدہ مشکلات کا سامنا کرنے والے بچوں کے لیے مربوط تعاون سمیت مختلف خدمات پر جمعرات کو ’دنیا کے بہترین سکولوں کے انعامات‘ کا فاتح قرار دیا گیا ہے۔
منتظم ادارے ’ٹی 4 ایجوکیشن‘ نے بتایا ہے کہ فاتحین کو جنوری میں لندن میں ہونے والی ورلڈ سکولز سمٹ میں مدعو کیا گیا ہے، جہاں وہ پالیسی سازوں اور تعلیمی شخصیات کے سامنے اپنا طریقہ کار پیش کریں گے۔
’ٹی 4 ایجوکیشن‘ اساتذہ کا ایک عالمی نیٹ ورک ہے۔
پاکستان سے ’صحت مند زندگی میں معاونت کا انعام‘ لاہور کے نجی سکول ٹی این ایس بیکن ہاؤس نے جیتا، جہاں نرسری، پرائمری اور سیکنڈری سطح کے 1100 سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ سکول کو مختلف انداز میں سوچنے، سمجھنے اور سیکھنے والے طلبہ کی معاونت کے طریقہ کار پر یہ انعام دیا گیا۔
یہ سالانہ انعام ایسے وقت میں دیا گیا ہے جب چند ہفتے قبل فرانس میں ہائی سکولوں کے طلبہ نے عمارتوں کی مرمت، مزید اساتذہ کی بھرتی اور یونیورسٹیوں میں اصلاحات کے مطالبات پر سکولوں کی ناکہ بندی کر دی تھی۔
یہ تحریک بعد میں مہنگائی کے خلاف احتجاج میں تبدیل ہو گئی، جس میں مزدور یونینوں کے ارکان اور کارکن بھی شامل ہو گئے اور بعض اوقات احتجاج نے پرتشدد صورت اختیار کر لی۔
ٹی 4 ایجوکیشن اور ان انعامات کے بانی وکاس پوتا کا کہنا ہے: ’نوجوان صرف اپنے مستقبل کے بارے میں فکر مند ہیں۔ ہمارے سکول، خاص طور پر انعام جیتنے والے سکول، طلبہ کو بہتر مستقبل کی امید دلا رہے ہیں۔ وہ اپنی برادریوں کی ضروریات کے مطابق کام کر رہے ہیں۔‘
لندن کے سرکاری پرائمری اور سیکنڈری خصوصی سکول ’سوئس کاٹیج سکول، ڈولپمنٹ اینڈ ریسرچ سینٹر‘ نے سیکھنے میں پیچیدہ مشکلات کا سامنا کرنے والے طلبہ کی مدد کے لیے مختلف خدمات کو یکجا کرنے پر ’کمیونٹی کولیبوریشن انعام‘ جیتا۔
ان طلبہ میں بڑی تعداد کم آمدنی والے خاندانوں سے تعلق رکھتی ہے۔ یہ سکول تعلیم، سماجی سرگرمیوں میں شرکت، علاج، صحت کی دیکھ بھال اور روزگار کے حصول میں معاونت کو آپس میں جوڑ کر طلبہ کی کلاس میں ہونے والی تعلیم کو وسیع تر دنیا سے منسلک کرتا ہے۔
نائجیریا کے شہر ایپے میں قائم ’سلم 2 سکول گرین اکیڈمی‘ نے ’ماحولیاتی اقدامات کا انعام‘ جیتا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس فلاحی ادارے کے زیر انتظام اس نرسری اور پرائمری سکول میں دریائی علاقوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 250 بچے زیر تعلیم ہیں۔ سکول کو ماحول دوست طرز پر تعمیر کی گئی عمارتوں اور عملی سرگرمیوں، منصوبوں اور کھیل کے ذریعے تعلیم دینے کے مشترکہ طریقہ کار پر اس اعزاز سے نوازا گیا۔
سکول شمسی توانائی سے چلتا ہے اور اسے لکڑی اور بانس جیسے قدرتی مواد سے تعمیر کیا گیا ہے۔ طلبہ کو پانی کے تحفظ، کچرے کے انتظام اور قابل تجدید توانائی سمیت ماحول دوست طریقوں کے بارے میں تعلیم دی جاتی ہے۔
سرکاری پرائمری سکول ’ایسکولا میونسپل جی ای ٹی 4 سینٹیناریو‘ نے تخلیقی صلاحیتوں، جذباتی نشوونما اور طلبہ کی قائدانہ صلاحیتوں پر مبنی عملی تعلیمی طریقہ کار پر ’مشکلات پر قابو پانے کا انعام‘ جیتا۔ اس سکول میں 261 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔
ریو ڈی جنیرو کی کُمپلیکسو دا مارے نامی کچی آبادی میں قائم یہ سکول مقامی تشدد کے باعث 2024 میں 37 دن بند رہا۔ سکول میں ’ڈریم فیکٹری‘ کے نام سے ایک پروگرام چلایا جاتا ہے، جس کے تحت طلبہ ٹیکنالوجی کی مدد سے مقامی مسائل کا حل تلاش کرتے ہیں۔
سیئول کے نجی سیکنڈری سکول ’جی سکول‘ نے ’جدت کا انعام‘ جیتا۔ سکول کے تقریباً 70 طلبہ میں سے ہر طالب علم سماجی مسئلے کے حل کے لیے ایک طویل مدتی منصوبے پر کام کرتا ہے۔ طلبہ کی ایک ٹیم نے مقامی سطح پر 27 کاروباری اداروں کو وہیل چیئر استعمال کرنے والوں کی آسان رسائی کے لیے ڈھلوان راستے بنانے پر آمادہ کیا۔
عوامی ووٹ سے طے ہونے والا ایک الگ ’کمیونٹی چوائس ایوارڈ‘ استنبول کے ’دارالشفقت تعلیمی ادارے‘ نے جیتا۔ مکمل وظیفے پر تعلیم دینے والے اس رہائشی سکول کو دو طریقوں پر مشتمل تعلیمی نظام پر یہ انعام دیا گیا، جس میں زلزلے سے متاثرہ بچوں کے لیے آن لائن تعلیم بھی شامل ہے۔