’پٹھان‘ کے بعد ’جوان:‘ کنگ خان کے اچھے دن ابھی باقی ہیں

فلم زیرو کی ناکامی کے بعد ہر طرف سے آوازیں اٹھنے لگیں کہ مزید اداکاری شاہ رخ خان کے بس کی بات نہیں لیکن صاحبو، وہ شاہ رخ خان ہی کیا جو ہار مان لے۔

جوان اس سال سات ستمبر کو دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی (ریڈ چیلیز انٹرٹینمنٹ)

شاہ رخ خان کی نئی فلم ’جوان‘ کیسا تہلکہ مچائے گی اس کا اندازہ تو اس کے ٹریلر اور پرستاروں کے ردعمل سے لگایا جا سکتا ہے۔

پہلے 24 گھنٹوں میں 112 ملین سے زیادہ لوگ ٹریلیر دیکھ چکے ہیں۔ فلم تھرلنگ، شاہ رخ بہروپیے اور عوام ذوق کے کچے ہیں، تو کوئی وجہ نہیں کہ فلم بلاک بسٹر ثابت نہ ہو۔

جوان کی اس مختصر ویڈیو سے معمولی توقعات وابستہ نہ تھیں مگر ردعمل کہیں زیادہ غیر معمولی آیا۔

ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ملنے والی اس ریکارڈ ساز کامیابی کے بعد ایسا لگتا ہے کہ فلم تھیٹر میں بھی تاریخ رقم کرے گی۔

اس ایکشن تھرلر کے ہدایت کار ایٹلی کمار ہیں جو تامل فلم انڈسٹری میں ایک بڑا نام ہیں جبکہ پروڈیوسر گوری خان اور گورو ورما ہیں۔ 

یہ فلم رواں برس سات ستمبر کو دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔ اسے بیک وقت ہندی، تامل اور تیلگو زبانوں میں تیار کیا گیا ہے۔

یہ مختصر پروموشنل ویڈیو اپنی جگہ ایڈیٹنگ کا ایک شاہکار ہے۔ سنسنی خیز اور ایکشن سے بھرپور تھرل کا پرتجسس اظہار۔ زبردست ایکشن کے ذریعے ایٹلی کمار اور ان کی ٹیم سامعین کو یقین دلانے میں کامیاب رہی ہے کہ یہ فلم بھرپور انٹرٹینمنٹ ثابت ہو گی۔

172 سیکنڈ کی اس مختصر ویڈیو میں دیپیکا پاڈوکون کی جھلک بھی موجود ہے جو اس بار کسی آئٹم سونگ میں رقص کے جلوے پیش کرنے نہیں آئیں۔ شاہ رخ کی فلم میں ان کی موجودگی شائقین کے جوش و خروش کو مزید بھڑکائے دیتی ہے۔

جب سے دیپیکا نے کنگ خان کے ساتھ ’اوم شانتی اوم‘ (2007) سے آغاز کیا تب سے دونوں کی کیمسٹری لاجواب رہی۔ چاہے وہ ’چینئی ایکسپریس‘ (2013) ہو، ’ہیپی نیو ایئر‘ (2014) ہو یا حالیہ بلاک بسٹر ’پٹھان‘ (2023)۔

اب ’جوان‘ کے پریویو سے انکشاف ہوا کہ دیپیکا بطور ایکشن سٹار فلم کی مارکیٹ ویلیو میں اضافہ کرنے کے لیے مختصر وقت کے لیے کنگ خان کے ساتھ ہیں۔ 

ویڈیو میں دیپیکا کو سرخ ساڑھی پہنے برستی بارش میں ایک حملہ آور سے لڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

بعض لوگوں کا دعویٰ ہے کہ دیپیکا پڈوکون شاہ رخ خان کی ماں کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ شاہ رخ فلم میں باپ اور بیٹے دونوں کا کردار ادا کرتے ہیں۔ 

ایک اندازے کے مطابق شاہ رخ اور دیپیکا کا تعلق کسی قبائلی سرزمین سے ہو سکتا ہے۔ شاید وہ ایک ہی جگہ سے لڑنے کی مہارت حاصل کرنے کے بعد شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہوں۔

شادی کے کچھ عرصے بعد حکومت اس زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کرتی ہے جس کے خلاف یہ جوڑا بغاوت کرتا ہے۔

ٹریلزر کی خاص بات یہ ہے کہ شاہ رخ کے کردار کے حوالے سے تجسس مزید بڑھ جاتا ہے۔

کیا وہ ولن ہیں؟ کیا وہ بیک وقت ولن بھی ہیں اور ہیرو بھی؟ یہ سب واضح نہیں جس کا مقصد تجسس برقرار رکھنا ہے۔ 

شاہ رخ کے کیریئر کی نئی جست

کم و بیش چار سال پہلے جب شاہ رخ خان کی فلم ’زیرو‘ نے اپنے نام کی مناسبت سے کامیابی حاصل کی تو ہر طرف سے آوازیں اٹھیں کہ بس اب شاہ رخ خان کو سوچ لینا چاہیے کہ اداکاری ان کے بس کی بات نہیں۔

 ڈھلتی ہوئی عمر اور تیزی سے 60 برس کے قریب پہنچتی عمر میں ڈھلتا بدن اور کرخت چہرہ انہیں ہیرو قبول نہیں کراتے۔ طرح طرح کے الزامات کے تیر ان پر برسائے گئے۔

یہاں تک کہ ان کے کیریئر کے آگے ’فل سٹاپ‘ لگانے کی بھی گردان ہونے لگی لیکن یش چوپڑہ نے درست ہی کہا تھا کہ شاہ رخ خان تو لمبی دوڑ کے گھوڑے تھے، جو معمولی رکاوٹوں سے گھبرائے نہیں۔

لوگوں نے یہ بھی کہا کہ بہتر ہے کہ وہ فلم سازی کے میدان میں قدم رکھ کر اب خود کو پس پردہ ہی کر لیں۔ لیکن صاحبو، وہ شاہ رخ خان ہی کیا جو ہار مان لیں۔

اب ’پٹھان‘ کی بےمثال کامیابی کے بعد شاہ رخ کے کیریئر کو نئے پر لگ گئے ہیں اور وہ ایک نئے جوش و جذبے سے کامیابیاں سمیٹتے چلے جا رہے ہیں۔

ایک خاموشی جس نے تجسس کو جنم دیا

بالی وڈ میں کسی فلم کی ریلیز سے پہلے مارکیٹنگ کا ایک لگا بندھا ضابطہ ہمارے سامنے ہے۔ ستارے مختلف شوز میں جا کر انٹرویو دیتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فلم میں مختلف لوگوں کے کرداروں کے حوالے سے بات کی جاتی ہے۔ سوشل میڈیا پر لمبی چوڑی مہم چلائی جاتی ہے۔ مگر شاہ رخ خان ایک مختلف طریقہ اپنائے ہوئے ہیں۔ 

رواں برس کے آغاز میں جب ’پٹھان‘ ریلیز ہوئی تو اس سے پہلے شاہ رخ خان اور دیپکا پاڈوکون سمیت کسی بڑے سٹار نے کوئی انٹرویو نہیں دیا، ریلیز سے پہلے فلم کے حوالے سے کوئی پریس کانفرنس نہیں کی گئی۔

ایک خاموشی تھی جس سے تجسس نے جنم لیا۔ نتیجہ یہ کہ لوگوں نے اپنے سوالات کے جواب جاننے کے لیے سینیما گھروں کا رخ کیا۔ 

یہی معاملہ ’جوان‘ کا نظر آ رہا ہے۔ اب بھی تجسس کا ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے۔ 

گرافکس کا استعمال اور ایکشن سے بھرپور تھرلرز ایٹلی کمار کا خاصہ ہے۔ وہ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کر کے بہت خوش ہیں۔

ٹوئٹر پر اپنے نوٹ میں وہ لکھتے ہیں، ’بادشاہوں کی کہانیاں پڑھنے سے لے کر حقیقت میں ایک کے ساتھ کام کرنے تک، میرا اندازہ ہے کہ میں اس خواب کو سچ کے روپ میں جی رہا ہوں جو میں نے ہمیشہ دیکھا۔ 

’اس فلم نے مجھے اڑنے کو نیا آسمان دیا، اس سفر میں میں نے انمول سبق سیکھے۔ سنیما کے لیے آپ کا جذبہ اور آپ نے جس قدر محنت کی، جس کا میں نے گذشتہ تین برسوں میں قریب سے مشاہدہ کیا، متاثر کن اور حوصلہ افزا ہے۔

’یہ تو بس شروعات ہیں جناب۔ میں آپ سے محبت کرتا ہوں جناب۔ پوری ٹیم کی جانب سے اس عظیم موقع کے لیے ایک بار پھر آپ کا شکریہ۔ خدا مجھ پر بہت مہربان ہے!! آپ سب کا شکریہ۔‘

شائقین نے جوان کی مختصر ویڈیو کے بعد سب سے زیادہ سلمان خان کی ٹویٹ پر ردعمل دیا۔ سلمان نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا ’پٹھان جوان بن گیا۔ بہت شاندار اور غیر معمولی ٹریلر ہے جو مجھے بہت زیادہ اچھا لگا۔‘

اس کے ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ایسی فلم ہے جسے تھیئٹر میں جا کر ہی دیکھنا چاہیے۔ میں تو پہلے ہی دن جا کر دیکھوں گا۔ مزہ آ گیا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ