پاکستان، انڈیا کے عوام کرکٹرز سے محبت کرتے ہیں: ذکا اشرف

ذکا اشرف نے کہا کہ وہ اس بات کے خواہش مند ہیں کہ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ کرکٹ روابط بحال ہوں۔

19 مئی 2014 کو لاہور میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے اس وقت دوبارہ بحال ہونے والے سربراہ ذکا اشرف گفتگو کر رہے ہیں (عارف علی/ اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے موقعے پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کی انڈیا آمد پر اس کا جو زبردست استقبال ہوا ہے وہ اس بات کو ثابت کرنے کے لیے کافی ہے کہ دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے کے کھلاڑیوں سے کتنی زیادہ محبت کرتے ہیں۔

لاہور سے جاری ایک بیان کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ اس پیار کی ایک جھلک حیدرآباد دکن ایئرپورٹ پر نظر آئی جس پر وہ ذاتی طور پر انڈینز کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی انڈیا اور پاکستان کرکٹ کے میدان میں اترتے ہیں یہ دونوں کرکٹ کے روایتی حریف کے طور پر ہی نظر آتے ہیں، دشمن کے طور پر نہیں۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے حیدرآباد پہنچنے پر سینکڑوں بھارتی شائقین نے پاکستانی کھلاڑیوں کا استقبال کیا تھا۔

مقامی شائقین پاکستانی کرکٹرز کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے قطار میں کھڑے دکھائی دیے جنہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کی ویڈیوز بھی بنائیں اور انھیں نام لے کر پکارتے بھی رہے۔

ذکا اشرف نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ پورے ورلڈ کپ کے دوران پاکستانی کرکٹرز کو اسی طرح پذیرائی ملے گی اور انڈین شائقین کو پاکستانی کرکٹرز کی طرف سے بہترین کرکٹ بھی دیکھنے کو ملے گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم جب بھی انڈیا گئی ہے وہاں کے لوگوں نے اس کا والہانہ استقبال کیا ہے اسی طرح انڈیا کی ٹیم جب بھی پاکستان آئی ہے اسے یہاں ہمیشہ پذیرائی ملی ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ کرکٹ ایک ایسا کھیل ہے جس نے ہمیشہ دونوں ملکوں کے درمیان محبت اور دوستی کے ُپل کا کردار ادا کیا ہے اور دونوں ملکوں کے کرکٹرز ایک دوسرے کے یہاں ہمیشہ مقبول اور پسندیدہ رہے ہیں۔

ذکا اشرف نے کہا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والی کرکٹ ہمیشہ سے دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنی ہے اور یہی وجہ ہے کہ انڈیا پاکستان کرکٹ کو ایشیز سے بھی بڑھ کر سمجھا جاتا ہے۔

ذکا اشرف نے کہا کہ وہ اس بات کے خواہش مند ہیں کہ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ کرکٹ روابط بحال ہوں تاکہ دونوں ملکوں کے کروڑوں کرکٹ شائقین کو ان کرکٹرز کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملے۔

5 اکتوبر سے شروع ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کی آمد پر سینکڑوں بھارتی شائقین نے تالیاں بجا کر استقبال کیا۔

پاکستانی دستہ بدھ کی رات جنوبی بھارتی شہر حیدرآباد کے راجیو گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ٹوئٹر پر پوسٹ کی جانے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا تھا کہ شائقین اپنے فون سے تصاویر لے رہے ہیں اور پاکستانی کھلاڑیوں کے نام پکار رہے ہیں تاکہ ان کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا سکیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ