پاکستانی ٹیم کو ورلڈ کپ کے لیے انڈیا کے ویزے جاری: پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیا مینجر احسن افتخار نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا ہے کہ ’پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے ویزے جاری کر دیے گئے ہیں۔‘

10 ستمبر، 2023 کو سری لنکا کے شہر کولمبو میں ایشیا کپ کے دوران پاکستان اور انڈیا کے میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑی میدان میں موجود(اے ایف پی/ایشارہ کوڈی کارا)

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو انڈیا میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے ویزے جاری کر دیے گئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیا مینجر احسن افتخار نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا ہے کہ ’پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے ویزے جاری کر دیے گئے ہیں۔‘

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ پانچ اکتوبر سے شروع ہونے جا رہا ہے۔ ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہو گا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم انڈیا میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں اپنے سفر کا آغاز نیوزی لینڈ کے خلاف وارم اپ میچ سے کرے گی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان یہ وارم اپ میچ 29 ستمبر کو حیدر آباد میں کھیلا جائے گا۔

اس کے علاوہ پاکستان ایک اور وارم اپ میچ بھی کھیلے گا جو تین اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلا جائے گا۔

پاکستان عالمی مقابلوں میں اپنا پہلا میچ چھ اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف حیدرآباد میں کھیلے گا۔

ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی سکواڈ کا اعلان جمعہ 22 اکتوبر کو کیا گیا تھا۔

اعلان کردہ سکواڈ کے مطابق بابر اعظم ہی ورلڈ کپ میں ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ شاداب خان کو نائب کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فاسٹ بولر نسیم شاہ انجری کے باعث ورلڈ کپ سکواڈ کا حصہ نہیں ہیں جبکہ ان کی جگہ حسن علی کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

ورلڈ کپ کے لیے انڈیا جانے سے قبل پیر کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پاکستان فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا تھا کہ ’ہم نسیم شاہ کی کمی محسوس کریں گے مگر حسن علی ایک بہترین بولر ہیں اور ایک ساتھ بہت کرکٹ کھیلے ہیں۔ ہمیں ان پر بھروسہ ہے۔‘

انہوں نے حسن علی کے حوالے سے مزید کہا کہ ’ہم ان کی بہترین واپسی کے لیے پرامید ہیں۔‘

حارث رؤف نے پیر کو کی گئی پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ ’مجھے نئی گیند سے بولنگ کرنی ہے یا پرانی گیند سے یہ میرے ہاتھ میں نہیں، لیکن اس سے فرق نہیں پڑتا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہمیں جو چیلنج ملتا ہے اسے ہم قبول کرتے ہیں اور اپنی بہترین کارکردگی دینے کی کوشش کرتے ہیں۔‘

پاکستانی سکواڈ میں شامل آل راؤنڈر سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ ’ہر کسی کی طرح ورلڈ کپ کھیلنا میرا بھی بچپن کا خواب ہے جو اب پورا ہونے جا رہا ہے۔‘

سلمان علی آغا نے بھی پیر کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’ایشیا کپ میں ہماری کارکردگی ویسی نہیں تھی جیسی ہونی چاہیے تھی جو مایوس کن ہے مگر اس وقت ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ