پاکستان کے دفتر خارجہ نے جمعرات کو بتایا ہے کہ بنگلہ دیش کا دورہ کرنے والی سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ کی بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس سے ملاقات ہوئی ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بنگلہ دیش کا دورہ کرنے والے وفد کی قیادت سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ کر رہی ہیں اور یہ گذشتہ 15 سالوں میں دونوں ممالک کے درمیان سیکریٹری خارجہ سطح پر ہونے والے پہلے مذاکرات ہیں۔
بیان کے مطابق جمعرات کو سیکریٹری خارجہ سطح پر ہونے والے مذاکرات میں پاکستان کی طرف سے سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ جبکہ بنگلہ دیش کے سیکریٹری خارجہ جاشم الدین شامل تھے۔
دوسری جانب پاکستان کے سفارتی ذرائع کے مطابق رواں ماہ ہی دونوں ممالک کے درمیان وزرا خارجہ سطح کی ملاقات بھی متوقع ہے جس کے لیے اپریل کے آخر میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بنگلہ دیش کا دورہ کریں گے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ کی بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع، نوجوانوں کے درمیان روابط، علاقائی انضمام اور سارک کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان کے مطابق محمد یونس نے ’پاکستان اور بنگلہ دیش کے دوطرفہ تعلقات کے بارے میں اپنے وژن سے بھی آگاہ کیا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس سے قبل مارچ میں جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے غیر معمولی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر پاکستانی نائب وزیراعظم کی بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ محمد توحید حسین سے ملاقات ہوئی تھی جس میں پاکستان کی طرف سے تجارت اور دونوں ممالک کی عوام کے مابین رابطوں کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا تھا۔
جبکہ حالیہ مہینوں کے دوران پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس کے درمیان عالمی فورمز کے سائیڈ لائنز پر ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔ اس کے علاوہ رواں سال جنوری میں بنگلہ دیش کے آرمی چیف بھی پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں حالیہ بہتری کے حوالے سے سابق سفارت کار عاقل ندیم نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کے لیے اس لحاظ سے حالات بہتر ہیں کیونکہ بنگلہ دیش کی موجودہ حکومت پاکستان سے تعلقات بڑھانا چاہتی ہے۔‘