سرحدی کشیدگی: پاکستان سپر لیگ کے میچز متحدہ عرب امارات منتقل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے باقی تمام میچز اب متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔

8 مئی 2025 کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا میچ ملتوی ہونے کے بعد چھابڑی فروش اپنا سامان سمیٹ رہے ہیں (اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)  کے باقی تمام میچز اب متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔

جمعرات کو بی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق کراچی کنگز بمقابلہ پشاور زلمی، پشاور زلمی بمقابلہ لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ کراچی کنگز، ملتان سلطانز بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کوالیفائر، ایلیمی نیٹر ون اور ایلیمی نیٹر ٹو اور فائنل  کو نئے شیڈول کے مطابق ترتیب دیا جائے گا۔ 

بی سی بی کا کہنا ہے کہ میچز کی تاریخوں اور مقامات پر مشتمل مکمل شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔

قبل ازیں گذشتہ روز پاکستان اور انڈیا کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے پیش نظر راولپنڈی میں ہونے والا پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے میچ کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہ فیصلہ انڈیا کی جانب سے جمعرات کو پاکستان کے متعدد شہروں پر ڈرون حملوں کے بعد سامنے آیا تھا جن میں سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے قریب بھی گرا ہے۔

 پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’پی سی بی نے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان آج رات راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے  میچ کو ری شیڈول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘

تاہم یہ میچ کب اور کہا کھیلا جائے گا اس حوالے سے کچھ نہیں کہا گیا تھا۔

پاکستان سپر لیگ میں اب تک کل 26 میچز کھیلے جا چکے ہیں جبکہ 27واں میچ جمعرات کی شب پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا۔

پاکستان سپر لیگ میں نو مئی کو لاہور قلندرز اور پشاور زلمی جبکہ 10 مئی کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان میچز بھی راولپنڈی میں کھیلے جانے ہیں جن کا شیڈول بھی تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب انڈین پریمیئر لیگ میں بھی اتوار کو ممبئی انڈینز اور پنجاب کنگز کے درمیان دھرم شالا میں کھیلے جانے والے میچ کو گجرات منتقل کر دیا گیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ