سرحدی کشیدگی کے باعث آئی پی ایل ایک ہفتے کے لیے معطل

آئی پی ایل 2025 میں اس وقت تک 58 میچ ہو چکے ہیں، جن میں دھرم شالہ کا منسوخ شدہ میچ بھی شامل ہے۔

پاکستان اور انڈیا کے درمیان تنازعے کے باعث کرکٹ کا سب سے مالدار ٹورنامنٹ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) جمعے کو ایک ہفتے کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔

انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے اعزازی سیکریٹری دیوجیت سائکیا نے ایک بیان میں کہا، ’ٹورنامنٹ کے نئے شیڈول اور مقامات کے حوالے سے مزید اپ ڈیٹس مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔‘

بیان میں مزید کہا گیا، ’کرکٹ ایک قومی جنون ہے، لیکن قوم اور اس کی خودمختاری، سالمیت اور ہمارے ملک کی سلامتی سے بڑھ کر کچھ نہیں۔‘

جمعرات کے روز دھرم شالہ میں حکام نے آئی پی ایل کا ایک میچ دس اووروں کے بعد منسوخ کر دیا تھا۔ دھرم شالہ  شمالی شہر جموں سے 200 کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر واقع ہے، جہاں گھنٹوں قبل دھماکوں کی اطلاعات آئی تھیں۔

جمعے کے روز جوہری ہتھیاروں سے لیس دونوں پڑوسیوں کے درمیان کشیدگی کے تیسرے دن انڈیا نے کہا کہ اس نے رات بھر پاکستانی ڈرون اور توپ خانے کے حملوں کی ایک لہر کو پسپا کر دیا۔

پاکستان میں حکام نے مزید شہریوں کی ہلاکتوں کی اطلاع دی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کی حفاظت کے پیش نظر گذشتہ روز اپنی ٹی 20 لیگ پی ایس ایل کے بقیہ میچ متحدہ عرب امارات منتقل کر دیے تھے۔

جمعرات کو آئی پی ایل میں پنجاب کنگز اور دہلی کیپٹلز کے درمیان میچ دھرم شالہ کے ہمالیائی پہاڑی قصبے میں بظاہر فلڈ لائٹ فیل ہونے کے باعث 10.1 اوورز کے بعد اچانک منسوخ کر دیا گیا۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق سٹیڈیم کو تیزی سے خالی کرایا گیا اور کھلاڑیوں کو بسوں کی مدد سے گراؤنڈ سے باہر نکال دیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آئی پی ایل کے چیئرمین ارون دھومل کو شائقین کو اسٹیڈیم چھوڑنے کا اشارہ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

10 ٹیموں پر مشتمل آئی پی ایل22 مارچ کو شروع ہوا تھا اور اس میں دنیا بھر کے کرکٹ ستارے حصہ لے رہے ہیں۔ جمعے کو لکھنؤ سپر جائنٹس نے رائل چیلنجرز بنگلور کی میزبانی کرنی تھی۔

گروپ سٹیج میں 12 میچ باقی ہیں، جس کے بعد حیدرآباد اور کولکتہ میں شیڈول پلے آف ہونا تھا۔ گجرات ٹائٹنز ٹیبل پر سرفہرست ہے جس کے بعد بنگلور دونوں ٹیمیں 11 میچوں کے بعد 16 پوائنٹس کے ساتھ ہیں۔

فائنل 25 مئی کو کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں ہونا تھا اور کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد اسے دیکھتی ہے۔

آئی پی ایل میں حصہ لینے والے غیر ملکی ستاروں میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز، مچل سٹارک، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ اور مچل مارش شامل ہیں، جبکہ سابق کپتان رکی پونٹنگ پنجاب کی کوچنگ کر رہے ہیں۔

آسٹریلوی نشریاتی کارپوریشن نے کہا کہ انڈیا میں مقیم کچھ آسٹریلوی کھلاڑی ہفتہ کی صبح ہی وطن واپس روانہ ہو سکتے ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا نے معطلی کی خبروں سے قبل جمعے کو ایک بیان میں کہا: ’ہم پاکستان اور انڈیا کی صورت حال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں... اور اس وقت خطے میں موجود اپنے کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کے ساتھ رابطے میں ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ