بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے جمعے کو بتایا کہ ضلع سوراب میں عسکریت پسندوں کے بینک اور سرکاری افسران کی رہائش گاہوں پر حملے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) ہدایت اللہ بلیدی جان سے گئے جبکہ مختلف افسران کے گھروں کو آگ لگا دی گئی۔
شاہد رند نے ایک بیان میں واقعے کو ’ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی مذموم کوشش‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ ’ہندوستان کی پراکسیز‘ نے کیا۔
ترجمان کے مطابق سوراب بازار میں بینک کو لوٹ لیا گیا جبکہ سرکاری افسران کی رہائش گاہوں کو نذر آتش کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ حملے کے دوران اے ڈی سی ریونیو ہدایت بلیدی نے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا اور حملے کے وقت ان کی رہائش گاہ پر خواتین اور بچے موجود تھے۔
شاہد رند کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے اور ’ریاست دشمن عناصر کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔‘
’فرنٹیئر کور (ایف سی)، پولیس اور لیویز فورسز نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔‘
اب تک کسی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ تاہم وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کو حملے کا ذمہ دار ٹھرایا ہے۔
انہوں نے ایکس پر ایک بیان میں کہا: ’ADC ریونیو کے عہدے پر ہونے کے باجود آج جب سوراب میں فتنہ الہند BLA کے دہشت گردوں نے بازار میں عورتوں اور بچوں پر گولیاں برسانی شروع کیں تو ہدایت اللہ بلیدی نے بلوچ روایات اور ہمت کی پاسداری کرتے ہوئے ریاست پاکستان کے تحفظ کے عہد کی تکمیل کرتے ہوئے جان قربان کر دی۔
وزیرِ اعظم ہاؤس سے جاری ایک بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ’سوراب میں دہشت گردی پھیلانے والے عناصر کی جانب سے بینک، معصوم شہریوں اور انتظامیہ کے افسران پر بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نے ’واقعے کے ذمہ داران کی نشاندہی کر کے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’افواج پاکستان بھارتی سرپرستی میں پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے والی پراکسیوں کے سدباب کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں۔‘
سوراب میں سرکاری املاک پر حملے ایک ایسے وقت پر ہوئے ہیں جب فیلڈ مارشل عاصم منیر نے آج کوئٹہ میں کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر سے جاری کردہ بیان کے مطابق فیلڈ مارشل نے سٹوڈنٹس، افسران اور فیکلٹی سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے والے مذموم عزائم کو پوری قوت سے ناکام بنایا جائے گا۔
اس سے قبل 21 مئی کو بلوچستان کے شہر خضدار میں آرمی پبلک سکول (اے پی ایس) کی ایک بس کو شدت پسندوں نے نشانہ بنایا تھا، جس میں چار بچوں سمیت چھ اموات ہوئیں۔
مارچ میں سبی کے قریب جعفر ایکسپریس ٹرین پر کالعدم بی ایل اے کے حملے میں 26 مسافر جان سے گئے تھے۔
حملہ آوروں کے خلاف کارروائی کے دوران پانچ سکیورٹی اہلکار جان سے گئے تھے۔
پاکستان فوج کے مطابق یہ حملہ انڈیا کی ایما پر ہوا۔ تاہم نئی دہلی نے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی تھی۔