چین کی 40 جے- 35 طیارے اور جدید دفاعی ہتھیار دینے کی پیشکش: پاکستان

حکومتِ پاکستان کے مطابق چین نے 40 عدد ففتھ جنریشن جے-35 طیارے، کے جے-500 ایواکس، اور ایچ کیو-19 لانگ رینج بیلسٹک دفاعی نظام دینے کی پیشکش کی ہے۔

چین کے صوبہ گوانگ ڈونگ کے شہر ژوہائی میں 14 نومبر، 2024 کو منعقد ہونے والے چین انٹرنیشنل ایوی ایشن اینڈ ایرو اسپیس ایگزیبیشن (ایئر شو چائنا) میں جے-35 سٹیلتھ لڑاکا طیارے کا ایک ماڈل نمائش کے لیے رکھا گیا ہے (روئٹرز)

حکومتِ پاکستان نے جمعے کو بتایا کہ چین نے پاکستان کو جدید دفاعی ہتھیاروں کی فراہمی کی پیشکش کی ہے، جن میں 40 عدد ففتھ جنریشن جے-35 سٹیلتھ جنگی طیارے، کے جے-500 ایواکس، اور ایچ کیو-19 لانگ رینج بیلسٹک دفاعی نظام شامل ہیں۔

اسی اعلامیے میں حکومت نے اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر یہ بھی بتایا کہ چین نے 3.7 ارب ڈالرز کے قرض کی ادائیگی مؤخر کر دی۔

حکومتِ پاکستان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے حالیہ مہینوں میں بین الاقوامی سطح پر متعدد اہم سفارتی کامیابیاں حاصل کی ہیں، جن کا دائرہ کار دفاعی، اقتصادی، تعلیمی اور تکنیکی شعبوں تک پھیلا ہوا ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ چین کے علاوہ پاکستان کے بنگلہ دیش سے بھی 50 سال سے زائد عرصے بعد دفاعی اور تجارتی تعلقات بحال ہوئے ہیں جبکہ افغانستان، چین کے بیلٹ اینڈ روڈ پراجیکٹ کے تحت سی پیک کے دوسرے فیز میں شامل ہو گیا ہے۔ 

اس کے علاوہ یورپی یونین نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) پر عائد چار سالہ پابندی ختم کر دی ہے۔

حکومتِ پاکستان کے مطابق سفارتی شعبے میں ایک اور بڑی کامیابی امریکہ کی جانب سے انڈیا کے خلاف پاکستان کے مؤقف کی کھل کر حمایت اور دو طرفہ تجارتی مذاکرات کی تصدیق ہے۔ 

یاد رہے کہ گذشتہ مہینے پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کے دوران امریکہ نے ثالثی کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کروانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

بیان کے مطابق اقتصادی میدان میں بھی پاکستان نے قابلِ ذکر پیش رفت کی ہے۔ عالمی بینک نے پاکستان کے ساتھ 10 سالہ ’کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک‘ کے تحت 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ 

اس فریم ورک کے تحت 20 ارب ڈالر صحت، تعلیم، نوجوانوں کی ترقی اور دیگر سماجی شعبوں میں خرچ کیے جائیں گے، جبکہ باقی 20 ارب ڈالر انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC) کے ذریعے نجی شعبے کی ترقی کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

اسی طرح سعودی عرب کے ساتھ پاکستان نے صنعت، ٹیکنالوجی، زراعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے دو ارب ڈالر کے معاہدے کیے ہیں۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

روس نے کراچی میں سٹیل مل کے قیام کے لیے 2.6 ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جبکہ حکومت کے مطابق ’ڈیڑھ لاکھ تربیت یافتہ پاکستانی مزدوروں کو نئے لیبر ایکسپورٹ معاہدے کے تحت بیلاروس میں بھیجا جائے گا۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ آذربائیجان نے 40 پاکستانی جے ایف-17 طیاروں کی خریداری کے لیے دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور کل 4.6 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدے طے پائے ہیں۔ 

اسی دوران ایران کے ساتھ تجارت کے حجم میں اضافے کی امید ہے، جو تین سے بڑھ کر 10 ارب ڈالر تک جا سکتا ہے۔

موجودہ حکومت کی سفارتی کامیابیوں میں کویت کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے ویزا اور سفری پابندیاں ختم کرنا، پانچ سالہ ملٹی انٹری ویزے کی اجازت دینا اور 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ شامل ہے۔

قطر نے نئی اقتصادی شراکت داری کے تحت تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے جبکہ ترکی کے ساتھ پانچ ارب ڈالر کے تجارتی ہدف کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔

ان کامیابیوں کے ساتھ ساتھ پاکستان کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں انسدادِ دہشت گردی کے وائس چیئرمین کے طور پر منتخب ہونا بھی ایک اہم سفارتی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ 

بیان کے مطابق متعدد عالمی طاقتیں پاکستان کے ساتھ توانائی، دفاع، مصنوعی ذہانت (AI)، لیبر اور فِن ٹیک کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر غور کر رہی ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان