انڈین میڈیا کے مطابق ’کانٹا لگا‘ گرل اداکارہ شیفالی جری والا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں۔
گانے ’کانٹا لگا‘ سے شہرت پانے والی اداکارہ اور ماڈل شیفالی جری والا کی شہرت کو دوام بگ باس میں شرکت سے ملا۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق 42 سالہ شیفالی کو 27 جون کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا، ان کے شوہر اور فیملی انہیں ہسپتال لے کر پہنچے مگر وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
شیفالی جری والا کی اچانک موت نے شوبز انڈسٹری اور ان کے مداحوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
متعدد شوبز شخصیات نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغامات میں شیفالی کی موت پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
انڈین گلوکار میکا سنگھ نے انسٹاگرام پر لکھا: ’میں شدید صدمے، غم اور بوجھل دل کے ساتھ یہ خبر سن رہا ہوں۔۔۔ ہماری پیاری سٹار اور میری عزیز ترین دوست ہمیں ہمیں چھوڑ کر چلی گئی ہیں۔ ابھی تک یقین نہیں آ رہا۔
آپ ہمیشہ اپنی نفاست، مسکراہٹ اور زندگی سے بھرپور جذبے کے لیے یاد رکھی جائیں گی۔
اداکارہ کامیا پنجابی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیفالی کہ وفات کی خبر شیئر کر کے لکھا: ’میں اس خبر کو بھلا نہیں سکتی، میرا دل ڈوب رہا ہے۔‘
اداکار علی گونی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا: ’شفالی کی اچانک موت نے مجھے صدمے اور دکھ میں مبتلا کر دیا ہے۔ زندگی بہت غیر متوقع ہے۔‘
اداکارہ رشمی ڈیسائی نے انسٹاگرام پر شیفالی کی تصویر کے ساتھ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تحریر کیا: ’میں ابھی تک اس خبر پر یقین نہیں کر پا رہی، آپ ایک بہترین انسان تھیں، اتنی اچھی کہ میرے پاس بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔ آپ کو بہت مس کیا جائے گا، آپ بہت جلدی چلی گئیں۔‘
شیفالی جری والا نے بگ باس 13 میں شرکت کی تھی، اسی سیزن کے فاتح سدھارتھ شکلا 2021 میں دل کا دورہ پڑنے سے وفات پا گئے تھے۔