مارکو روبیو کی وزیراعظم سے ملاقات: معدنیات، انسداد دہشت گردی پر تبادلہ خیال

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کی مسلسل حمایت اور بورڈ آف پیس میں شمولیت کو بھی سراہا۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی جانب سے 20 فروری 2026 کو جاری کی گئی تصویر میں انہیں پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ ملاقات کے موقعے پر دیکھا جا سکتا ہے (مارکو روبیو ایکس اکاؤنٹ)

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے مطابق جمعے کو ان کی وزیراعظم شہباز شریف سے ہونے والی ملاقات میں معدنیات اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے سٹریٹیجک تعلقات کی اہمیت پر گفتگو ہوئی۔

ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں مارکو روبیو نے وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کے موقعے پر لی گئی تصویر شیئر کی پاکستان کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کی مسلسل حمایت اور بورڈ آف پیس میں شمولیت کو سراہا۔

انہوں نے مزید لکھا: ’ہماری ملاقات میں اہم معدنیات کی ترقی اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے ہمارے سٹریٹیجک تعلقات کی اہمیت پر تبادلۂ خیال ہوا۔‘

امریکی صدر ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کے تحت بنائے گئے بورڈ آف پیس کا مقصد غزہ میں عارضی حکومت کی نگرانی کرنا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ایک قرارداد، جو نومبر 2025 کے وسط میں منظور کی گئی تھی، نے بورڈ اور اس کے ساتھ کام کرنے والے ممالک کو غزہ میں ایک بین الاقوامی استحکام فورس قائم کرنے کا اختیار دیا، جہاں ٹرمپ کے منصوبے کے تحت اکتوبر میں فائر بندی شروع ہوئی تھی، جس پر اسرائیل اور فلسطینی گروپ حماس نے دستخط کیے تھے۔

غزہ کی تعمیر نو پر بات چیت کے لیے بورڈ آف پیس کے اراکین کی پہلی ملاقات واشگنٹن میں جمعرات کو یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس کی عمارت میں ہوئی، جس میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر درجنوں رہنماؤں نے شرکت کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

امریکی صدر نے بورڈ آف پیس کے پہلے اجلاس کے موقع پر اپنے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں پسند کرتے ہیں۔

گذشتہ برس مئی میں انڈیا کے ساتھ مختصر جنگ، جو امریکی صدر کی ثالثی کے نتیجے میں ختم ہوئی تھی، کے بعد سے ٹرمپ متعدد مواقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سراہ چکے ہیں۔

دوسری جانب بورڈ آف پیس سے خطاب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ٹرمپ کی کوششوں پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں جنوبی ایشیا کا ’نجات دہندہ‘ قرار دیا۔

شہباز شریف نے کہا: ’ماہ رمضان میں اس بورڈ آف پیس کے ابتدائی اجلاس میں شرکت ایک اعزاز ہے۔ خدا آپ کو (صدر ٹرمپ) غزہ میں دیر پا امن کے لیے اپنی کوششوں میں کامیاب کرے اور آپ کو اس کا صلہ دے۔‘

انہوں نے صدر ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے  مزید کہا: ’آپ کی پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ کو روکنے کے لیے بروقت اور موثر مداخلت نے ممکنہ طور پر لاکھوں جانیں بچائیں۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان