بنگلہ دیش نے اتوار کو تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کو 11 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے جیت لی۔
میرپور کے شیرِ بنگلا نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
جس کے بعد میزبان بنگلہ دیش نے اپنی اننگز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 290 رنز بنائے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بنگلہ دیش کے تنزید حسن 107 گیندوں پر 107 رنز بنا کر سر فہرست رہے جبکہ سیف حسن نے 55 اور لٹن ڈاس نے 51 رنز بنائے۔
پاکستان کے حارث رؤف نے تین اور شاہین شاہ آفریدی اور ابرار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
بنگلہ دیش کے 291 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم آخری گیند پر 279 رنز بنا سکی اور سلمان علی آغا کی سینچری بھی پاکستان کو شکست سے نہ بچا سکی۔ انہوں نے 96 گیندوں پر 106 رن بنائے۔
اسی طرح سعد مسعود 44 گیندوں پر 38 اور شاہین آفریدی 38 گیندوں پر 37 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
بنگلہ دیش کے تسکین احمد نے چار پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ مستفیض الرحمٰن نے تین، ناہید رانا نے دو اور رشاد حسین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
بنگلہ دیش نے سیریز کا پہلا میچ آٹھ وکٹوں سے جیتا تھا جبکہ بارش سے متاثرہ دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے ڈی ایل ایس طریقہ کار کے تحت 128 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز برابر کر دی تھی۔
پاکستان نے آج کے میچ میں انجری کے باعث حسین طلعت اور پہلے دو میچوں میں ناکامی کے بعد ٹیم سے باہر کیے گئے شمائل حسین کی جگہ غازی غوری اور سعد مسعود کو پہلی بار ٹیم میں شامل کیا۔ اسی طرح لیگ سپنر ابرار احمد بھی ٹیم میں واپس آ گئے اور انہوں نے فاسٹ بولر محمد وسیم کی جگہ لی۔
بنگلہ دیش نے مسلسل تیسرے میچ میں بھی وہی ٹیم برقرار رکھی اور اپنے تین رکنی فاسٹ بولنگ اٹیک تسکین احمد، ناہید رانا اور مستفیض الرحمٰن پر اعتماد برقرار رکھا۔