کوشش ہے ایندھن کی فراہمی یقینی بنائیں، وسائل لامحدود نہیں: وزیر خزانہ

وفاقی وزرا نے کہا ہے کہ حکومت توانائی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے جبکہ عوام سے ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری اختیار کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اتوار کو کہا ہے کہ حکومت توانائی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے جبکہ عوام سے ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری اختیار کرنے کی اپیل بھی کی۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں توانائی کی فراہمی کے حوالے سے روزانہ اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے تاکہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو عوام کے لیے قابلِ برداشت رکھنے کے لیے 69 ارب روپے کا بوجھ برداشت کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

محمد اورنگزیب نے کفایت شعاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے، تاہم وسائل محدود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔

وزیر خزانہ کے مطابق اپریل تک فیول سپلائی چین کی صورتحال بہتر ہونے کی توقع ہے، جبکہ ڈیمانڈ مینجمنٹ اور توانائی کی بچت کے اقدامات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے خبردار کیا کہ کشیدگی اور ممکنہ جنگی حالات کے باعث توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ان حالات میں حکومت ٹارگٹڈ ریلیف کی جانب جا رہی ہے، جس میں مستحق طبقے کو ترجیح دی جائے گی، اور تمام فریقین کو مل کر ملک کو بحران سے نکالنا ہوگا۔

اس سے قبل حکومت نے موجودہ عالمی صورتحال کے پیشِ نظر عوام سے ایندھن کی بچت میں فعال کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔

یہ اپیل وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے ہفتے کو لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کی۔

وفاقی وزرا نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ کفایت شعاری کے اقدامات پر مکمل عمل کریں، جن میں غیر ضروری سفر سے گریز، کار پولنگ کا فروغ، گھر سے کام (ورک فرام ہوم) اور تعلیمی اداروں میں ای لرننگ کو اپنانا شامل ہے۔

وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ وسائل کی بچت سے ایندھن کی درآمدات کو بہتر طریقے سے منظم کرنے میں مدد ملے گی اور حکومت کو غریب طبقے کی معاونت کے لیے فنڈز منتقل کرنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے بتایا کہ آئل ریفائنریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ قیمت سے قطع نظر خام تیل کی خریداری جاری رکھیں تاکہ ملک میں اس کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

علی پرویز ملک نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے تیل کی فراہمی یقینی بنانے کی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔

وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومتی پیشگی اقدامات کے باعث ملک میں اس وقت تیل کے وافر ذخائر موجود ہیں، تاہم عوام کو غیر ضروری ایندھن کے استعمال سے گریز کرنا چاہیے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 158 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہے اور حکومت عوام کو اس بڑھتے مالی بوجھ سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت