برازیل کے سٹار فٹ بالر نیمار اپنی قومی ٹیم کے آئندہ دوستانہ میچز سے باہر ہو گئے ہیں اور انجری کے باعث ورلڈ کپ کے ابتدائی میچ میں بھی ان کی شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔
برازیلین فٹ بال کنفیڈریشن (CBF) نے جمعرات کو تصدیق کی کہ سکین میں ان کے پنڈلی کے پٹھے میں گریڈ ٹو انجری سامنے آئی ہے۔
فیڈریشن کے ڈاکٹر روڈریگو لاسمار نے پریس کانفرنس سے قبل بتایا کہ 34 سالہ فارورڈ کو مزید دو سے تین ہفتے آرام کی ضرورت ہے۔
ان کے مطابق نیمار بدھ کو ٹیم کے کیمپ گرنجہ کوماری پہنچے جہاں ان کے مکمل طبی معائنے کیے گئے، اور ایم آر آئی سکین میں صرف سوجن نہیں بلکہ پنڈلی کے پٹھے میں درمیانی نوعیت کی چوٹ کی تصدیق ہوئی۔
یہ انجری اس سے زیادہ سنگین ہے جو اس سے قبل کلب سانتوس کی جانب سے بتائی گئی تھی۔ سانتوس کے ڈاکٹر روڈریگو زوگائب نے کہا تھا کہ نیمار کو صرف معمولی سوجن ہے اور وہ ٹریننگ کے لیے فٹ ہوں گے، تاہم بعد کے ٹیسٹس نے اس کی تردید کر دی۔
نیمار نے منگل کو ٹیم جوائن کی تھی مگر بدھ کی پہلی ٹریننگ میں حصہ نہیں لیا۔ پنڈلی میں سوجن کی شکایت کے بعد انہیں ٹیسٹ کے لیے ایک نجی کلینک بھیجا گیا۔
ڈاکٹر لاسمار کے مطابق یہ گریڈ ٹو انجری ہے، جس میں پٹھوں کے ریشوں کا جزوی نقصان ہوتا ہے اور مکمل آرام اور بحالی ضروری ہوتی ہے۔
چوٹ کے باعث نیمار اتوار کو ماراکانا سٹیڈیم میں پاناما کے خلاف میچ اور اس کے بعد کلیولینڈ میں مصر کے خلاف مقابلہ بھی نہیں کھیل سکیں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس کے علاوہ 13 جون کو نیوزی جرسی میں مراکش کے خلاف ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں بھی ان کی شرکت تقریباً ناممکن نظر آتی ہے۔
برازیل گروپ سی میں شامل ہے جہاں اس کے ساتھ ہیٹی اور سکاٹ لینڈ بھی ہیں۔ کوچ کارلو اینچلوتی کو پہلے ہی دفاعی کھلاڑی گیبریل میگالہیس، مارکینہوس اور فارورڈ گیبریل مارٹینیلی کی کمی کا سامنا ہے۔
نیمار کی حالیہ واپسی سے شائقین میں جوش پیدا ہوا تھا، تاہم وہ طویل عرصے سے انجریز کا شکار رہے ہیں۔
اینچلوتی نے واضح کیا ہے کہ ٹیم میں جگہ صرف فٹنس اور فارم کی بنیاد پر دی جائے گی۔
برازیل فٹ بال فیڈریشن کے بیان کے بعد یہ تو صاف ہے کہ فی الحال برازیل کو نیمار کے بغیر ہی حکمت عملی بنانا ہوگی۔