ایشین فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی) نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب میں ہونے والا 2027 ایشین کپ فٹ بال ٹورنامنٹ خطے میں ’غیر معمولی حالات‘ کے باعث جنوری کے بجائے دسمبر میں منعقد کیا جائے گا۔
حالیہ ہفتوں میں سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کے بعد ملک میں کھیلوں کے متعدد بڑے ایونٹس منسوخ یا ملتوی کیے جا چکے ہیں۔
ایشین فٹ بال کنفیڈریشن نے ایک بیان میں کہا کہ ایشین کپ کی آرگنائزنگ کمیٹی نے خطے کی صورت حال میں ہونے والی پیش رفت کے نتیجے میں پیدا ہونے والے غیر معمولی حالات کے پیش نظر قومی ٹیموں کے اس اہم ٹورنامنٹ کا شیڈول تبدیل کرنے کی منظوری دی ہے۔
اے ایف سی نے شیڈول میں تبدیلی کی وجوہات میں لاجسٹکس سے متعلق بڑے مسائل اور سفری مشکلات کا بھی حوالہ دیا۔
بیان کے مطابق ٹورنامنٹ کی نئی تاریخیں منظوری کے لیے عالمی فٹ بال تنظیم فیفا کو پیش کی جائیں گی۔
ایشین کپ پہلے آئندہ سال 7 جنوری سے 5 فروری تک منعقد ہونا تھا، تاہم اب یہ مقابلے 23 دسمبر 2027 سے 21 جنوری 2028 تک ہوں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
گذشتہ ماہ ٹورنامنٹ کے مستقبل سے متعلق خدشات بڑھنے کے باوجود سعودی عرب کے مقامی منتظمین نے اصرار کیا تھا کہ ایشین کپ اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہوگا۔
ایک ماہ تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ کے مقابلے سعودی عرب کے شہروں جدہ، ریاض اور الخبر میں کھیلے جانے ہیں۔
اے ایف سی کے مطابق ٹورنامنٹ کو تقریباً ایک سال آگے منتقل کرنے کا فیصلہ سعودی حکام اور ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کے درمیان تفصیلی بات چیت اور قریبی مشاورت کے بعد کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ غیر معمولی حالات کے باعث ٹورنامنٹ کو اصل شیڈول کے مطابق منعقد کرنے میں مشکلات پیدا ہوئی ہیں، اس لیے تمام شریک ٹیموں، عہدیداروں، تماشائیوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے مفاد میں اسے ملتوی کرنا ضروری ہو گیا تھا۔