واشنگٹن میں ڈار - روبیو ملاقات: ’شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق‘

امریکی بیان کے مطابق روبیو نے اسحاق ڈار سے ملاقات میں کوئٹہ بم حملے پر تعزیت کی اور ایران کے معاملے میں ثالثی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے جمعے کو پاکستانی ہم منصب اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے ملاقات میں ایران کے ساتھ ثالثی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار پر شکریہ ادا کیا ہے۔

سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں ملاقات کے بعد امریکی ترجمان ٹومی پیگوٹ نے ایک بیان میں کہا ’وزیر خارجہ روبیو نے کوئٹہ میں بلوچستان لبریشن آرمی کے حالیہ دہشت گردانہ حملے کے متاثرین کے لیے تعزیت کا اظہار کیا۔‘

بیان کے مطابق ’وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے صدر ٹرمپ کے وژن کو عملی جامہ پہنانے اور ایران کے ساتھ ثالثی کی کوششوں میں پاکستان کے مسلسل تعمیری کردار پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

’وزیر خارجہ اور نائب وزیر اعظم نے ایک ایسی معنی خیز شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر اتفاق کیا جو امریکیوں اور پاکستانیوں دونوں کے لیے امن و سلامتی اور خوشحالی کو فروغ دے۔‘

پاکستانی دفتر خارجہ نے ایکس پر ایک علیحدہ بیان جاری کیا جس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور بدلتی ہوئی علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیر خارجہ روبیو نے خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی اور ثالثی کی کوششوں کا اعتراف کیا۔

’دونوں اطراف نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بشمول تجارت و سرمایہ کاری، سیکیورٹی اور دہشت گردی کے خاتمے میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

’انہوں نے اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور علاقائی امن، سلامتی اور خوشحالی میں مشترکہ مفادات کے تحت پاک-امریکہ شراکت داری کو آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی جب ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے مقصد سے جاری مذاکرات طویل ہوتے جا رہے ہیں۔

ملاقات روبیو کے پاکستان کے روایتی حریف انڈیا کے دورے کے چند دن بعد ہوئی ہے۔

نائب صدر جے ڈی وینس نے جمعرات کی رات دیر گئے کہا تھا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدے کی سمت میں پیش رفت ہوئی ہے۔

دوسری جانب، جمعے کو ایران کی تسنیم نیوز ایجنسی نے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ معاہدے کے متن کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی اور ممکنہ مفاہمت کی یادداشت کے الفاظ میں ’حالیہ دنوں میں کچھ تبدیلیاں ہوئی ہیں۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا