انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اتوار کو کہا ہے کہ 15 سالہ شاندار بلے باز ویبھو سوریا ونشی اپنے والدین کو ٹیم کے کے غیر ملکی دوروں پر ساتھ لے جا سکتے ہیں۔
ایک روز قبل سوریا ونشی کو پہلی بار سینیئر انٹرنیشل ٹیم کے لیے طلب کیا گیا۔
اس سال انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں بیٹنگ کے اعزازات اپنے نام کرنے کے بعد، سوریا ونشی کو آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دوروں اور ایشین گیمز کے لیے انڈیا کے ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
بائیں ہاتھ کے اوپنر اس وقت سہ فریقی سیریز کے لیے انڈیا اے سکواڈ کے ساتھ سری لنکا میں ہیں۔
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری دوجیت سائیکیا نے کہا، ’ان کے والد آج سری لنکا جا رہے ہیں۔
’اس کے علاوہ، اگر ان کے والدین ان کے ساتھ انگلینڈ اور آئرلینڈ جانا چاہتے ہیں، تو ہم ان کے سفر کے انتظامات کریں گے۔ وہ ان کے لیے بہترین سپورٹ سسٹم ہوں گے۔‘
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ چیمپیئن انڈیا یکم جولائی سے شروع ہونے والی پانچ میچوں کی انگلینڈ سیریز سے قبل 26 اور 28 جون کو بیلفاسٹ میں آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔
ایشین گیمز ستمبر اور اکتوبر میں جاپان میں ہوں گی۔
سوریا ونشی کا انتخاب راجستھان رائلز کے لیے ایک شاندار آئی پی ایل مہم کے بعد ہوا ہے، جہاں انہوں نے 776 رنز بنائے اور ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے۔
انہوں نے سیزن کے دوران ایک سنچری اور پانچ نصف سینچریاں بنائیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے سب سے زیادہ رنز بنانے پر اورنج کیپ، آئی پی ایل کے موسٹ ویلیوایبل پلیئر اور ایمرجنگ پلیئر کے انعامات حاصل کیے۔
وہ بیٹنگ کے عظیم کھلاڑی سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے انڈیا کے سب سے کم عمر کھلاڑی بننے والے ہیں، جنہوں نے 1989 میں 16 سال اور 205 دن کی عمر میں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔
چیف سلیکٹر اجیت اگرکر کا کہنا ہے کہ ’اپنی کارکردگی سے انہوں نے ہمیں خود کو منتخب کرنے پر تقریباً مجبور کر دیا ہے۔
’انڈیا میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ دیکھنے والے ہر دوسرے شخص کی طرح ہمیں بھی ان سے بہت امیدیں وابستہ ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ انہوں نے خود ہی اپنی جگہ بنائی ہے۔‘