لبنان پر اسرائیلی حملوں نے امریکہ، ایران مذاکرات کو تقریباً ناکام بنا دیا تھا: اسحاق ڈار

العربیہ کو دیے گئے انٹرویو میں پاکستانی نائب وزیراعظم نے حالیہ امریکی، ایرانی مفاہمتی یادداشت کو مستقبل کے مذاکرات کے لیے ایک قابلِ اعتماد فریم ورک قرار دیا۔

پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پیر کو کہا ہے کہ لبنان پر اسرائیلی حملوں نے امریکہ اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششوں کو تقریباً ناکام بنا دیا تھا۔

 انہوں نے یہ بات العربیہ ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔ اس انٹرویو میں انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ مفاہمتی یادداشت اور مذاکرات میں آنے والی رکاوٹوں پر تفصیلی گفتگو کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اسحاق ڈار نے کہا کہ اب امریکہ اور ایران کے درمیان تکنیکی مذاکرات سوئٹزرلینڈ میں شروع ہو گئے ہیں، جن کا مقصد حال ہی میں طے پانے والے مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔

 پاکستانی نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مختلف ورکنگ گروپس جوہری امور، پابندیوں، منجمد اثاثوں اور لبنان سے متعلق معاملات پر کام کر رہے ہیں۔

 بقول اسحاق ڈار: ’سوئٹزرلینڈ کے علاقے برگن سٹاک میں جو بات چیت اب شروع ہو رہی ہے، وہ چند دن پہلے شروع ہو سکتی تھی، لیکن لبنان پر اسرائیلی حملے نے سب کچھ متاثر کیا اور روک دیا۔‘

 انہوں نے حالیہ امریکی، ایرانی مفاہمتی یادداشت کو مستقبل کے مذاکرات کے لیے ایک قابلِ اعتماد فریم ورک قرار دیتے ہوئے کہا: ’یہ ایک بہت سوچی سمجھی دستاویز ہے، جو دونوں فریقوں کے لیے قابلِ قبول ہے۔ کسی کو بھی اس پر دستخط کرنے والے فریقین کی نیت پر شک نہیں کرنا چاہیے۔‘

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Independent Urdu (@indyurdu)

وزیر خارجہ نے بتایا کہ مذاکرات کاروں کو بعض معاملات پر 30 دن میں نتیجہ اخذ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ مجموعی معاہدہ 60 دن میں مکمل ہونے کی توقع ہے، جس میں باہمی رضامندی سے توسیع بھی ہو سکتی ہے۔

بقول اسحاق ڈار: ’ہم نے پہلے ہی اس امن کے فوائد دیکھے ہیں۔ توانائی کی قیمتیں کم ہوئی ہیں اور جہازوں کی آمدورفت دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔‘

 وزیر خارجہ نے پاکستان کے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ ’آبنائے ہرمز کو 28 فروری سے پہلے کی حالت میں بحال کیا جائے، یعنی کوئی فیس یا ٹول نہ ہو۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان