ایپل نے قیمتوں پر ہاتھ کھڑے کر دیے، آئی پیڈ اور میک بک مہنگے

قیمتوں میں اضافے کا اطلاق آئی فونز پر نہیں ہو گا۔

چار مارچ، 2026 کو نیویارک کے ایپل سٹور میں نئے لانچ ہونے والے آئی پیڈ ایئر دکھائی دے رہے ہیں (اے ایف پی)

ایپل نے جمعرات کو آئی پیڈ اور میک بک سمیت اپنی دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی صنعت کی جانب سے ڈیٹا سینٹرز کی تیزی سے تعمیر کے باعث میموری اور سٹوریج چپس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا بوجھ اب مزید صارفین سے چھپانا ممکن نہیں رہا۔

اس فیصلے کا اطلاق ایپل کی سب سے زیادہ منافع بخش مصنوعات یعنی آئی فون پر نہیں ہوگا۔

تاہم اس سے ایپل کا کم قیمت لیپ ٹاپ نیو، جو سستی ونڈوز اور کروم بُک لیپ ٹاپس کا مقابلہ کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا تھا، کی ابتدائی قیمت لانچ کے چند ماہ بعد ہی 599 ڈالر سے بڑھ کر 699 ڈالر ہو جائے گی۔

یہ اضافہ ظاہر کرتا ہے کہ دنیا کی سب سے قیمتی کنزیومر الیکٹرانکس کمپنی بھی، جس کی سپلائی چین کو صنعت میں مثالی سمجھا جاتا ہے، میموری چپس کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے سے محفوظ نہیں رہی۔

اس رجحان نے سمارٹ فون اور پرسنل کمپیوٹرز کی فروخت کے امکانات کو بھی متاثر کیا ہے۔

مائیکرون جیسی میموری چپس بنانے والی کمپنیوں نے حالیہ مہینوں میں این ویڈیا جیسے اے آئی چپ ساز اداروں کے آرڈرز کو ترجیح دی، جس کے باعث انہیں ریکارڈ منافع حاصل ہوا لیکن الیکٹرانکس بنانے والی کمپنیوں کے لیے چپس کی فراہمی محدود ہو گئی اور انہیں اپنی مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے پر مجبور ہونا پڑا۔

ایپل نے اپنے بیان میں کہا ’ہم نے کسی بھی پرزے کی قیمت میں اتنا زیادہ اور اتنی تیزی سے اضافہ پہلے کبھی نہیں دیکھا۔

’اب تک ہم اپنے صارفین کو ان بڑھتی ہوئی لاگت سے محفوظ رکھتے آئے ہیں لیکن اب ہم اس مقام پر پہنچ چکے ہیں جہاں ہمیں آئی پیڈ اور میک سمیت متعدد مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا ناگزیر ہو گیا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کمپنی کی ویب سائٹ پر جاری نئی قیمتوں کے مطابق 512 گیگا بائٹ سٹوریج والے میک بک ایئر کی قیمت 1,099 ڈالر سے بڑھا کر 1,299 ڈالر کر دی گئی ہے جبکہ ایک ٹیرا بائٹ سٹوریج والے میک بک پرو کی قیمت 1,699 ڈالر سے بڑھا کر 1,999 ڈالر کر دی گئی ہے۔

اسی طرح 128 گیگا بائٹ سٹوریج والے آئی پیڈ ایئر کی قیمت 599 ڈالر سے بڑھا کر 749 ڈالر کر دی گئی ہے۔

ایپل نے ہوم پاڈ سمارٹ سپیکر کے دونوں ماڈلز اور ایپل ٹی وی سیٹ ٹاپ باکس کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا ہے۔

قیمتوں میں اضافے کے اعلان کے بعد ایپل کے حصص کی قیمت تقریباً پانچ فیصد گر گئی جبکہ اس کی حریف کمپنی ڈیل کے حصص میں آٹھ فیصد سے زیادہ کمی دیکھی گئی۔

متعدد تجزیہ کاروں کے مطابق ایپل کی مضبوط سپلائر شراکت داری نے اسے لاگت میں اضافے کے مکمل اثرات سے کسی حد تک محفوظ رکھا ہے لیکن دیگر حریف ڈیوائس بنانے والی کمپنیوں کو ممکنہ طور پر ایپل کے مقابلے میں کہیں زیادہ قیمتیں بڑھانا پڑ سکتی ہیں۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی