لیونل میسی مسلسل سات ورلڈ کپ میچوں میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے جب کہ زیادہ تر متبادل کھلاڑیوں پر مشتمل ارجنٹائن کی ٹیم نے ہفتے کو ڈیلس میں کھیلے گئے گروپ جے کے مقابلے میں اردن کے خلاف 3-1 سے کامیابی حاصل کر کے اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رکھا۔
اس سے قبل لیونل میسی نے 17 جون کو کئی بڑے ریکارڈز توڑتے ہوئے نئی تاریخ رقم کی تھی۔ وہ نہ صرف ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ (18) گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے تھے بلکہ ورلڈکپ کے سب سے زیادہ (28) میچز کھیلنے والے فٹ بالر کا اعزاز بھی ان کے حصے میں آیا تھا۔ اسی طرح ورلڈکپ میں سب سے زیادہ (18) فتوحات حاصل کرنے والے کھلاڑی کا ریکارڈ بھی انہوں نے اپنے نام کیا تھا۔
ہفتے کو اردن کے خلاف گروپ جے کے افتتاحی میچ میں ارجنٹائن کے کپتان نے ایک اور شاندار کارکردگی دکھائی اور مسلسل سات میچوں میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
لیونل سکالونی نے آسٹریا کو شکست دینے والی ٹیم میں نو تبدیلیاں کیں، لیکن جیوانی لو سیلسو، لاوٹارو مارٹینز اور میچ میں متبادل کھلاڑی کے طور پر شامل ہونے والے لیونل میسی کے گولز نے فتح یقینی بنا کر راؤنڈ آف 32 میں ان کے حریف کیپ ورڈے کو خبردار کیا تھا۔
لو سیلسو نے 19ویں منٹ میں کرلنگ فری کک کے ذریعے ٹورنامنٹ سے پہلے ہی باہر ہونے والے اردن کے خلاف ارجنٹائن کو برتری دلا دی، جس کے 12 منٹ بعد مارٹینز نے پنیلٹی سپاٹ سے یہ برتری دگنی کر دی۔
اگرچہ دوسرے ہاف کے 10 ویں منٹ میں موسیٰ التعمری نے اردن کی جانب سے ایک گول کر کے خسارہ کم کیا، لیکن 80ویں منٹ میں میسی کی فری کک کی بدولت وہ ورلڈ کپ فائنلز کے مسلسل ساتویں میچ میں گول کر کے فرانس کے جسٹ فونٹین اور برازیل کے جیرزنہو سے آگے نکل گئے۔
لو سیلسو کھیل کے پہلے 15 منٹ میں کافی متحرک رہے اور ریئل بیٹس کے پلے میکر پر مہند ابوطہٰ کے فاؤل پر ہی ارجنٹائن کو وہ فری کک ملی، جس سے انہوں نے برتری حاصل کی۔
لو سیلسو نے 20 میٹر کے فاصلے سے اپنے بائیں پاؤں کی کک کو اردن کی دفاعی دیوار کے گرد گھمایا اور گول کیپر یزید ابولیلیٰ کے بائیں جانب حرکت کرنے کے باعث گیند بغیر کسی رکاوٹ کے مخالف کونے میں چلی گئی۔
مارٹینز نے قریب سے لگائی گئی ایک ہٹ سے برتری کو لگ بھگ دگنا کر دیا، جو کراس بار سے ٹکرائی اور جب ری باؤنڈ پر آنے والی گیند کو کھیلنے کے لیے جھکنے والے لیانڈرو پریڈیس کے سر پر نزار الرشدان کی کک لگی، تو ریفری استوان کوواچ نے وی اے آر جائزے کے بعد پنالٹی کا اشارہ دے دیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انٹر میلان کے فارورڈ نے اپنی پنالٹی میں کوئی غلطی نہیں کی اور ابولیلیٰ کے غلط اندازہ لگانے کے باعث گیند کو دھکیل کر کونے میں پہنچا دیا۔
وقفے کے فوراً بعد مارٹینز کی دور سے کی گئی ایک کوشش گول پوسٹ سے ٹکرائی، جس کے بعد اردن نے ایک گول کر کے خسارہ کم کیا اور 2026 کے فائنلز میں ایمی مارٹینز کے خلاف گول کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
دائیں جانب کھلی جگہ پر موجود احسان حداد کو گیند ملی اور اردن کے کپتان نے گول کے سامنے سے ایک بہترین لو کراس دیا جسے متبادل کھلاڑی التعمری نے گول کی راہ دکھا دی۔
ایک گھنٹے کے کھیل کے بعد شائقین کے زبردست شور میں میسی کو میدان میں اتارا گیا اور انہوں نے میچ کے آخری لمحات میں سکور شیٹ پر اپنا نام درج کرایا۔
انٹر میامی کے کھلاڑی کو گول سے 25 میٹر کے فاصلے پر گرایا گیا اور انہوں نے اٹھ کر درمیانی پوزیشن سے ایک لو فری کک گول میں پہنچا دی جس کے بارے میں ابولیلیٰ غلط اندازہ لگا بیٹھے کیوں کہ گیند دیوار کے گرد گھوم کر آئی تھی۔