نائیکی کا مشہور ’سووش‘ لوگو ورلڈ کپ فائنل میں نظر نہیں آئے گا۔
بدھ کو ارجنٹینا کی سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف فتح نے نائیکی کی یہ امید ختم کر دی کہ وہ اتوار کو ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے میچ میں شریک کسی ٹیم کی سپانسر ہوگی۔
میدان کے اندر اور باہر برانڈز کے درمیان سخت مقابلے کے ماحول میں یہ پیش رفت حریف کمپنی ایڈیڈاس کے لیے نمایاں تشہیری فائدے کا باعث بنے گا کیونکہ فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیمیں ارجنٹینا اور سپین ایڈیڈاس کی سپانسرشپ میں ہیں۔
ایڈیڈاس نے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 14ٹیموں جبکہ نائیکی نے 12 ٹیموں کی سپانسرشپ کی تھی، جن میں سیمی فائنلسٹ انگلینڈ اور فرانس بھی شامل تھے۔
دونوں کمپنیوں نے فٹ بال کے اس عالمی مقابلے پر بھاری سرمایہ کاری کی۔
تاہم نائیکی اپنی سیلز اور تشہیری اثر میں اضافے کے لیے اس ٹورنامنٹ پر زیادہ انحصار کر رہی تھی کیونکہ گذشتہ چند برسوں سے اس کا مارکیٹ شیئر مسلسل کم ہو رہا ہے۔
تاہم ورلڈ کپ سے حاصل ہونے والا ممکنہ فائدہ بھی نائیکی کی مجموعی کاروباری سمت تبدیل کرنے کے لیے کافی نہیں تھا۔
اس سال نائیکی کے حصص اپنی مالیت کا تقریباً ایک تہائی کھو چکے ہیں۔
مارننگ سٹار کے تجزیہ کار ڈیوڈ سوارٹز نے کہا ’زیادہ اہم مسائل جوتوں میں جدت، انوینٹری کا بہتر انتظام اور چین میں فروخت اور منافع کے استحکام سے متعلق ہیں۔ ایڈیڈاس کو زیادہ تشہیر ملی لیکن یہی کھیل کا حصہ ہے۔‘
نائیکی کے ایک ترجمان نے کہا کہ کمپنی ہمیشہ چاہتی ہے کہ اس کے کھلاڑی اور قومی فیڈریشن پارٹنرز ممکنہ حد تک آگے جائیں، تاہم ’فٹ بال کے حوالے سے ہمارا وژن کبھی بھی کسی ایک لمحے یا ایک ایونٹ سے وابستہ نہیں رہا۔‘
ایڈیڈاس نے ورلڈ کپ فائنل کو کمپنی کے لیے ’باعثِ فخر لمحہ‘ قرار دیا۔
تاہم اس نے فروخت کے ممکنہ تخمینوں سے متعلق کوئی تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کیا۔
ایڈیڈاس کے لیے بڑا فائدہ
قومی ٹیموں کی سپانسرشپ کے علاوہ نائیکی نے ورلڈ کپ سے قبل مرکیوریل فٹ بال بوٹس کے دو نئے ماڈل متعارف کرائے، مقامی سٹریٹ ویئر ڈیزائنرز کے ساتھ شراکت داری کی اور دنیا بھر میں اپنے پانچ ہزار سے زائد سٹورز اور ہول سیل مراکز پر فٹ بال سے متعلق مصنوعات کی نئی رینج متعارف کروائی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس کی ورلڈ کپ مہم ’رِپ دی سکرپٹ‘ جس میں فرانس کے سٹرائیکر کالیان ایمباپے سے لے کر ریئلٹی ٹی وی شخصیت کم کارڈیشین تک متعدد مشہور شخصیات شامل تھیں، ٹورنامنٹ کے پہلے ہفتے کے دوران ڈیڑھ ارب (1.5 ارب) مرتبہ دیکھی گئی۔
نائیکی کے مطابق افتتاحی میچ تک اس کی قومی ٹیموں کی جرسیوں کی فروخت 2022 کے قطر ورلڈ کپ کے اسی عرصے کے مقابلے میں ڈھائی گنا زیادہ رہی۔
تاہم تحقیقی ادارے ایم سائنس کے تجزیہ کار ڈریک میک فارلین کے مطابق ایتھلیٹک جوتوں اور ملبوسات کی عالمی مارکیٹ میں ایڈیڈاس واضح طور پر فاتح بن کر ابھری ہے۔
ان کے مطابق امریکہ اور یورپ میں مضبوط کاروباری کارکردگی نے دوسری سہ ماہی کے دوران ایڈیڈاس کو نائیکی سے مارکیٹ شیئر حاصل کرنے میں مدد دی۔
ورلڈ کپ سے پیدا ہونے والی طلب نے اس رجحان کو مزید تقویت دی لیکن ایڈیڈاس کی بہتری صرف اس ایونٹ تک محدود نہیں جبکہ نائیکی کو یورپی منڈی میں مسلسل دباؤ کا سامنا ہے۔
ایم سائنس کے اعداد و شمار کے مطابق جون میں عالمی فٹ ویئر مارکیٹ میں ایڈیڈاس کا حصہ بڑھ کر 19.2 فیصد ہو گیا، جو ایک سال قبل 16 فیصد تھا جبکہ نائیکی کا مارکیٹ شیئر مسلسل کم ہوتا رہا۔
اپریل میں ایڈیڈاس کے حکام نے بتایا تھا کہ کمپنی نے پہلی سہ ماہی کے دوران ورلڈ کپ سے متعلق مصنوعات کی فروخت کے لیے تقریباً 25 کروڑ یورو (292 ملین ڈالر) کے آرڈرز حاصل کیے تھے اور موجودہ سہ ماہی میں بھی اسی سطح کے آرڈرز کی توقع کی جا رہی ہے۔