ٹرمپ کا ہیلی کاپٹر مسافر طیارے سے ایک میل کے فاصلے پر کیسے پہنچا؟ تحقیقات جاری

امریکی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کے مطابق چار اگست کو میرین ون اور واشنگٹن سے روانہ ہونے والے مسافر طیارے کے درمیان محفوظ فاصلہ ختم ہونے کے مبینہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چار اگست، 2026 کو واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاؤس کے قریب جوائنٹ بیس اینڈریوز جانے کے لیے میرین ون میں سوار ہو رہے ہیں (اے ایف پی)

امریکی حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ کیا صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو لے جانے والا فوجی ہیلی کاپٹر اس ہفتے واشنگٹن کی فضائی حدود میں ایک مسافر طیارے کے بہت قریب آ گیا تھا؟ تاہم وائٹ ہاؤس نے بدھ کو کہا کہ صدر کو کسی بھی وقت خطرہ نہیں تھا۔

معاملے سے واقف دو افراد کے حوالے سے نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا کہ منگل کو ایئر ٹریفک کنٹرولرز سے غیر واضح رابطے کے بعد میرین ون امریکی دارالحکومت کی فضا میں ایک مسافر طیارے سے ایک میل سے بھی کم فاصلے پر آ گیا تھا۔

امریکہ کے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے کہا کہ وہ ’چار اگست کو میرین ون اور واشنگٹن نیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والے ایک مسافر طیارے کے درمیان محفوظ فاصلہ ختم ہونے کے مبینہ واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے۔‘

وائٹ ہاؤس کے ترجمان کش ڈیسائی نے بتایا کہ ’میرین ون کو دنیا کے بہترین ہوا بازوں میں شامل پائلٹ اڑاتے ہیں اور صدر کو کسی بھی وقت کوئی خطرہ نہیں تھا۔‘

امریکی ہوا بازی کے نگران ادارے ایف اے اے نے کہا کہ ’محفوظ فاصلہ ختم ہونے کے دوران ایئر ٹریفک کنٹرولر مسافر طیارے اور میرین ون، دونوں کے پائلٹوں سے رابطے میں تھا۔‘

ادارے نے مزید کہا: ’صدر کو کبھی کوئی خطرہ نہیں تھا۔ ہم واقعے کا جائزہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور تحقیقات کے نتائج کی بنیاد پر مناسب اصلاحی اقدامات کریں گے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اخبار وال سٹریٹ جرنل کے مطابق ایسے حالات میں حفاظتی ضابطوں کے تحت دونوں طیاروں کے درمیان کم از کم ڈیڑھ میل کا افقی اور 500 فٹ کا عمودی فاصلہ ہونا ضروری ہے۔

اخبار نے بتایا کہ یہ واقعہ دوپہر تقریباً ڈھائی بجے پیش آیا۔ اسی وقت امریکن ایئرلائنز کا ایک ایمبریئر ای 170 طیارہ روانہ ہوا تھا، جسے اس کا ذیلی ادارہ اینوائے ایئر چلا رہا تھا۔

ہیلی کاپٹر اینڈریوز ایئر فورس بیس جا رہا تھا، جہاں ٹرمپ کیلی فورنیا جانے کے لیے اپنے صدارتی طیارے میں سوار ہوئے۔

امریکن ایئرلائنز اور میرین ون چلانے والی امریکی میرین کور نے تبصرے کی درخواستوں کا فوری جواب نہیں دیا۔

جنوری 2025 میں واشنگٹن نیشنل ایئرپورٹ کے قریب اترنے والے ایک مسافر طیارے اور امریکی فوج کے بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کے درمیان تصادم میں 67 افراد جان سے گئے تھے۔ اس واقعے کے بعد ایف اے اے نے ایئرپورٹ کے اردگرد حفاظتی اقدامات بہت سخت کر دیے تھے۔

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ