افغانستان نے 2027 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے براہِ راست کوالیفائی کر لیا

دو مرتبہ کی عالمی عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کو 50 اوورز کے ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری بار کوالیفائنگ مرحلے سے گزرنا ہوگا۔

بیلفاسٹ میں 11 اگست، 2026 کو افغانستان اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلے گئے ایک روزہ میچ سے قبل ٹاس ہو رہا ہے(افغانستان کرکٹ بورڈ ایکس اکاؤنٹ)

افغانستان نے پیر کو آئرلینڈ کے خلاف  ایک روزہ کرکٹ میچ میں کامیابی حاصل کر کے 2027  ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کرلیا، جس کے باعث دو مرتبہ کی عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کو 50 اوورز کے ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری بار کوالیفائنگ مرحلے سے گزرنا ہوگا۔

آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 206 رنز بنائے۔ اس کے بعد افغانستان نے ہدف کا تعاقب کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 207 رنز بنا کر 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

بیلفاسٹ میں افغانستان کی کامیابی نے اسے ان آٹھ ٹیموں میں شامل کر دیا ہے جنہوں نے2027  ورلڈ کپ کے لیے براہِ راست کوالیفائی کیا۔ ان ممالک میں افغانستان کے ساتھ آسٹریلیا، انڈیا، نیوزی لینڈ، پاکستان، سری لنکا، انگلینڈ اور بنگلہ دیش بھی براہِ راست ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ نے تاحال افغانستان کے براہ راست ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے حوالے سے کوئی باضابطہ ردعمل ظاہر نہیں کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس وقت عالمی رینکنگ میں 10ویں نمبر پر موجود ویسٹ انڈیز کے پاس براہِ راست کوالیفائی کرنے کا کوئی موقع نہیں رہا اور اسے ورلڈ کپ میں رسائی کے لیے کوالیفائنگ مرحلے میں حصہ لینا ہوگا۔

ویسٹ انڈیز 2023 کے ورلڈ کپ کے لیے بھی براہِ راست کوالیفائی نہیں کر سکا تھا اور کوالیفائنگ مقابلوں میں شکست کے بعد پہلی مرتبہ 50 اوورز کے ورلڈ کپ سے باہر ہوگیا تھا، تاہم 2019 میں اس نے کوالیفائنگ مرحلے سے کامیابی حاصل کی تھی۔

سال2027  کے نئے فارمیٹ کے تحت کوالیفائرز جیتنے والی ٹیم ورلڈ کپ کے دوسرے مرحلے میں براہِ راست پہنچے گی، جبکہ دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیمیں پہلے مرحلے میں حصہ لیں گی، جسے’سپر سیریز‘ کہا جائے گا۔

2027 کا ورلڈ کپ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا۔ تاہم ٹورنامنٹ کا مکمل شیڈول ابھی جاری نہیں کیا گیا۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل