سری لنکا نے اتوار کو جاپان کے شہر نشین میں ایشین گیمز 2026 کے خواتین کرکٹ ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر گولڈ میڈل کے مقابلے میں جگہ بنا لی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق چماری اتاپتو کی قیادت میں سری لنکا نے 178 رنز کا ہدف 13 گیندیں باقی رہتے ہوئے حاصل کر لیا۔ کپتان اتاپتو 83 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔
گولڈ میڈل کے مقابلے میں سری لنکا کا سامنا انڈیا اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔ پاکستان 22 ستمبر کو کانسی میڈل کے مقابلے میں دوسرے سیمی فائنل کی ہارنے والی ٹیم سے کھیلے گا۔
پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی گئی اور عائشہ ظفر اور شوال ذوالفقار کی نصف سینچریوں کی بدولت اس نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے۔
پاکستان نے میچ کی پہلی ہی گیند پر گل فیروزہ کی وکٹ گنوائی جب کہ چھٹے اوور میں سائرہ جبین کے آؤٹ ہونے سے اس کا سکور دو وکٹوں کے نقصان پر 35 رنز ہو گیا۔
ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 27 گیندوں پر پاکستان کے لیے مشترکہ طور پر تیسری تیز ترین نصف سینچری بنانے والی عائشہ نے شوال کے ساتھ 115 رنز کی ریکارڈ شراکت داری قائم کی، جو اس فارمیٹ میں پاکستان کے لیے دوسری سب سے بڑی اور تیسری وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت تھی۔
17ویں اوور کے اختتام پر جب پاکستان کا سکور 150 رنز تک پہنچ چکا تھا، تو دائیں ہاتھ کی بلے باز عائشہ نو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 40 گیندوں پر 71 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
شوال کی اننگز کا اختتام اس وقت ہوا جب انہوں نے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 50 گیندوں پر 54 رنز بنائے اور متبادل فیلڈر رشمیکا سیونڈی نے باؤنڈری پر ان کا ایک شاندار کیچ لپک لیا۔
پاکستان نے آخری تین اوورز میں 27 رنز بنائے جس میں کپتان فاطمہ ثنا نے 12 گیندوں پر 20 رنز کی اننگز کے دوران دو چوکے اور ایک چھکا لگایا، جب کہ ایمن فاطمہ (ناٹ آؤٹ پانچ رنز، تین گیندیں، ایک چوکا) نے باؤنڈری لگا کر اننگز کا شاندار اختتام کیا۔
جواب میں، فاطمہ نے پانچویں اوور میں امیشا دولانی کو 27 رنز پر کلین بولڈ کر کے سری لنکا کی 36 رنز کی اوپننگ شراکت کو توڑ دیا۔ 50 گیندوں کی اپنی اننگز میں سات چوکے اور چھ چھکے لگانے والی اتاپتو نے ہاسنی پریرا (26 گیندوں پر 42 رنز، تین چوکے، تین چھکے) کے ساتھ مل کر 56 گیندوں پر 95 رنز کی میچ وننگ شراکت قائم کی۔
نشرہ سندھو نے 14ویں اوور میں پاکستان کو کامیابی دلائی جب سری لنکا کو آخری چھ اوورز میں مزید 47 رنز درکار تھے، لیکن اتاپتو کی ہرشیتا سماراوکرما (ناٹ آؤٹ 17 رنز، 12 گیندیں، دو چوکے) کے ساتھ 23 گیندوں پر 47 رنز کی تیز رفتار شراکت نے 13 گیندیں باقی رہتے ہی ان کی ٹیم کو ہدف عبور کرا دیا۔