انڈین گینگسٹر ستندر جیت سنگھ، المعروف گولڈی برار، کو امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کی ’10 انتہائی مطلوب مفرور افراد‘ کی فہرست میں شامل کر لیا گیا۔
ایف بی آئی نے پیر کو اعلان کیا کہ گولڈی برار قتل، بھتہ خوری اور منشیات کی ترسیل سمیت مختلف جرائم میں مطلوب ہے اور وہ لارنس بشنوئی منظم جرائم گروپ میں ملوث رہا ہے۔
انڈیا کے ضلع فرید کوٹ سے تعلق رکھنے والے گولڈی برار کا اصل نام ستندر جیت سنگھ ہے۔ وہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کے قریبی ساتھی اور بھتہ خوری کا گینگ چلانے میں ملوث تھے۔
جولائی میں امریکہ نے الزام عائد کیا تھا کہ قید میں موجود جرائم پیشہ گروہ کے سربراہ لارنس بشنوئی اور اس کے شمالی امریکی نائب گولڈی برار نے کینیڈا میں سکھ علیحدگی پسند رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے 2023 میں قتل کی ہدایت دی تھیں۔
لاس اینجلس میں منظر عام پر آنے والے وفاقی فرد جرم کے مطابق، لارنس بشنوئی اور اس کے شمالی امریکی نائب ستندر جیت سنگھ المعروف گولڈی برار نے 18 جون 2023 کو کینیڈا میں سکھ علیحدگی پسند رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا حکم دیا تھا۔
ایف بی آئی نے کہا کہ یہ گروہ امریکہ اور کینیڈا کے مختلف علاقوں میں متعدد پرتشدد کارروائیوں میں ملوث تھا۔
ایف بی آئی کے مطابق، ’ان مبینہ کارروائیوں میں ایک نمایاں سیاسی اور مذہبی شخصیت کے ٹارگٹ کلنگ سمیت فائرنگ، قتل، اغوا، بھتہ خوری، حملے اور منشیات و ہتھیاروں کی سمگلنگ شامل ہیں۔‘
امریکی وفاقی استغاثہ کے فرسٹ اسسٹنٹ اٹارنی بل ایسیلی نے کہا کہ ’اس ملزم کو ایف بی آئی کی انتہائی مطلوب 10 مفرور افراد کی فہرست میں شامل کرنا اس انتظامیہ کے اس عزم کو ظاہر کرتا ہے کہ سرحد پار سرگرم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف قانون کی پوری طاقت استعمال کی جائے گی۔
’کینیڈا، یورپ اور ایشیا کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ہم گولڈی برار جیسے جرائم پیشہ افراد کی تلاش جاری رکھیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ وہ دوبارہ جیل سے باہر نہ آ سکیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
گولڈی برار کی گرفتاری کے لیے عزم
ایف بی آئی کے مطابق آپریشن ہارڈ بال انڈین جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کئی سال سے جاری وفاقی تحقیقات کا نتیجہ تھا۔
ان گروہوں پر منظم جرائم، ٹارگٹ کلنگ، فائرنگ، بھتہ خوری، بین الاقوامی سرحدوں کے پار بڑی مقدار میں منشیات کی سمگلنگ اور دنیا بھر میں دیگر جرائم میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس (آر سی ایم پی) کے وفاقی پولیسنگ کے ڈپٹی کمشنر کے مطابق گولڈی برار اور اس کے نیٹ ورک نے ہائی پروفائل قتل، فائرنگ، جان سے مارنے کی دھمکیوں، بھتہ خوری، آتش زنی اور منشیات کی سمگلنگ کے ذریعے متعدد افراد کی زندگیوں کو شدید متاثر کیا ہے۔
ایف بی آئی کے مطابق آر سی ایم پی کی ڈپٹی کمشنر لیزا مورلینڈ نے کہا، ’گولڈی برار کا ایف بی آئی کی 10 انتہائی مطلوب مفرور افراد کی فہرست میں شامل ہونا اسے گرفتار کرنے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار ہے۔ آر سی ایم پی گولڈی برار کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے ایف بی آئی اور دیگر شراکت دار اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔‘