سدھو موسے والا کے مبینہ قاتل گولڈی برار کون؟

ایک سوشل میڈیا پوسٹ، جس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ گولڈی برار کی ہے، میں دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی کے ساتھ پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کا منصوبہ بنایا۔

ضلع فرید کوٹ سے تعلق رکھنے والے گولڈی برار کا اصل نام ستندر جیت سنگھ ہے(فوٹو: بشکریہ انڈین ایکسپریس)

بھارت کے مقبول پنجابی گلوکار اور کانگریس کے رہنما سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری مبینہ طور پر کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برار نے قبول کرلی ہے۔

شُبھ دیپ سنگھ سدھو عرف سدھو موسے والا کو اتوار (29 مئی) کو بھارتی پنجاب کے علاقے مانسا میں گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق ایک سوشل میڈیا پوسٹ، جس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ گولڈی برار کی ہے، میں دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی کے ساتھ پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کا منصوبہ بنایا۔

رپورٹ کے مطابق گولڈی برار  کا کہنا ہے کہ انہوں نے سدھو موسے والا کو اس لیے مارا کیوں کہ ان کا نام اکالی رہنما وکی مدوکھیرا اور ان کے کزن گرلال برار کے قتل کیس میں سامنے آیا تھا۔

مدوکھیرا کو گذشتہ سال موہالی اور گرلال کو چنڈی گڑھ میں قتل کیا گیا تھا۔

گولڈی برار کون ہیں؟

ضلع فرید کوٹ سے تعلق رکھنے والے گولڈی برار کا اصل نام ستندر جیت سنگھ ہے۔ وہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کے قریبی ساتھی اور بھارتی پنجاب میں بھتہ خوری کا گینگ چلانے میں ملوث تھے۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق پنجاب پولیس نے گولڈی برار کی ایک فائل تیار کر رکھی ہے، جس کے مطابق 1994 میں پیدا ہونے والے گولڈی نے بی اے تک تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔

 اس پولیس فائل میں ان کی پانچ تصاویر موجود ہیں، جنہیں دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے وہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اپنا حلیہ تبدیل کرتے آئے ہیں۔

کہا جاتا ہے کہ یوتھ کانگریس کے رہنما گرلال پہلوان کے قتل میں ان کا ہاتھ ہے۔

وہ اے پلس کیٹگری کے گینگسٹر ہیں اور عدالت نے انہیں مفرور قرار دے رکھا ہے۔

گولڈی برار اس وقت کینیڈا میں مقیم ہیں اور اپنے کارندوں کے ذریعے پنجاب میں کارروائیاں کرتے ہیں۔

گینگسٹرز کی لڑائی

ان دنوں بھارتی پنجاب، ریاست ہریانہ اور نئی دہلی جیل میں بند لارنس بشنوئی گینگ اور ایک قتل ہونے والے گینگسٹر دویندر بمبیہا کے گینگ کے درمیان میدان جنگ بنے ہوئے ہیں۔

گذشتہ چند سال کے دوران ریاست میں دونوں گینگز میں خونی لڑائی ہو چکی ہے۔ دونوں گروپ اکثر ایک دوسرے کے لوگوں کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔

گولڈی برار، لارنس بشنوئی کی ایما پر بھتہ خور گینگ چلا رہے ہیں جبکہ بمبیہا گینگ کو مبینہ طورپر لکی پٹیال چلا رہے ہیں جو آرمینیا کی جیل میں قید کاٹ رہے ہیں۔

موسے والا کے قتل میں گولڈی برار کا ہاتھ

بھارتی پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس وی کے بھاورا کے مطابق سدھو موسے والا کے قتل کا تعلق سیاسی جماعت شرومنی اکالی دل کے رہنما وکی مدوکھیرا کے قتل سے ہے۔

ایک سوشل میڈیا پوسٹ، جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ گولڈی برار کی ہے، کے مطابق موسے والا کو انتقامی طور پر قتل کیا گیا۔ اس سے پہلے بمبیہا گینگ نے مدوکھیرا کے قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

گولڈی کے کزن کا قتل

گولڈی برار کے کزن گرلال برار کو گذشتہ سال جولائی میں چنڈی گڑھ کے صنعتی علاقے میں قتل کردیا گیا تھا۔ گرلال، بشنوئی کے قریبی ساتھی تھے۔ کہا جاتا ہے کہ بشنوئی گینگ نے اس قتل کا بدلہ لینے کے لیے فرید کوٹ میں یوتھ کانگریس کے رہنما گرلال پہلوان کو قتل کر دیا۔ گولڈی برار اس قتل کے مرکزی ملزم تھے۔ اس کے بعد 2021 میں وہ کینیڈا فرار ہو گئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق مقتول گلوکار نے کانگریس کے ٹکٹ پر ریاستی اسمبلی کا الیکشن لڑا تھا۔ پنجاب پولیس نے پیر کو بعض افراد سے پوچھ گچھ کے بعد کہا ہے کہ ان کے ہاتھ اہم سراغ لگے ہیں۔ 

نئی دہلی پولیس کے خصوصی سیل کے ذرائع نے اخبار کو بتایا کہ جیل میں بند گینگسٹر بشنوئی اور ان کے ساتھیوں سے تفتیش کی جا رہی ہے کیوں کہ ان کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ انہوں نے تہاڑ جیل میں بیٹھ کر گلوکار کے قتل کا منصوبہ بنایا۔

ایک سینیئر پولیس افسر کا کہنا ہے کہ بشنوئی جیل کے اندر سے اپنے کئی ساتھیوں کے ساتھ رابطے میں تھے اور انہی ساتھیوں سے متعلق کہا جا رہا ہے کہ انہوں نے قتل کی منصوبہ بندی کی۔ پولیس افسر کے مطابق بشنوئی کے گینگسٹرز کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برار کے ساتھ رابطے میں تھے جو انہیں وہاں سے ٹیلی فون بھی کرتے۔ مانا جا رہا ہے کہ پولیس اس وقت برار کے درست مقام کا سراغ لگانے میں مصروف ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی موسیقی