موسیقی کی دنیا کے نامور ستاروں نے اتوار کو گریمی ایوارڈز کی تقریب کے دوران امریکہ کو ہلا دینے والے امیگریشن کے چھاپوں پر کڑی تنقید کی ہے۔ تنقید کا آغاز پورٹو ریکو کے میگا سٹار ’بیڈ بنی‘ نے کیا۔
اتوار کو امریکی شہر لاس اینجلس میں ہونے والی گریمی ایوارڈز کی تقریب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئس) کے چھاپوں پر غصہ نمایاں تھا۔ ادارے کے بھاری ہتھیاروں سے لیس اور نقاب پوش ایجنٹ کئی امریکی شہروں میں تعینات کیے گئے ہیں۔
منیاپولس میں گذشتہ ماہ وفاقی ایجنٹوں کے ہاتھوں دو امریکی شہریوں کی موت نے بہت سے امریکی شہریوں کے غصے میں اضافہ کر دیا ہے، جو پہلے ہی ان کارروائیوں پر پریشان ہیں جنہیں وہ بے سمت سمجھتے ہیں اور جن میں ہسپانوی زبان بولنے والے یا گندمی رنگت والے کسی بھی شخص کو ناحق پکڑا جا رہا ہے۔
لاس اینجلس میں سامعین کی داد وصول کرتے ہوئے بیڈ بنی نے کہا: ’اس سے پہلے کہ میں خدا کا شکر ادا کروں، میں کہوں گا کہ آئس والے باہر نکلیں‘۔ یہ بات انہوں نے سپر باؤل ہاف ٹائم شو میں مرکزی پرفارمنس سے صرف ایک ہفتہ قبل کہی۔
’بہترین میوزیکا اربانا البم‘ کا گریمی ایوارڈ ملنے کے بعد پورٹو ریکو کے گلوکار نے کہا کہ ’ہم وحشی نہیں ہیں، ہم جانور نہیں ہیں، ہم خلائی مخلوق نہیں ہیں۔ ہم انسان ہیں اور ہم امریکی ہیں۔‘
کریک ڈاؤن میں شامل مرکزی ایجنسیوں میں سے ایک، ’آئس‘ کے اقدامات کے خلاف آواز اٹھانے والے وہ اکیلے گلوکار نہیں تھے۔
ریڈ کارپٹ پر ویلنٹینو، شینیل اور سینٹ لورین کے ڈیزائنر ملبوسات کے درمیان، تقریب میں شریک کئی افراد نے اپنے لباس پر ’آئس آؤٹ‘ کا لوگو لگا رکھا تھا۔
ان میں مقبول جوڑا جسٹن اور ہیلی بیبر، سینیئر گلوکارہ جونی مچل، امریکی گلوکار جارڈن ٹائسن اور اداکارہ و گلوکارہ ہیلن جے شین شامل تھے۔
’بہترین ٹراپیکل لاطینی البم‘ کا گریمی جیتنے کے بعد گلوکاری گلوریا ایسٹیفن کہنا تھا کہ ’میں خوفزدہ ہوں۔ میں بہت پریشان ہوں۔‘
’بہترین نئے آرٹسٹ‘ کا باوقار گریمی ایوارڈ جیتنے کے بعد برطانوی گلوکارہ اولیویا ڈین نے کہا: ’میرا خیال ہے کہ میں یہ کہنا چاہتی ہوں کہ میں یہاں ایک تارک وطن کی نواسی کے طور پر کھڑی ہوں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جیلی رول کے ساتھ ’بہترین ملکی جوڑے/گروپ پرفارمنس‘ کا گریمی جیتنے کے بعد، ورجینیا میں نائیجیرین والدین کے ہاں پیدا ہونے والے ابھرتے ہوئے سٹار شابوزی نے سامعین کو بتایا: ’تارکین وطن نے اس ملک کو تعمیر کیا ہے۔‘
امریکی گلوکارہ بلی آئلش، جن کے گانے ’وائلڈ فلاور‘ نے ’سونگ آف دی ایئر‘ کا گریمی جیتا، نے کہا کہ وہ اس ایوارڈ کے لیے شکر گزار ہیں لیکن ’میں جتنی شکر گزار ہوں، ایمانداری سے مجھے نہیں لگتا کہ مجھے کچھ کہنے کی ضرورت ہے، سوائے اس کے کہ چوری شدہ زمین پر کوئی بھی غیر قانونی نہیں ہے۔‘
آر اینڈ بی گلوکارہ سیزا، جنہوں نے کینڈرک لامر کے ساتھ ’ریکارڈ آف دی ایئر‘ کا اعزاز مشترکہ طور پر حاصل کیا، نے کہا: ’یہ ناقابل یقین حد تک بھیانک ہے کہ ہم بن سنور کر اعزازات کا جشن منا رہے ہیں اور سڑکوں پر لوگوں کو اٹھایا جا رہا ہے اور ان کے چہروں پر گولیاں ماری جا رہی ہیں۔‘