افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام، 12 عسکریت پسند اور افغان طالبان مارے گئے: پاکستان

پاکستان فوج کے مطابق تازہ جھڑپ کرم میں ہوئی، جہاں ٹی ٹی پی کے عسکریت پسند افغانستان سے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔

پاکستانی فوج کا ایک سپاہی 27 جنوری، 2019 کو شمالی وزیرستان کے قصبے غلام خان میں ایک سرحدی ٹرمینل کے قریب پہرہ دے رہا ہے (اے ایف پی)

پاکستان کی فوج نے اتوار کو بتایا کہ اس نے افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سرحد پار فائرنگ کے تبادلے میں 12 عسکریت پسندوں اور افغان طالبان فورسز کے اہلکاروں کو مار دیا۔

حالیہ مہینوں میں پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کشیدہ ہوئے ہیں۔ اسلام آباد کا الزام ہے کہ کابل پاکستان میں حملوں میں اضافے کے ذمہ دار عسکریت پسندوں کو پناہ دے رہا ہے، جس کے جواب میں اسلام آباد نے افغانستان کے اندر فضائی حملے کیے ہیں۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تازہ جھڑپ خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں ہوئی، جہاں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے عسکریت پسند افغانستان سے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

آئی ایس پی آر کے مطابق اس کوشش میں ’افغان طالبان کی چوکیوں‘ نے پاکستانی فورسز پر فائرنگ کرکے عسکریت پسندوں کی مدد کی۔

کابل نے فوری طور پر اس بیان پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا ’مستعد فوجی اہلکاروں کی مہارت اور درست نشانہ بازی کے نتیجے میں 12 خوارج اور افغان طالبان مار گئے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان میں مزید کہا گیا کہ فائرنگ کے تبادلے میں پاکستان کا ایک فوجی بھی جان سے گیا۔

پاکستان کے دو صوبوں خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں، جن کی سرحد افغانستان سے ملتی ہے، حالیہ عرصے میں عسکریت پسندی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

گذشتہ ماہ پاکستان نے افغانستان میں متعدد فضائی حملے کیے، جنہیں اس نے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر حملے قرار دیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے کہا ’پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر پیش آنے والا یہ واقعہ ایک بار پھر پاکستان کے اس مؤقف کی تائید کرتا ہے کہ افغان طالبان حکومت دہشت گرد تنظیموں کو افغان سرزمین استعمال کرنے سے روکنے میں دانستہ طور پر بری طرح ناکام رہی ہے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ’افغان طالبان حکومت مسلسل اپنی بین الاقوامی انسدادِ دہشت گردی کی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہی ہے۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان