کلگام کے محاصرے کی ذلت

بیشتر اپوزیشن جماعتوں نے نیشنل کانفرنس کی مقامی حکومت پر اعتراض کیا کہ وہ کلگام کے شہریوں کی یہ ذلت کیسے برداشت کر رہی ہے اور خاموشی سے یہ سب دیکھ کر اس نے اپنی آنکھیں کیوں موند لی ہیں۔

ایک انڈین فوجی 30 ستمبر، 2016 کو جموں کے جنوب مغرب میں واقع عبدلیاں کے مقام پر پاکستانی سرحد کے قریب بنکر سے پہرہ دے رہا ہے (روئٹرز)

سنہ 90 کا زمانہ تھا، (انڈیا کا زیر انتظام) کشمیر نہ صرف آزادی کے نعروں سے گونج رہا تھا بلکہ گولیوں کی گھن گرج نے بھی خوف کا عالم برپا کر رکھا تھا۔ مسلح نوجوانوں اور سکیورٹی فورسز کے بیچ معرکہ آرائی کے نتیجے میں بستیوں کو خالی کروانا، کھلے میدان میں جمع کر کے گھروں سے لے کر جسموں تک کی تلاشیاں لینا اور بندوق برداروں کے خفیہ مقامات کی معلومات حاصل کرنا روز کا معمول تھا۔

کشمیری ڈکشنری میں کریک ڈاؤن، عسکریت پسند یا کراس فائرنگ جیسے بے شمار انگریزی الفاظ شامل ہو رہے تھے۔ شاید ہی کوئی علاقہ کریک ڈاؤن کی سختیوں سے بچا ہوگا، جب مرد و زن کو ہانک کر کڑی دھوپ یا شدید سردی میں گھنٹوں کھلے آسمان تلے رکھا جاتا، شناختی پریڈ کے سامنے اخوانی یا سرکاری جاسوس کو پولیس گاڑی میں بٹھایا جاتا، جو پھر ہر ایک کے چہرے کو دیکھ کر بعض کو بندوق بردار یا ان کا حلیف قرار دے کر گرفتار کرواتا۔ عورتیں ہاتھ ملتی انتظار کرتی رہتیں کہ کیا بیٹا یا باپ یا شوہر واپس آئے گا یا نہیں۔ بعض مرتبہ ان کی لاش ہی گھر پہنچتی۔

گوکہ اس وقت مسلح افراد کی خاصی تعداد تھی لیکن اتنے برسوں کے بعد جب ایک ہفتے قبل کلگام ضلع میں اسی طرح کئی بستیوں کو محاصرے میں لیا گیا تو ایک طرف جہاں سنہ 90 کے زخم جہاں تازہ ہوگئے، وہیں خوف کی ایک نئی لہر نے سب کو گھیر لیا۔

علاقے سے خبریں آئیں کہ ایک یا دو بندوق برداروں کی موجودگی پر پوری آبادی کو پھر ذلت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ محاصرے کے ساتھ ساتھ گھروں یا راہ چلتے لوگوں کی تلاشیاں کی جا رہی ہیں۔ شہریوں نے سوال کیا کہ  اگر سکیورٹی فورسز کے پاس وہ تمام ڈیجیٹل ذرائع موجود ہیں، جن سے وہ بندوق برداروں کی نقل و حمل پر نظر رکھتے ہیں تو گاؤں دیہات کا محاصرہ کیوں کیا گیا۔

 ظاہر ہے کہ جواب ملنے کی توقع نہیں کی جاسکتی۔

بیشتر اپوزیشن جماعتوں نے نیشنل کانفرنس کی مقامی حکومت پر اعتراض کیا کہ وہ کلگام کے شہریوں کی یہ ذلت کیسے برداشت کر رہی ہے اور خاموشی سے یہ سب دیکھ کر اس نے اپنی آنکھیں کیوں موند لی ہیں۔ نیشنل کانفرنس میں جواب دینے کی ہمت ہی نہیں، جو اقتدار میں آنے کے بعد بس ریاستی درجے کی بحالی کا رونا روتی رہتی ہے۔

عوامی حلقوں نے بی جے پی کی مرکزی سرکار سے بھی جواب مانگا کہ اگر وہ ’کشمیر میں نارملسی بحال ہوگئی‘ کہہ کر بیشتر ریاستوں میں انتخابات جیت رہی ہے تو یہ کون سی نارملسی ہے کہ اسے دو شدت پسندوں کو پکڑنے کے لیے سینکڑوں سکیورٹی جوانوں کی موجودگی میں کلگام کا اتنا سخت محاصرہ کرنا پڑا کہ بعض رپورٹوں کے مطابق بیماروں کو طبی مرکز تک جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی تھی۔ مقامی میڈیا پر بندشوں کی تلوار لٹک رہی ہے جبکہ قومی میڈیا سرکاری بیانات کو دہراتا رہتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

میں نے علاقے میں ایک صحافی سے فون پر بات کرنا چاہی تو اس نے فون نہیں اٹھایا بلکہ فون پر پیغام لکھ کر بھیجا کہ ’فون مت کریں، میں محاصرے میں ہوں باہر سکیورٹی ہے اور فون ٹیپ ہو رہے ہیں۔‘

میں نے اس کی بےچینی کا اندازہ لگایا کیونکہ میں سنہ 90 کی اس دہشت کو اب تک نہیں بھولی، جب تین دن کے محاصرے میں رہنے کے بعد چار نوجوانوں کی گرفتاری کے چند گھنٹے بعد ہی تین نوجوانوں کی مسخ شدہ لاشیں مسجد کے دروازے پر چھوڑ دی گئی تھیں حالانکہ تینوں بے گناہ تھے۔

کلگام میں سکیورٹی فورسز نے پہلے ایک انکاؤنٹر کے بعد دو بندوق برداروں کو مارنے کی اطلاع دی ہے، پھر ایک عسکریت پسند کو دوبار مارنے کی اطلاع آئی مگر بعض سیاست دانوں نے محاصرے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ باقی ریاستوں میں بھی بندوق برداروں کے حملے ہوئے ہیں مگر وہاں بستیوں کو اس قدر سخت محاصرے میں نہیں رکھا جاتا یا پھر سرکاری مشینری کے اندر کوئی اَن بن ہے کہ جس کو چھپانے کے لیے عام لوگوں کو ذلت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ایک ہفتے سے زائد دنوں سے جاری کلگام محاصرے میں دو بندوق برداروں کو مار دیا گیا۔ پولیس کے مطابق پاکستانی تنظیم لشکر طیبہ کے ’آخری مقامی عسکریت پسند‘ لطیف بٹ کی موت سے بندوق برداروں کا قلع قمع کردیا گیا ہے۔ لطیف نے ایک برس قبل تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی اور ہتھیار ڈالنے سے انکار کر دیا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر چلائی گئی۔

پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے لطیف بٹ کی موت پر اپنے جوانوں کو مبارک باد دی اور کہا کہ ’اب تمام دہشت گردوں کو مار دیا گیا ہے۔‘ یعنی کشمیر کی سرزمین کو بندوق برداروں یا آزادی پسندوں سے پاک کر دیا گیا ہے۔

عوام اور سیاسی جماعتیں مطالبہ کر رہی ہیں کہ اب ہمارے بزرگوں یا نوجوانوں کو سر راہ روک کر تلاشی نہیں ہونی چاہیے، فوجی قافلوں کے گزرنے کے دوران نیشنل ہائی وے کو مقامی لوگوں کے لیے ممنوع راستہ نہیں بنانا چاہیے اور بستیوں میں سے سکیورٹی بنکر ہٹا دینے چاہییں۔ اتنا تو کم از کم نارملسی تقاضا کرتی ہے کہ عوام پر بندوق کا خوف مسلط نہ کیا جائے۔ ایک بندوق کے ختم ہونے کے بعد دوسری بندوق کی دہشت کو بھی ختم کر دینا لازمی ہے۔

بقول ایک سینیئر سیاست دان جو اپنا نام ظاہر نہیں کرنا چاہتے، ’نارملسی بندوق کے بل نہیں آتی۔ نارملسی لانے کے لیے عوام کا اعتماد حاصل کرنا لازمی ہے، وہ چند فلمی فیسٹیول کرکے حاصل نہیں ہوتا بلکہ عوام کے خلاف بدلہ لینے کی پالیسی کو ختم کرکے ان کے تمام وہ آئینی حقوق واپس کرنے سے ہو سکتا ہے کہ جس پر رات کے اندھیرے میں ڈاکہ ڈال کر آئین ہند کی دھجیاں اُڑا دی گئی تھیں۔‘

مصنفہ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کی لندن میں مقیم سینیئر صحافی ہیں۔ یہ تحریر ان کی ذاتی رائے پر مبنی ہے، جس سے انڈپینڈنٹ اردو کا متفق ہونا ضروری نہیں۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی نقطۂ نظر