پاکستان میں جعلی ادویات کی فروخت روکنے اور صارفین کو اصل اور نقلی ادویات میں فرق کرنے میں مدد دینے کے لیے جمعرات کو ’محفوظ دوا‘ کے نام سے موبائل ایپ متعارف کروا دی گئی ہے۔
اسلام آباد میں ایپ کی افتتاحی تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے خود ایک دوا کے پیکٹ پر موجود بار کوڈ سکین کر کے اس کا استعمال بھی کیا۔
اردو میں ’محفوظ دوا‘ کے نام سے متعارف کروائی گئی اس ایپ کے ذریعے صارفین ادویات کے پیکٹ پر موجود بار کوڈ (کیو آر کوڈ) سکین کر کے دوا کی اصلیت، سرکاری قیمت اور دستیابی سے متعلق معلومات حاصل کرسکیں گے۔
وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے گذشتہ ماہ پارلیمان کو بتایا تھا کہ صارفین فارمیسی کاؤنٹر پر دوا کی میعاد ختم ہونے کی تاریخ بھی چیک کر سکیں گے۔
پاکستان میں ادویات کے نگران ادارے پہلے بھی ایسی مصنوعات کے حوالے سے انتباہ جاری کرچکے ہیں جن کی پیکنگ پر کسی مستند دوا ساز کمپنی کا نام غلط طور پر درج کیا گیا تھا۔
یہ مسئلہ صرف پاکستان تک محدود نہیں۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق کم اور متوسط آمدنی والے ممالک میں کم از کم ہر 10 میں سے ایک دوا غیر معیاری یا جعلی ہوتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب میں ایپ کو ایک اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے صارفین تین بنیادی معلومات حاصل کرسکیں گے: ’دوا اصلی ہے یا جعلی، اس کی سرکاری قیمت کیا ہے اور آیا وہ دستیاب ہے یا نہیں۔‘
شہباز شریف نے لاہور میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں 2011 اور 2012 کے دوران پیش آنے والے واقعے کا بھی حوالہ دیا، جب آلودہ دل کی ادویات کے استعمال سے 120 سے زائد مریضوں کی موت ہو گئی تھی۔ اس وقت وہ پنجاب کے وزیراعلیٰ تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایپ کے بارے میں عوام میں آگاہی پیدا کی جائے اور ادویات کو مزید سستا اور قابل رسائی بنانے کے لیے دوا ساز کمپنیوں اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔
تاہم تقریب میں ادویات کی قیمتوں میں کمی یا سبسڈی دینے کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔
یہ ایپ ادویات کی سپلائی چین کی نگرانی کے لیے قائم قومی نظام سے منسلک ہے، جس کے ذریعے ادویات کی تیاری سے لے کر مارکیٹ تک رسائی کا ریکارڈ رکھا جاتا ہے۔
وزارت صحت کے ایک ترجمان نے رواں ماہ ڈان کو بتایا تھا کہ یہ نظام 9 اکتوبر سے فعال ہے اور اس کا مقصد ادویات کے معیار سے متعلق مسائل سامنے آنے پر ان کی سپلائی کا سراغ لگانا اور انہیں مارکیٹ سے واپس منگوانا ہے۔
ترجمان کے مطابق ادویات کے نگران ادارے کے پاس تقریباً 800 دوا ساز کمپنیاں اور 90 ہزار سے زائد ادویات رجسٹرڈ ہیں۔
تاہم ایپ کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ دوا ساز کمپنیاں اپنی مصنوعات پر اسکین کیے جانے والے بار کوڈز کس حد تک فراہم کرتی ہیں اور صارفین کو اسمارٹ فون کی سہولت کتنی دستیاب ہے۔
ماہرین کے مطابق بار کوڈ سکین کرنے سے دوا کے متعلق درج معلومات کی تصدیق تو ہوسکتی ہے، تاہم دوا میں ملاوٹ، آلودگی یا غلط مقدار میں اجزا کی موجودگی جانچنے کے لیے لیبارٹری ٹیسٹ ضروری ہیں۔ اسی طرح مشتبہ ادویات کو مارکیٹ سے ہٹانے کے لیے مؤثر نگرانی اور بروقت کارروائی بھی درکار ہوگی۔