سرگودھا کانفرنس میں رکاوٹیں: مولانا فضل الرحمن نے ہائی ویز بند کرنے کی کال دے دی

مولانا فضل الرحمن نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ’کارکن ملک بھر میں گھروں سے نکلیں اور ہائی ویز کو بند کر کے احتجاج ریکارڈ کروائیں۔‘

جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے جاری تصویر جس میں 24 نومبر 2026 کو پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمٰن لاہور میں ویڈیو لنک کے ذریعے وکلا سے خطاب کر رہے ہیں (جے یو آئی واٹس ایپ)

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے جمعرات کو انتظامیہ کی جانب سے سرگودھا کانفرنس روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کرنے پر کارکنوں کو ملک بھر میں ہائی ویز بند کرنے کی کال دے دی ہے۔

سرگودھا کی ضلعی انتظامیہ نے مولانا فضل الرحمن اور جے یو آئی سے وابستہ آٹھ دیگر مذہبی شخصیات کے ضلع میں داخلے، رہائش اور قیام پر 30 دن کی پابندی عائد کر دی ہے جبکہ 19 دیگر مقامی مذہبی علما کو بھی اتنے ہی عرصے تک تقاریر سے روک دیا گیا ہے۔

سرگودھا میں جے یو آئی کی جانب سے تحفظ آئین پاکستان کانفرنس کے اعلان کے پیش نظر انتظامیہ نے فاطمہ جناح روڈ کی بیشتر دکانیں بند کروا کے پولیس کی نفری تعینات کر رکھی ہے۔ جبکہ موٹر وے انٹرچینج سیال موڑ، کوٹ مومن، سالم اور بھیرہ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ 

ترجمان ڈپٹی کمشنر سرگودھا سجاد حسین بھٹی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’سرگودھا میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔‘

دوسری جانب ترجمان سرگودھا پولیس محمد عابد نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’آج 26 نومبر کو شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔

’امن و امان کو بحال رکھنے کے لیے دفعہ 144 پر عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ تاہم کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا البتہ سکیورٹی ضرور فراہم کی جارہی ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ترجمان جمعیت علما پنجاب غضنفر عزیز نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ’پولیس دو دن سے پنجاب میں ہمارے کارکنوں کو گرفتار کر رہی ہے۔ ہمارے قافلوں کو روکنے کے لیے بسیں بھی روک دی گئی ہیں۔ لیکن ہم چھپ کر سرگودھا ضرور پہنچیں گے۔ اگرچہ سرگودھا کے راستے بند ہیں لیکن ہارے کارکن کانفرنس میں ضرور پہنچنے کی کوشش کریں گے۔‘

اس ساری صورت حال پر جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ’خوشاب میں ہمارے پارٹی رہنما غفور حیدری اور دیگر کو پولیس نے نظر بند کر دیا ہے۔ سرگودھا جانے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیے ہیں۔

’ہمارے پرامن جلسے کو روکنے کے اقدامات کیے گئے ہیں، لیکن ہم اس جبر کے سامنے اپنے جمہوری حق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ لہذا کارکنوں کو ہدایت دیتا ہوں کہ ملک بھر میں گھروں سے نکلیں اور ہائی ویز کو بند کر کے احتجاج ریکارڈ کروائیں۔‘

اس سے قبل منگل کو بھی جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے وکلا سے خطاب سے قبل لاہور میں ان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر کے انہیں ’نظر بند‘ کر دیا گیا تھا جس کے بعد انہیں ویڈیو کال کے ذریعے کارکنان سے خطاب کرنا پڑا تھا۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست