سکیورٹی اداروں کے خلاف بیان بازی، مولانا ہدایت الرحمان کے خلاف مقدمہ درج

مولانا ہدایت الرحمان نے گوادر، پشکان روڈ پر قائم ایک چیک پوسٹ پر کیمرہ لگانے کے عمل کے خلاف سوشل میڈیا پر سکیورٹی فورسز اور ایک افسر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

مولانا ہدایت الرحمان جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر اور رکن صوبائی اسمبلی ہیں (مولانا ہدایت الرحمان/ایکس)

جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر اور رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان کے خلاف سکیورٹی اداروں کے خلاف بیان بازی کے الزام میں گوادر سٹی پولیس سٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ایس ایچ او گوادر بشیر احمد نے پیر کو انڈپینڈنٹ اردو کو ایف آئی آر درج ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مقدمہ فدا رند نامی شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

مولانا ہدایت الرحمان نے گوادر، پشکان روڈ پر قائم ایک چیک پوسٹ پر کیمرہ لگانے اور اس کے ذریعے خواتین کی شناخت کرنے کے عمل کے خلاف سوشل میڈیا پر سکیورٹی فورسز اور ایک افسر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

جماعت اسلامی بلوچستان نے ایف آئی آر کی مذمت کرتے ہوئے ناانصافیوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

مولانا ہدایت الرحمان کے بیان کے خلاف گوادر کے شہری فدا رند نے سٹی پولیس سٹیشن میں ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست دی۔ فدا رند نے اپنے مؤقف میں کہا کہ وہ ڈھور گھٹی کے رہائشی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے پیر کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو دیکھی جس میں رکن اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان نے گوادر، پشکان روڈ پر گاڑی روک کر کارِ سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کو لعن طعن کی اور اداروں کے خلاف غلیظ زبان استعمال کرتے ہوئے عوام کے دلوں میں نفرت، اشتعال اور عدم تعاون کی فضا قائم کرنے کے لیے من گھڑت الزامات لگائے۔

درخواست میں کہا گیا کہ ایک رکن اسمبلی کی جانب سے سیاسی دکان چمکانے کے لیے ایسا اقدام نہ صرف عوام کو مشتعل کرے گا بلکہ موجودہ صورت حال میں قیام امن کو بھی شدید نقصان پہنچے گا۔

انہوں نے درخواست کی کہ ایسا کرنے پر مولانا ہدایت الرحمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فدا رند کی درخواست پر گوادر پولیس کے ایس ایچ او بشیر احمد نے دفعات 353، 186، 503، 504، 505، 506 اور 505(1) کے تحت مقدمہ درج کر کے اے ایس آئی شاہ حق میر کو تفتیشی افسر مقرر کیا۔

امیر جماعت اسلامی بلوچستان کے ترجمان عبد الولی شاکر نے انڈپینڈنٹ اردو کو ردعمل دیتے ہوئے ایف آئی آر کی مذمت کی اور بتایا کہ ’مولانا ہدایت الرحمان پر ایک نہیں بلکہ ہزار مقدمات بھی درج کیے جائیں تو وہ عوامی حقوق کی بات کرنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’مولانا ہدایت الرحمان پر مقدمات درج کر کے انہیں یا جماعت اسلامی کو خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا۔ وہ بلوچستان اور عوام کے حقوق کے لیے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ ان کے مطابق وہ ان مقدمات کو اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں اور اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔‘

جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا ہدایت الرحمان نے پیر کو سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں بتایا تھا کہ وہ گوادر کے نمائندے ہیں اور گوادر سے پشکان کے درمیان قائم چیک پوسٹ پر موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چیک پوسٹ پر انہیں کہا گیا کہ ’سکیورٹی فورس کے ایک اعلیٰ افسر نے ہدایات جاری کی ہیں کہ چیک پوسٹ سے گزرنے والے تمام مرد و خواتین کو کیمرے کے سامنے اپنی تصویر کھنچوانی ہوگی۔‘

انہوں نے اس عمل پر شدید تنقید کرتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ اگر یہ عمل نہ روکا گیا تو وہ چیک پوسٹ پر دھرنا دیں گے۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان