جماعت اسلامی کی کال پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جمعے کو پشاور، اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ اور کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج اور شاہراہیں بند کی گئیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف نو اگست بروز اتوار چاروں صوبوں کے وزیر اعلی اور گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنے کا اعلان کیا۔
احتجاج کے باعث کئی مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتیں عوام کے لیے ناقابل برداشت ہو چکی ہیں اور اگر حکومت نے عوام کو ریلیف نہ دیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا، جس میں ملک بھر میں دھرنے بھی شامل ہوں گے۔
پشاور سے انڈپینڈنٹ اردو کے نمائدے اظہار اللہ کے مطابق جماعت اسلامی کے کارکنان نے پشاور اسلام آباد موٹروے کو پشاور ٹول پلازے کے قریب بند کرکے وہاں دھرنا دیا۔
اسی طرح ملاکنڈ ڈویژن کے کارکنان نے سوات ایکسپریس وے کو چکدرہ ٹول پلازے کے قریب بند کیا تھا اور صرف ایمبولینس گاڑیوں کو جانے کی اجازت تھی۔
خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع لکی مروت، کرک، بنوں اور دیگر اضلاع میں جماعت اسلامی کے کارکنان نے مرکزی شاہراہ انڈس ہائی وے کو مختلف مقامات پر بند کیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
پشاور: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے، پیٹرولیم لیوی اور مہنگے ٹیکسز کے خلاف جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی کے قافلے پشاور موٹروے ٹول پلازہ کی جانب رواں دواں ہیں، جہاں جماعت اسلامی کی ملک گیر احتجاجی مہم کے سلسلے میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
Hafiz Naeem
Jamaat e… pic.twitter.com/yNMXR6iJAX
— Jamaat e Islami Pakistan (@JIPOfficial) August 7, 2026
جماعت اسلامی خیبر پختونخوا(وسطی) کے رہنما عبدالواسع نے پشاورموٹروے ٹول پلازے پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں پیٹرولیم لیوی کے نام پر غریب عوام کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پیٹرولیم لیوی اور اس میں اضافہ کو ہم نہیں مانتے اور حکومت آئی ایم ایف کی غلامی چھوڑ کر عام غریب عوام کی فکر کریں۔
عبدالواسع نے بتایا: 'ملک میں غریب بائکیا والا، ٹیکسی والوں اور رکشے والوں سے پیٹرولیم لیوی کے نام سے اربوں وصول کرتے ہیں اور یہ وہ طبقہ ہے جو ٹیکس نیٹ میں بھی نہیں آتا لیکن ان سے ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔‘
کراچی میں جماعت اسلامی کے احتجاج کے موقع پر شہر بھر میں پولیس ہائی الرٹ پر رہی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انڈپینڈنٹ اردو کے نمائندے ممتاز جمالی کے مطابق کراچی کے مختلف مقامات پر جماعت اسلامی کے کارکنان احتجاج میں شرکت کے لیے جمع ہوئے۔
دوسری جانب کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے کراچی پولیس نے شہر بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے تھے۔ اہم شاہراہوں، چوراہوں اور حساس مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔
پولیس حکام کے مطابق امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے، ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔
شہر بھر میں پولیس کی اضافی نفری گشت بھی کر رہی ہے اور صورت حال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ لاہور اور کوئٹہ میں بھی جماعت اسلامی کے کارکنوں نے احتجاج کیا اور سٹرکیں بلاک کیں۔