زرداری کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم

پمز اسپتال کے ڈائریکٹر کی سربراہی میں بورڈ تشکیل دیا جائے، جو سابق صدر کا تفصیلی معائنہ کر کے رپورٹ عدالت میں پیش کرے گا: اسلام آباد ہائی کورٹ

سابق صدر آصف علی زرداری نے منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، جس میں انہوں نے علاج کی غرض سے رہائی کی استدعا کی۔ (فائل تصویر: اے ایف پی)

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کے تفصیلی طبی معائنے کی غرض سے خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل کرنے کا حکم دے دیا۔

بدھ کی صبح اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے طبی بنیادوں پر دائر سابق صدر آصف زرداری کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

سماعت کی ابتدا میں جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست گزار کے وکیل فاروق ایچ نائیک سے دریافت کیا کہ سابق صدر کے معائنے کے لیے کوئی میڈیکل بورڈ بنایا گیا ہے؟

جس پر فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پنجاب حکومت کا تشکیل کردہ میڈیکل بورڈ موجود ہے۔

جس پر چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ پمز اسپتال کے ڈائریکٹر کی سربراہی میں بورڈ تشکیل دیا جائے، جو سابق صدر کا تفصیلی معائنہ کر کے رپورٹ عدالت میں پیش کرے گا۔

عدالت نے حکم دیا کہ میڈیکل بورڈ میں سابق صدر کے ذاتی معالج کو بھی شامل کیا جائے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ ’میڈیکل بورڈ کی رپورٹ دیکھنے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔‘

جس کے بعد عدالت نے مقدمے کی سماعت 11 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، جس میں انہوں نے علاج کی غرض سے رہائی کی استدعا کی۔

سابق صدر کو اس سال کے وسط میں جعلی بینک اکاونٹس کے ذریعے بیرون ملک بڑی رقوم بھجوانے سے متعلق مقدمات میں گرفتار کیا گیا تھا۔

خراب صحت کے باعث انہیں اکتوبر میں اسلام آباد کے پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے مطابق اس سے قبل آصف زرداری ضمانت پر رہائی حاصل کرنے کی مخالفت کرتے رہے تھے اور اسی لیے وہ عدالت میں درخواست ضمانت دینے کے حق میں نہیں تھے، تاہم اپنی بیٹیوں بختاور بھٹو، آصفہ بھٹو اور بیٹے بلاول کے اصرار پر وہ ضمانت کی درخواست داخل کرنے پر رضامند ہوئے تھے۔

دوسری طرف عدالت نے آصف زداری کی بہن فریال تالپور کی درخواست ضمانت پر قومی احتساب بیورو  (نیب)کو نوٹس جاری کر دیے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان