پاکستان انگلینڈ کے درمیان ویمن ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز منگل سے

انگلینڈ مضبوط حریف ہے تاہم بنگلہ دیش کےخلاف کامیابی کے باعث ٹیم نمایاں کارکردگی دکھانے کے لیے پراعتماد ہے: بسمہ معروف۔

پاکستان اور انگلینڈ کی ویمنز ٹیمیں ماضی میں 10 مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آچکی ہیں، جس میں سے نو میچوں میں کامیابی کا سہرا انگلینڈ کے سر سجا(پی سی بی)

آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ میں شامل تین میچوں پر مشتمل ایک روزہ سیریز کے بعد پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز منگل سے ہوگا۔

سیریز میں شامل تینوں میچ کنرارا اوول، ملائیشیا میں کھیلے جائیں گے۔ ایک روزہ سیریز میں کامیابی کے باعث ٹی ٹوئنٹی سیریز میں انگلینڈ کو میزبان ٹیم پر نفسیاتی برتری حاصل ہوگی۔

آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں ناکامی کے باوجود انگلینڈ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔

مہمان ٹیم رواں سال 10میں سے آٹھ ٹی ٹوئنٹی میچز میں فتح سمیٹ چکی ہے۔ اس دوران انگلینڈ نے بھارت، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کو شکست دی۔

انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز میں شرکت کرنے والی پاکستان ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بسمہ معروف کی زیر قیادت ٹیم آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ویمنز رینکنگ میں ساتویں نمبر پر ہے۔

پاکستان نے روا ں سال 11 میں سے چھ ٹی ٹونٹی میچ جیتے۔ اس سفر میں پاکستان کو ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ  کے خلاف سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان اور انگلینڈ کی ویمنز ٹیمیں اس سے قبل 10 مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آچکی ہیں، جس میں سے نو میچوں میں کامیابی کا سہرا انگلینڈ کے سر سجا۔

پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف واحد کامیابی 2013 میں لف برو میں حاصل کی تھی۔

پاکستان کی کپتان بسمہ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز آسان نہیں ہوگی۔ ’انگلینڈ مضبوط حریف ہے تاہم بنگلہ دیش کےخلاف کامیابی کے باعث سکواڈ میں موجود تمام کرکٹرز نمایاں کارکردگی دکھانے کے لیے پراعتماد ہیں۔‘

انہوں نےکہا کہ کھلاڑی اور ٹیم منیجمنٹ اس سیریز کو آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2020 کی تیاریوں کا اہم حصہ سمجھتےہیں۔

انگلش کپتان ہیتھر نائٹ کا کہنا ہےکہ انگلینڈ نےپاکستان کے خلاف آخری بار 2016 میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی مگر تین سال بعد پاکستان ایک مختلف ٹیم بن چکی ہے۔

’پاکستان کے  کھیل میں نکھار ویمنز کرکٹ کے فروغ کے  لیے  ضروری ہے تاہم وہ اس سیریز کو آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2020 کی تیاریوں کے لیے مفید سمجھتی ہیں۔‘

پاکستان سکواڈ

بسمہ معروف (کپتان)، عالیہ ریاض، انعم امین، عروب شاہ،عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا،ارم جاوید، جویریہ خان، ناہیدہ خان، ندا ڈار، ، عمیمہ سہیل، رامین شمیم،سعدیہ اقبال اور سدرہ نواز۔

شیڈول

17دسمبر: پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ

19 دسمبر: دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ

20 دسمبر: تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ