پی ایس ایل ملتوی: ’کسی کے لیے بری خبر تو کسی کا کلیجہ ٹھنڈا‘

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرونا وائرس کی وجہ سے میگا ایونٹ کے سیمی فائنلز اور فائنل ملتوی کردیے، جس پر مداحوں کی جانب سے ملے جلے تبصرے سامنے آرہے ہیں۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق  میچز ملتوی کرنے کا  فیصلہ چند روز قبل پاکستان چھوڑ کر جانے  والے ایک کھلاڑی میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد کیا گیا (تصویر: ٹوئٹر)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فوری طور پر  پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کو ملتوی کردیا ہے اور ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز اور فائنل کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ چند روز قبل پاکستان چھوڑ کر جانے  والے ایک کھلاڑی میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد کیا گیا ہے۔ مذکورہ کھلاڑی کی اسکریننگ جلد مکمل کرلی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق پی سی بی نے ایک ذمہ دار ادارے کی حیثیت سے  چاروں سیمی فائنلسٹ ٹیموں کے اسکواڈز میں شامل تمام کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف، میچ آفیشلز، فرنچائز مالکان اور پروڈکشن عملے کے ٹیسٹ کے لیے تمام انتظامات کر رکھے ہیں اور پی سی بی نے ان تمام افراد کو ٹیسٹ کی رپورٹ موصول ہونے تک سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

دوسری جانب پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے واضح کیا کہ پی سی بی میچ والے دنوں میں اور ان دنوں میں جب میچ نہیں ہو رہے تھے، احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے تھرمل گن سے کھلاڑیوں، آفیشلز اور میڈیا نمائندگان کا بخار باقاعدگی سے چیک کرتا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے  ہوئے اس وبا سے آگاہی اور نمٹنے میں حکومتی مہم کا حصہ بن کر اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ ہم پرامید ہیں کہ روزمرہ کی زندگی میں جلد ہر چیز معمول پر آجائے گی اور ہم مداحوں کے لیے کرکٹ واپس لائیں گے۔

کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے پی ایس ایل میچز کو ملتوی کیے جانے کے فیصلے کو جہاں کچھ مداحوں نے سراہا ہے، وہیں کچھ اس سے مایوس بھی نظر آئے، جبکہ کچھ لوگوں نے حسب معمول میمز کا سہارا لے کر اس صورت حال کو بیان کیا ہے۔

حکمران جماعت پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے بقیہ میچز ملتوی کرنے کے پی سی بی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے ایک کامیاب ایونٹ منعقد کروانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔

صحافی وجاہت کاظمی نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ پی سی بی انتظامیہ، آفیشلز اور براڈ کاسٹرز کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور مبصر رمیز راجہ کے مطابق کراچی کنگز کے انگلش کرکٹر ایلکس ہیلز میں کرونا وائرس کی علامات تھیں، جس کے بعد وہ واپس چلے گئے ہیں اور انہوں نے خود کو آئیسولیشن میں رکھا ہے۔

محسن نامی ایک صارف نے کچھ عرصہ قبل اپنی ایک ویڈیو کے ذریعے مشہور ہونے والے بچے احمد کی تصویر شیئر کی، جس پر لکھا ہے کہ پی ایس ایل کے میچز ملتوی ہونے پر ہر پاکستانی کہہ رہا ہے: ’ایسے تو نہیں ہوتا۔‘

ایک صارف نے میچز ملتوی ہونے پر پاکستانی عوام کا ردعمل کچھ یوں دکھایا۔

الوینہ ملک نامی صارف نے گذشتہ ورلڈ کپ میں وائرل ہونے والے پاکستانی کرکٹ مداح صارم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’لاہور قلندرز پہلی مرتبہ سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوئی اور پی سی بی نے میچز ملتوی کردیے، جس پر قلندرز کا ردعمل کچھ ایسا ہے۔‘

زاہد صدیقی نے بھی پی ایس ایل میچز کے ملتوی ہونے پر لاہور قلندز کی صورت حال پر کچھ ایسے روشنی ڈالی۔

کچھ صارفین نے پی ایس ایل میچز کے ملتوی کیے جانے کو بری خبر قرار دیا۔

دوسری طرف کچھ صارفین نے پی ایس ایل سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجانے والی ٹیموں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مداحوں کے دل کی حالت کچھ یوں بیان کی، جو کہتے نظر آئے: ’کلیجہ ٹھنڈا ہوگیا۔‘

محمد آصف شہزاد نامی ایک صارف نے لکھا: ’میرے میدانوں کو نظر لگ گئی۔‘

ایک صارف نے پی ایس ایل میچز ملتوی ہونے کے بعد تفریح کے لیے پاکستانیوں کو ایک نئے گیم کا مشورہ دے ڈالا۔ آپ بھی دیکھیے:

 

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل