ہانیہ اورعاصم کی پریم کہانی؟ ’ہم حسد محسوس کر رہے ہیں‘

اداکارہ ہانیہ عامر اور گلوکار عاصم اظہر کی بڑھتی ہوئی قربتوں پر جہاں بہت سے مداح خوش ہیں، وہیں بہت سوں کے دل بھی ٹوٹے ہیں۔

ہانیہ عامر اور عاصم اظہر اکثر و بیشتر تقاریب اور ایونٹس میں ایک ساتھ دیکھے جاتے ہیں۔ تصویر: ہانیہ عامر انسٹاگرام اکاؤنٹ

پاکستانی شوبز انڈسٹری میں آج کل اداکارہ ہانیہ عامر اور گلوگار عاصم اظہر کے تعلق اور بڑھتی ہوئی قربتوں کے چرچے ہیں، دونوں اکثر و بیشتر تقاریب اور ایونٹس میں ایک ساتھ دیکھے جاتے ہیں، خصوصاً سوشل میڈیا پر دونوں کی ایک ساتھ تصاویر دیکھ کر تو لوگوں کے واقعی کان کھڑے ہوگئے کہ کہیں ’دال میں کچھ کالا‘ تو نہیں۔

اب ان افواہوں کی تصدیق کا اصل ذریعہ تو خود ہانیہ اور عاصم ہی تھے، لیکن ان دونوں نے بھی شاید مداحوں کو کنفیوژن میں مبتلا رکھنے کا تہیہ کیے رکھا، یہی وجہ ہے کہ ہانیہ نے رواں برس جنوری میں اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں عاصم اظہر کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی اور ساتھ میں لکھا، ’افواہوں پر ہمارا ردعمل۔‘

یہ ردعمل واقعی کچھ عجیب سا تھا، جسے دیکھ کر کسی کو کچھ اندازہ نہ ہوا اور لوگ قیاس آرائیوں کے صحرا میں اپنے گھوڑے ہی دوڑاتے رہے اور تو اور خود عاصم اظہر نے بھی اس تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا، ’کوئی نئی ہر بندے دا اپنا دل ہوندا اے‘ (کوئی نہیں، ہر بندے کا اپنا دل ہوتا ہے)۔

اب اس سے تو کچھ واضح نہیں ہوا، لیکن انسٹاگرام پر دونوں کی ایک ساتھ تصاویر برابر دیکھنے کو ملتی رہیں۔

لیکن پھر عاصم اظہر نے کسی حد تک خاموشی توڑ ہی ڈالی اور بی بی سی ایشین نیٹ ورک کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ہانیہ سے متعلق اپنے جذبات کا اظہار کر ڈالا۔

ہانیہ سے اپنے تعلق کے حوالے سے سوال پر عاصم نے کہا، ’میرے دل کی دھڑکن بہت تیز ہوگئی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا، ’مجھے نہیں لگتا کہ میں اس سوال کا جواب دینے کی پوزیشن میں ہوں۔ مجھے لگتا ہے کہ وہ ایک ایسی انسان ہیں، جن کی وجہ سے میرے اندر بہت سی مثبت چیزیں سامنے آئی ہیں۔ ان کے ساتھ رہنے میں مجھے بہت مزہ آتا ہے، ہم ہمیشہ ہنس رہے ہوتے ہیں اور  بے ترتیبیاں پھیلا رہے ہوتے ہیں اور یہ بہت اچھا ہوتا ہے کہ آپ کے قریب کوئی ایسا فرد ہو جو خلوص کے ساتھ آپ کے ہر کام کی حمایت کرتا ہو۔‘

عاصم اظہر نے مزید کہا، ’اِس وقت میں جیسا ہوں، اس کی واحد وجہ یہ ہے کہ میں ہانیہ کی عزت کرتا ہوں۔‘

گلوکار نے مزید واضح کیا کہ ’اپنے تعلق کے حوالے سے کسی بھی منفی یا مثبت تبصرے کے لیے میں ہانیہ کی رضامندی چاہتا ہوں، کسی قسم کا سماجی دباؤ نہیں۔‘

ہانیہ کے ساتھ گزرے لمحات کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں عاصم اظہر نے جواب دیا، ’اگر کسی کام سے میرے دل کو سکون ملتا ہے، تو میں وہ ضرور کروں گا۔‘

اب اس سے کسی نہ کسی حد تک تو واضح ہو ہی گیا کہ عاصم اظہر، ہانیہ کے لیے اپنے دل میں خصوصی جذبات رکھتے ہیں، جس پر بہت سے لوگوں نے خوشی کا بھی اظہار کیا اور دونوں کی جوڑی کو شاندار قرار دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 لیکن اس ’خبر‘ سے بہت سوں کے دل بھی ٹوٹے اور وہ اپنا الگ ہی دکھ بیان کرتے دکھائی دیے۔

ذیل میں مداحوں کی جانب سے کیے گئے ایسے ہی کچھ تبصروں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

انسٹاگرام پر عاصم اور ہانیہ کی ایک تصویر دیکھ کر احمد وقاص نامی ایک صارف نے تبصرہ کیا، ’عاصم اظہر ہم حسد محسوس کر رہے ہیں۔‘

اسی طرح عاصم اظہر کی جانب سے پوسٹ کی گئی فیشن پاکستان ویک کی ایک تصویر کو دیکھ کر سعدیہ جاوید نامی ایک صارف نے لکھا، ’اسے دیکھ کر میرا دل ٹوٹ گیا، لیکن پھر میں نے دونوں کے لیے دعا کی اور اب میں ٹھیک ہوں۔‘

ہانیہ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر عاصم اظہر کے ساتھ پوسٹ کی گئی تصویر پر فرقان نامی ایک صارف نے پیشگوئی کی، ’بہت جلد ایک اور شادی۔‘

دونوں کی ایک اور تصویر پر ابتہاج اور آریان نامی دو صارفین اپنے ’دل کے ٹوٹنے پھوٹنے‘ کا رونا روتے نظر آئے۔

ایک اور تصویر پر جنید نامی ایک مداح نے تبصرہ کیا، ’سہہ لیں گے۔‘

اب مداح تو اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہی رہیں گے، لیکن دیکھنا یہ ہے کہ اس رشتے کے حوالے سے ہمیں باقاعدہ ’تصدیق شدہ‘ خبر کب سننے کو ملتی ہے۔ تب تک افواہوں اور قیاس آرائیوں پر گزارا کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فن