پی ایس ایل 2020 کے بقیہ میچوں کے شیڈول کا اعلان

ایونٹ کے بقیہ میچوں کی تاریخوں کو ملتان سلطانز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اورپشاور زلمی کی مشاورت سے حتمی شکل دی گئی ہے۔

پی ایس ایل کے بقیہ چار میچ کوویڈ 19 پروٹوکولز کے تحت کھیلے جائیں گے (اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بدھ کو ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے بقیہ میچوں کے شیڈول کا اعلان کردیا ۔ یہ میچ کوویڈ19 کے سبب 17 مارچ کو ملتوی کردیے گئے تھے۔

ایونٹ کے چاروں بقیہ میچ 14، 15اور 17نومبرکو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ 14 نومبر کو ایونٹ کا کوالیفائر اور ایلمنٹر ون، ڈبل ہیڈر کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے۔ اس کے اگلے روز ایلمنٹر ٹو جبکہ فائنل17 نومبر بروز منگل کو ہوگا۔ ایونٹ کے بقیہ میچوں کی تاریخوں کو چاروں ٹیموں ملتان سلطانز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اورپشاور زلمی کی مشاورت سے حتمی شکل دی گئی ہے جبکہ میچوں کے آغاز کا وقت بعد میں جاری کیا جائے گا۔

یہ میچ کوویڈ 19 پروٹوکولز کے تحت کھیلے جائیں گے، جہاں تمام کھلاڑی، میچ آفیشلز اور متعلقہ سٹاف بائیو سکیور ماحول میں رہے گا۔ فی الحال ان میچوں کا بند دروازوں میں کھیلے جانے کا منصوبہ ہے تاہم اس حوالے سے  حتمی فیصلہ اکتوبر میں ہو گا۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ اس اعلان کے بعد نہ صرف تمام قیاس آرائیاں دم توڑ جائیں گی بلکہ اب ان  میچوں کی تیاری کے لیے تمام ٹیموں کے پاس  مناسب وقت موجود ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ فی الحال سب سے اہم یہ تھا کہ ٹورنامنٹ میں شریک یہ ٹیمیں ان تاریخوں کو اپنی ڈائری میں درج کرلیں۔وسیم خان نے  کہا کہ پی سی بی شروع سے ہی ان چاروں میچوں کے انعقاد کے لیے پرعزم تھااور بورڈ کے خیال میں اس ایونٹ کا فاتح ضرور سامنے آنا چاہیے۔ 'ہم نے رواں سال کے آغاز میں ایونٹ کے لیےبھرپور جوش و خروش دیکھا اور ہم پرامید ہیں کہ ان بقیہ میچوں سے قبل بھی مداحوں کے لیے تشہیری مہم کا آغاز ہوگا۔' 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید کہا کہ  یہ پیش رفت اس بات کی بھی تائید ہےکہ پاکستان کوویڈ 19 کی وبا پر قابو پانے میں کامیاب ہوگیا ہے، دیگر کھیلوں کی طرح کرکٹ کے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کا آغاز بھی جلد ہورہا ہے جہاں مختلف ایج گروپس، مینز اور ویمنز کرکٹ کے  مقابلوں سمیت زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے ساتھ ہوم سیریز بھی کھیلی جائیں گی۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچوں میں شامل چار ٹیموں میں سے صرف پشاور زلمی ہی اس سے قبل ایونٹ کی فاتح رہ چکی ہے۔

پی ایس ایل 2020 ، ایشیاکپ 2008 کے بعد پاکستان میں منعقدہ  دوسرا بڑا ٹورنامنٹ ہے، جس کی کُل انعامی رقم 10 لاکھ امریکی ڈالرز مقرر ہے ۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو ٹرافی کے علاوہ پانچ لاکھ امریکی ڈالرز کی انعامی رقم دی جائے گی، رنرزاپ کے لیے دو لاکھ امریکی ڈالرز کی رقم مقرر ہے۔

شیڈول:

14نومبربروز ہفتہ: کوالیفائر(ملتان سلطانز بمقابلہ کراچی کنگز)، قذافی اسٹیڈیم لاہور؛ ایلمنٹر ون (لاہور قلندرز بمقابلہ پشاور زلمی) ، قذافی اسٹیڈیم لاہور

15 نومبر بروز اتوار:  ایلمنٹر ٹو (کوالیفائر ہارنے والی ٹیم بمقابلہ ایلمنٹر ون جیتنے والی ٹیم) ، قذافی اسٹیڈیم لاہور

17نومبر بروز منگل: فائنل، قذافی اسٹیڈیم لاہور - پریس ریلیز

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ