عمرہ کی بتدریج بحالی جلد ہوگی: سعودی عرب

سعودی وزیر حج وعمرہ کے مطابق سعودی عرب 2030 تک سالانہ تین کروڑ عمرہ زائرین کی میزبانی کرنا چاہتا ہے۔

وزیر حج نے بتایا کہ عمرہ پروگرام کے سلسلے میں 30 سے زیادہ سعودی اور بین الاقوامی کمپنیوں کو کام کا موقع دیا جائے گا۔ (اے ایف پی)

سعودی عرب کے وزیر حج وعمرہ محمد صالح بنتن نے کہا کہ ’ان کا ملک حفظان صحت کے ضوابط کی پابندی کے ساتھ عمرہ بتدریج بحال کرنے والا ہے۔‘

سعودی وزیر حج وعمرہ نے عمرہ فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’آئندہ مرحلے میں عمرہ کے سلسلے میں جدید ٹیکنالوجی پر انحصار کیا جائے گا تاکہ عمرہ کمپنیاں اور ادارے اندرون اور بیرون ملک عمرہ پیکیج جدید شکل میں متعارف کرا سکیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’وزارت ایک ایپ جاری کرے گی۔ عمرہ کے خواہش مند افراد اس کے ذریعے اپنی آسانی کو پیش نظر رکھتے ہوئے عمرہ ادا کرنے کی تاریخ اور وقت کا تعین کریں گے۔‘

عمرہ کمپنیاں اور ادارے اس حوالے سے اندرون ملک اور باہر سے عمرے کے لیے آنے والوں کو اپنی خدمات پیش کریں گے۔

وزیر حج نے بتایا کہ عمرہ پروگرام کے سلسلے میں 30 سے زیادہ سعودی اور بین الاقوامی کمپنیوں کو کام کا موقع دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’عمرہ کمپنیاں آن لائن اپنی خدمات پیش کریں گی اور عمرے پر آنے والوں سے رابطے میں رہیں گی۔ پہلی تبدیلی اندرون و بیرون ملک سے مسجد نبوی کے زائرین کے حوالے سے کی جائے گی۔‘

انہوں نے کہا کہ اطمینان دلایا کہ وزارت حج، عمرہ کمپنیوں اور کارکنان کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے۔ اس مرحلے میں ان کے ساتھ ہے اور ادارہ جاتی تبدیلی کے مرحلے میں بھی ان کے ساتھ ہو گی تاکہ عمرہ کمپنیاں اور ادارے طاقتور اقتصادی گروپ کے طور پر ابھریں اور اعلی معیاری خدمات فراہم کرسکیں۔ ان کا کہنا تھاکہ عمرہ کمپنیاں اندرون ملک سے عمرہ کرنے والے سعودیوں، مقیم غیر ملکیوں، جی سی سی ممالک اور دنیا بھر کے عمرہ زائرین کو خدمات فراہم کریں گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب 2030 تک سالانہ تین کروڑ عمرہ زائرین کی میزبانی کرنا چاہتا ہے۔ تاہم انہوں نے عمرے کی بحالی کی کوئی تاریخ نہیں دی۔

العربیہ نیوز کے مطابق بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عمرہ زائر کو عمرے کی درخواست دیتے ہوئے کرونا سے پاک ہونے کا سرٹیفیکٹ دینا ہوگا۔

سعودی وزارت خارجہ نے (کرونا) کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے تحت 26 فروری کو عمرے اور مسجد نبوی کی زیارت کے لیے سعودی عرب آمد پر تاحکم ثانی عارضی پابندی لگا دی تھی۔ یہ پابندی سعودی عرب کے صحت کے اداروں کے مقرر کردہ قواعد و ضوابط کے مطابق لگائی گئی تھی۔

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا