آسٹریلیا کے خلاف بھارت کی پوری ٹیم صرف 36 رنز پر ڈھیر

آسٹریلیا کہ ورلڈ کلاس بولنگ اٹیک کے سامنے بھارت کی پوری ٹیم صرف 36 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔

ہیزل وڈ نے صرف آٹھ رنز دے کر پانچ جبکہ کمنز نے 21 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا (اے ایف پی)

آسٹریلیا کہ ورلڈ کلاس بولنگ اٹیک کے سامنے بھارت کی پوری ٹیم صرف 36 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔

ایڈیلیڈ کے میدان پر کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بھارتی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 36 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ہے۔ اس طرح آسٹریلیا کو یہ میچ جیتنے کے لیے صرف 90 رنز کا ہدف ملا ہے۔

واضح رہے کہ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کا کم ترین سکور ہے۔

بھارت نے اس ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو اسے 62 رنز کی برتری حاصل اور اس کی نو وکٹیں باقی تھیں۔

مگر پیٹ کمنز اور جاش ہیزلوڈ کسی اور ہی موڈ میں تھے۔

ہیزل وڈ نے صرف آٹھ رنز دے کر پانچ جبکہ کمنز نے 21 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل بھارت کا ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے کم سکور 42 تھا جو اس نے انگلینڈ کے خلاف 1974 میں لارڈز کے میدان پر بنایا تھا۔

جبکہ آج اس کا 36 رنز پر آؤٹ ہونا دنیائے کرکٹ کا مشترکہ طور پر چوتھا سب سے کم سکور ہے، اس فہرست میں نیوزی لینڈ سب سے اوپر ہے جو 1955 میں انگلینڈ کے خلاف آکلینڈ کے میدان پر صرف 26 رنز بنا کر آؤٹ ہو گیا تھا۔

آسٹریلیا کے خلاف کوئی بھی بھارتی بلے باز کریز پر زیادہ دیر کھڑا نہیں رہ سکا اور سب سے زیادہ سکور ماینک اگروال نے نو رنز بنائے۔

ان کے علاوہ ویراٹ کوہلی نے چار جبکہ مڈل آرڈر میں ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے پجارا اور ریحانے صفر پر آؤٹ ہوئے۔

بھارتی ٹیم کے آؤٹ ہوتے ہی ٹوئٹر پر بھارت بمقابلہ آسٹریلیا نامی ٹرینڈ ٹاپ پر دکھائی دے رہا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ